معمر افراد کیلئے خاندان کے درمیان عزت کی زند گی گزارنا مشکل ہوتا جا رہا ہے ، ایسے میں اولڈ ایج ہوم ان کیلئے بہتر ین متبادل ہیں۔
EPAPER
Updated: December 31, 2024, 12:27 PM IST | Agency | Panvel
معمر افراد کیلئے خاندان کے درمیان عزت کی زند گی گزارنا مشکل ہوتا جا رہا ہے ، ایسے میں اولڈ ایج ہوم ان کیلئے بہتر ین متبادل ہیں۔
پنویل تحصیل میں اولڈ ایج ہوم کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق پہلے پنویل تحصیل علاقے میں دو چار اولڈ ایج ہا ؤ س تھے لیکن اب ان کی تعداد ۱۰؍ سے زائد ہوگئی ہے۔ اس بارے میں مقامی افرادکا کہنا ہے کہ اولڈ ایج ہوم کی تعداد میں اضافے کی وجہ طر ز زند گی میں تبدیلی ہے۔ پرانے دور میں لوگ مشتر کہ خاندانوں میں رہتے تھے جہاں بزرگوں، ان کے بچوں، پوتوں اور پوتیوں کی عزت کی جاتی تھی لیکن جب سے الگ الگ خاندانوں کا دور شروع ہوا، تب سے بزرگوں کو اکثر اکیلا چھوڑ دیا جاتا ہے۔ بچے بہتر نوکری کی تلاش میں دور چلے جاتے ہیں جس کی وجہ سے معمرافراد اکیلے رہ جاتے ہیں۔ اسی طرح کئی نوجوان نوکری یا ماں باپ کے الگ ہونے کے سبب بیرون ملک چلے جاتےہیں، نتیجتاً بوڑے ماں باپ بے سہارا ہوجاتےہیں۔ اس کی وجہ سے بھی اولڈ ایج ہو م کی تعدا دمیں اضافہ ہواہے۔
اس سلسلےمیں سائی ناتھ ایجوکیشنل ٹرسٹ کے ڈائریکٹر ڈی پی سنگھ کا کہنا ہے،’’ آج کے جدید دور میں میاں بیوی دونوں ملازمت پیشہ ہیں جو وقت کی کمی کے سبب اپنے ماں با پ کو اولڈ ایج ہا ؤس بھیج دیتےہیں، کیونکہ پیسہ کمانا ان کیلئے زیادہ اہم ہو گیاہے۔ کئی خاندان کے بزرگوں کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا جا تا ہے ، نتیجتاً وہ مجبور ہو کر او لڈ ایج ہا ؤس میں پناہ لیتے ہیں۔ نوی ممبئی کے تحت آنے پنویل جیسے شہر میں اولڈ ایج ہا ؤس میں اضافے کے او ر بھی اسباب ہوسکتےہیں۔ یہ سماج کیلئے انتہائی تشویش کی بات ہے۔ ‘‘
ماہرین کے مطابق معمر افراد کیلئے خاندان کے درمیان عزت کی زند گی گزارنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔ ایسے میں اولڈ ایج ہوم ان کیلئے بہتر ین متبادل ہیں جہاں وہ آرام سے رہ سکتے ہیں اور اپنی ضروریات کا خیال رکھ سکتے ہیں، جہاں بوڑھے اپنے بچوں کی غیر موجودگی میں بھی خود کو تنہا محسوس نہیں کرتے، وہ اپنے جیسے افراد کے ساتھ رہتے ہیں۔ آج کے جدید دور میں خاندانی نظام بدل رہا ہے جس کی وجہ سے بزرگ اپنے خاندانوں میں الگ تھلگ ہوتے جارہے ہیں۔
ایرولی کے رمیش یادو بتا تے ہیں، ’’ مرکزی حکومت نے معمر شہریوں کیلئے ہیلپ لا ئن نمبر ۱۴۵۶۷؍ جاری کیا ہے۔ اس نمبر کے ذریعہ معمر شہری پنشن اوردیگر قانونی معاملات کی معلومات حاصل کرسکتےہیں ۔ اس علاوہ یہ نمبر بے سہارا بزرگوں کو جذباتی سہارا دینے اورانہیں زیادتی سے بچانے میں بھی مدد کرسکتا ہے۔ اس ہیلپ لائن نمبر کو ’ایلڈر لائن‘ نام دیا گیا اور اس نمبر پر صبح ۸؍ بجے سے رات ۸؍ بجے تک کال کر کے مدد لی جاسکتی ہے۔ ‘‘