Inquilab Logo

کل سے ویسٹرن ریلوے میں لوکل سروسیزکا اضافہ

Updated: September 20, 2020, 9:07 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Churchgate

ویسٹرن ریلوے میں ۱۵۰؍سروسیز بڑھا کر ۲۱؍ستمبر سے ۵۰۰؍لوکل سروسیز یومیہ چلانے کا فیصلہ ،انتظامیہ کے مطابق لازمی خدمات زمرے میں اضافے، آخری سال کا امتحان دینے والے طلبہ کو دی گئی سفر کی اجازت اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کیلئے یہ اضافہ کیا جارہا ہے

Local Train - Pic : INN
لوکل ٹرین ۔ تصویر : آئی این این

ویسٹرن ریلوے میں لازمی خدمات پر مامور عملہ کے لئے چلائی جانے والی لوکل ٹرینوں کی یومیہ خدمات میں ۲۱؍ ستمبر سے ۱۵۰؍ لوکل سروسیز کا اضافہ کیا جارہا ہے ۔ پیر سے ویسٹرن ریلوے میں روزانہ ۵۰۰؍لوکل سروسیز چلائی جائیں گی۔ اس کے تعلق سے ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر او سمیت ٹھاکر سے نمائندۂ انقلاب کے یہ پوچھنے پر کہ ان ۱۵۰؍ سروسیز کے بڑھائے جانے کا کوئی خاص سبب ہے، تو انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے لازمی خدمات کا زمرہ وقفے وقفے سے بڑھایا گیا اور اس میں اب مزید توسیع کی جارہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یونیورسٹی کے آخری سال کا امتحان دینے والے طلبہ کو بھی سفر کی اجازت دی گئی ہے۔ اسی طرح پرائیویٹ سیکٹر کے بینکوں کے ملازمین کے لئے بھی اجازت دینے کا مطالبہ کیا جارہا ہے اس لئے سفر کرنے والوں کی تعداد مسلسل بڑھتی جارہی ہے۔ اسی بناء پر ۲۱؍ستمبر سے ۱۵۰؍سروسیز اور بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
 کہاں سے کہاں تک کے لئے کتنی سروسیز ہوگی 
 ویسٹرن ریلوے کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ۳۰؍ٹرینیں صبح کے بھیڑ بھاڑ کے دوران اور ۲۹؍ٹرینیں شام کے بھیڑ بھاڑ کے اوقات میں چلائی جائیں گی۔ ان ۵۹؍ٹرینوں کے علاوہ بقیہ ٹرینیں دن کے دیگر اوقات میں چلائی جائیں گی۔ ان ۱۵۰؍سروسیز میں سے ۷۴؍ ٹرینیں ویرار سیکشن پر چلائی جائیں گی۔ ان میں اپ اور ڈاؤن سمتوں میں ۳۷۔۳۷؍ ٹرینیں چلائی جائیں گی اور ان میں صرف ۳۔۳؍ٹرینیں ہی سلو ہوں گی بقیہ تمام ٹرینیں فاسٹ ہوں گی۔
  اسی طرح بوریولی چرچ گیٹ سیکشن پر کل ۷۶؍ سروسیز چلائی جائیں گی۔ بوریولی سے چرچ گیٹ کے درمیان کل ۳۷؍سلو سروسیز چلائی جائیں گی اور چرچ گیٹ سے بوریولی کے درمیان ۳۹؍سروسیز ہوں گی۔ ان میں سے صرف ایک سروس فاسٹ ہوگی بقیہ تمام سروسیز دھیمی رفتار والی ہوں گی۔
 مسافروں کی تعداد میں کافی اضافہ ہوا
 ۱۵؍جون کو جب ایمرجنسی خدمات پر مامور عملہ کے لئے لوکل ٹرینیں شروع کی گئی تھیں تو اس وقت یہ اندازہ لگایا گیا تھا کہ ایسے مسافروں کی تعداد ۵۰؍تا ۶۰؍ ہزار یومیہ ہوگی اور اسی کے حساب سے ۱۵۰؍ سروسیز شروع کی گئی تھیں لیکن اب مسافروں کی یہ تعداد چار گنا سے بھی زیادہ ہوگئی ہے۔ اس کا اندازہ ریلوے کی جانب سے جاری کردہ مسافروں کے اعداد و شمار کی روشنی میں بھی سمجھا جاسکتا ہے۔ ۱۸؍ ستمبر کو ویسٹرن ریلوے میں ۲۸؍ ہزار۸۱۰؍ٹکٹ فروخت ہوئے  اور ۲۱؍ لاکھ ۹۰؍ ہزار روپے کی آمدنی ہوئی جبکہ ۲؍ لاکھ ۳۵؍ ہزار ۶۵۰؍ مسافروں نے سفر کیا۔واضح رہے کہ پاس ہولڈرمسافروں کی تعداد زیادہ ہے۔
سینٹرل ریلوے : سروسیز بڑھانے کا ابھی فیصلہ نہیں
 سینٹرل ریلوے کے چیف پی آر او شیواجی ستار سے استفسار کرنے پر انہوں نے بتایا کہ سینٹرل ریلوے میں ابھی اس ضمن میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت کی درخواست پر سروسیز بڑھائیں جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس وقت سینٹرل ریلوے میں مین اور ہاربر  لائنوں پر مجموعی طور پر۳۵۵؍ سروسیز چلائی جارہی ہیں۔

بینکوں کے ۱۰؍فیصد ملازمین کو سفر کی اجازت 

 سہکاری اور پرائیویٹ بینکوں‌کے ۱۰؍ فیصد ملازمین کو سینٹرل اور ویسٹرن ریلوے میں لوکل ٹرینوں میں سفر کی اجازت دی گئی ہے ۔ ان ۱۰؍فیصد ملازمین سے کہا گیا ہے کہ وہ کیو آر کوڈ حاصل کرلیں ۔کیو آر کوڈ ملنے تک ان‌ کو اپنے شناختی ثبوت پر سفر کی اجازت ہوگی ۔اس کے علاوہ ریلوے انتظامیہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ مسافروں کی آسانی کے لئے مزید ٹکٹ بکنگ کھڑکیاں کھولی جائیں گی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK