Updated: August 06, 2025, 10:13 PM IST
| New Delhi
امیت شاہ ہندوستان کے سب سے طویل عرصے تک رہنے والے وزیر داخلہ بن گئے، انہوں نے ہندوستان کے سب سے طاقت ور اور اہم سیاسی عہدے پر۲۲۵۸؍ دن مکمل کر لیے ہیں۔ انہوں نے بی جے پی کے ایک اور ممتاز لیڈر لال کرشن اڈوانی کے دورِ اقتدار( ۲۲۵۶؍ دن) کو پیچھے چھوڑ دیا۔
ہندوستان کے وزیر داخلہ امیت شاہ۔ تصویر: آئی این این
نریندر مودی کے گجرات کے وزیرِ اعلیٰ رہنے کے دوران کئی سال تک گجرات کے وزیر داخلہ رہنے کے بعد، امیت شاہ نے قومی سیاست میں قدم رکھا۔انہوں نے۲۰۱۴ء کے لوک سبھا انتخابات میں اترپردیش میں بی جے پی کی قیادت والے اتحاد کو۷۳؍ نشستیں دلانے میں اہم کردار ادا کر کے شہرت حاصل کی۔ ان کی پیدائش۱۹۶۴ء میں ممبئی میں گجراتی خاندان میں ہوئی۔ انہوں نے مانسا میں اسکول کی تعلیم مکمل کی اور بعد میں احمد آباد منتقل ہو گئے۔ ۱۹۸۰؍ (صرف۱۶؍ سال کی عمر) میں آرایس ایس میں شمولیت اختیار کی۔۱۹۸۹ء میں بی جے پی کے احمد آباد یونٹ کے سیکرٹری بنے۔ بعد ازاں بی جے پی کے عظیم لیڈران اٹل بہاری واجپائی اور ایل کے اڈوانی کی انتخابی مہم کی حکمت عملی بنائی۔
یہ بھی پڑھئے: یوپی حکومت نے یادو، مسلم برادری کو نشانہ بنایا، عوامی غصے پر حکم واپس
۲۰۱۴ءمیں، محض۴۹؍ سال کی عمر میں، وہ بی جے پی کے سب سے کم عمر صدر بنے۔۲۰۱۹ء میں، انہیں ملک کے اب تک کے سب سے کم عمر وزیر داخلہ مقرر کیا گیا۔ بطور وزیرِ داخلہ انہوں نے بی جے پی کا انتخابی وعدہ پورا کرتے ہوئے آرٹیکل۳۷۰؍ کو منسوخ کر دیا۔ مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت ختم کر کے اسے دو مرکزی زیرِ انتظام علاقہ (جموں و کشمیر اور لداخ) میں تقسیم کر دیا۔ ۲۰۱۹ء میں انہوں نےشہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے نفاذ میں کلیدی کردار ادا کیا۔ پارلیمنٹ نے اسے۲۰۱۹ء میں منظور کیا تھا جو گزشتہ سال نافذ ہوا۔ اس کے علاوہ حکومت کی جانب سے مسلم خواتین کے حقوق کے لیے تین طلاق (ٹرپل طلاق) کو ختم کرنے کی کوششوں کی قیادت کی۔نئے فوجداری قوانین، بھارتیہ نیایا سہیتا (بی ایس این)۲۰۲۳ء، بھارتیہ ناگرک سرکشاسہیتا (بی این ایس ایس)، اور بھارتیہ ساکشیہ ادھی نیم (بی ایس اے )۲۰۲۳ء کی تشکیل اور نفاذ میں اہم کردار ادا کیا۔