Inquilab Logo

شہر ومضافات میں بجلی بل کے نام پر سائبر فراڈ کے واقعات میں اضافہ

Updated: June 25, 2022, 10:04 AM IST | Nadeem asran | Mumbai

بجلی بل نہ بھرنے کی پاداش میں بجلی کنکشن کاٹ دینے کی دھمکی دے کر بے وقوف بنایا جاتا ہے اور بینک اکائونٹ سے رقم نکال لی جاتی ہے۔ ۲؍ ماہ کے دوران کم از کم ۳؍ درجن وارادتیں ہو چکی ہیں

Most of the cyber fraudsters are from UP, Bihar and Jharkhand (file photo)
سائبر فراڈکرنے والوں میں سے بیشتر کا تعلق یوپی، بہار اور جھارکھنڈ سے ہے ( فائل فوٹو)

بینک کے وائی سی اپ ڈیٹ کرنے ،اکاؤنٹ بند کرنے کی دھمکی دینے ، کریڈیٹ کارڈ اپ ڈیٹ کرنے یا پھر نیٹ فلیکس کا اکاؤنٹ ختم ہونے کا جھانسہ دے کر سائبر کے ذریعہ اب تک لوگوں کو لاکھوں روپے کا چونا لگایا جاتا رہا ہے۔وہیںفراڈ کا نیا طریقہ اپناتے ہوئے اب بدمعاش بجلی کا بل بھرنے کے نام پر لوگوں کے اکاؤنٹ سے لاکھوں روپے نکال رہے ہیں ۔ کیونکہ اب یہ بھیجے گئے ایس ایم ایس کے ذریعہ بجلی کے بل کی ادائیگی کرنے کے نام پر اور بل ادا نہ کرنے کی صورت میں بجلی کاٹنے کی دھمکی دے کر آپ کے بینک اکانٹ کی تفصیلات حاصل کرکے لاکھوں روپے نکال رہے ہیں ۔ واضح رہے کہ  گزشتہ ۱۸؍ جون کو انقلاب میں اس تعلق سے خبر شائع ہو چکی ہے دھوکے بازوں نے بجلی کا نہ بھرنے کی پاداش میں کنکشن کاٹ لینے کا واٹس ایپ پیغام بھیج کر چند لوگوں سے آن لائن فراڈ کیا ہے۔ اب اسی طرح کے کچھ اور معاملات سامنے آئے ہیں۔  
  کف پریڈ پولیس نے بجلی کا بل بھرنے کے نام پر سائبر فرارڈ کرنے والے نامعلوم ملزمین کے خلاف بیسٹ ملازم ، خاتون تاجر اورایک معمر فائنانشیل ایڈوائزر کے اکاؤنٹ سے لاکھوں روپے نکالے جانے کے تحت کیس درج کیا ہے ۔  پولیس نے بتایا کہ سائبر فراڈ کے جھانسے میں آنے والوں   میں ملبار ہل میں رہنے والی ایک ۶۵؍ سالہ خاتون  کف پریڈ کے رہائشی  ۷۸؍ سالہ فائنانشل ایڈوائزر کے علاوہ حیرت انگیز طور پر ایک  بیسٹ ملازم بھی بھیجے گئے  بجلی کے بل کے نام پر کی گئی اس دھوکہ دہی کا شکار ہو گئے ہیں۔ واضح رہے کہ ممبئی کے بیشتر علاقوں میں بیسٹ ہی بجلی سپلائی کرتی ہے۔ پولیس کے بقول ان میں سے  ایک کے اکاؤنٹ سے ۲؍ لاکھ ، دوسرے متاثرہ کے اکاؤنٹ سے ایک لاکھ ۱۰؍ ہزار اور تیسرے کے اکاؤنٹ سے ۴۷؍ ہزارروپے فرضی اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کروائے گئے ہیں۔ ایک سینئر افسر نےعوام سے بجلی کے بل کی ادائیگی کے سلسلہ میں موصول ہونے والے ایس ایم ایس یا بھیجے گئے لنک یا ٹیلی فون نمبر پر کسی بھی قسم کا رابطہ قائم کرنے سے پرہیز کرنے کی اپیل کی ہے ۔ افسر نےبتایا کہ نامعلوم ملزمین نے تینوں متاثرین کوایس ایم ایس کے ذریعہ پیغام بھیجا کہ ان کاگزشتہ ماہ کا بل بھرا نہیں گیا ہے اس لئے ان کا کنکشن کاٹ دی جائے گی۔ کنکشن سے کاٹے جانے سے بچنے کیلئے فوراً محکمۂ بجلی کے افسر کو فون کرنے کیلئے کہا گیا تھا۔ افسر کا نمبر بھی پیغام میں موجود تھا۔  اس نمبر پر فون کرنے پر اینی ڈیسک یا ٹیم ویویر نامی ایپ سے ایک فارم ڈاؤن کرکے اس میں متاثرین کو تفصیلات بھرنے اور دیئے گئے لنک پر بینک کی تفصیلات کے ساتھ بقایا بل ادا کرنے کے لئےکہا گیا  ۔ متاثرین نے جوں ہی ان تمام ہدایات پر عمل کیا ، چند ہی سکینڈ میں ان کے اکاؤنٹ سے بل میں تحریر کردہ اعداد کے بجائے لاکھوں روپے نکالے جانے کا پیغام موصول ہوا  ۔ مذکورہ بالا معاملہ میں ملبار ہل ، قلابہ اور پنت نگر پولیس اسٹیشن میں نامعلوم ملزمین کے خلاف شکایت درج کی گئی ہے ۔
  افسر کا یہ بھی کہنا تھا کہ سائبر کی مدد سے کئے جانے والے فراڈ کے سلسلہ میں ممبئی پولیس کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں گزشتہ ۲؍ ماہ میں ۳؍ درجن سے زائد ایف آئی آر درج کی جاچکی ہیں ۔ایک اور افسر کا یہ بھی کہنا تھا کہ سائبر کے ذریعہ لوگوں کو جھانسہ دے کر ، فرضی اکاؤنٹ کھول کر متاثرین کے اکاؤنٹ سے پیسے نکالنے والے اکثر ملزمین کا تعلق اتر پردیش ، بہار یا جھار کھنڈ سے ہے ۔یہ اتنے شاطر ہیں کہ جب تک ہم ملزمین کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کئے گئے پیسے کی تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں ، اس سے قبل ہی وہ اس میں سے پیسے نکال کر اکاؤنٹ بند کردیتے ہیں اور اکاؤنٹ کھولنے کے لئے بھی فرضی دستاویزات کا استعمال کیا جاتا ہے ۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK