• Sat, 15 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹھنڈ میں اضافہ لیکن کچھ دنوں میں درجہ حرارت بڑھےگا، راجستھان میں بارش کا امکان

Updated: February 03, 2025, 1:33 PM IST | Agency | New Delhi / Srinagar

ملک بھر میں سردی میں اضافہ ہوا ہے۔ اتوار کو ۱۴؍ ریاستوں میں گھنا کہرا رہا جبکہ کشمیر میں برف باری ہوئی۔ راجستھان میں موسم بدل رہا ہے اور ایک دو دن میں بارش کا امکان ہے۔

Tourists enjoying shikara ride at Dal Lake. Photo: PTI
ڈل جھیل پر سیاح شکارا کی سواری کا لطف لیتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

ملک بھر میں سردی میں اضافہ ہوا ہے۔ اتوار کو ۱۴؍ ریاستوں میں گھنا کہرا رہا جبکہ کشمیر میں برف باری ہوئی۔ راجستھان میں موسم بدل رہا ہے اور ایک دو دن میں بارش کا امکان ہے۔ راجستھان میں اتوار کو ہلکی دھوپ رہی اور موسم ابر آلود رہا جس کی وجہ سے دن کے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پیر سے ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔ دوسری طرف، مدھیہ پردیش میں، سردی کا اثر صرف صبح اور رات میں محسوس کیا جا رہا ہے جبکہ دن کے وقت دھوپ رہتی ہے۔ فروری کے پہلے دن بھی موسم ایسا ہی تھا۔ منڈلا، ملاج کھنڈ، کھنڈوا اور کھرگون میں درجہ حرارت۳۲؍ ڈگری سے تجاوز کر گیا۔ 
 اس دوران جموں و کشمیر کے پہاڑی خطے میں ایک بار پھر برف باری شروع ہو گئی ہے۔ لداخ کے کچھ علاقوں میں بارش اور برف باری کا امکان ہے۔ اگلے پانچ دنوں میں ہریانہ، ہماچل پردیش، پنجاب، راجستھان سمیت تمام شمال مغربی ریاستوں میں درجہ حرارت میں ۲؍ سے ۳؍ ڈگری کا اضافہ ہوسکتا ہے۔ راجستھان میں ۳؍ اور۴؍ فروری کو بادل چھائے رہیں گے۔ ۲۰؍ اضلاع میں بارش کا الرٹ جاری کیاگیا ہے جبکہ ۵ ؍ اور۶؍ فروری سےموسم خشک ہونے لگے گا۔ محکمہ موسمیات نے دہلی میں بھی آئندہ دنوں کہرے کی پیش گوئی کی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت ۲۴؍ سے۹؍ ڈگری سلسیس کے آس پاس رہ سکتا ہے۔ 
کشمیر میں برف و باراں کے بعد موسم میں بتدریج بہتری 
  وادی ٔکشمیر کے میدانی علاقوں میں رات کی بارش اور سیاحتی مقامات گل مرگ اور پہلگام سمیت بعض پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری کے بعد موسم میں بتدریج بہتری واقع ہو رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق گل مرگ میں گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران۵ء۱؍ سینٹی میٹر برف باری ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ پہلگام میں ۲ء۸؍ سینٹی میٹر اور کپوارہ میں ۲ء۵؍سینٹی میٹر برف باری ریکارڈکی گئی۔ 
 دارلحکومت سری نگرمیں دوران شب رک رک کر ہلکی بارش ہوئی جبکہ وادی کے دوسرے میدانی علاقوں میں بھی بارش ہوتی رہی۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں اگلے ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی یا عام طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ بالائی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری کا امکان ہے۔ ۳؍فروری کی شام سے کہیں کہیں ہلکی برف باری کا امکان ہے جبکہ ۴؍ اور۵؍ فروری کو مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری یا بارش ہوسکتی ہے۔ محکمہ کے مطابق ۶؍سے۸؍ فروری تک موسم جزوی ابر آلود مگر خشک رہ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ ۹؍ اور۱۰؍ فروری کو ایک بار پھر کہیں کہیں ہلکی برف باری کا امکان ہے۔ 
 محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں سیاحوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹروں سے ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کرنے کی تاکید کی۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK