Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان کی پہلی خاتون جنگی ہیلی کاپٹر پائلٹ کو انتونیوغطریس کے ہاتھوں اعزاز

Updated: June 07, 2026, 8:07 PM IST | New York

ہندوستان کی پہلی خاتون جنگی ہیلی کاپٹر پائلٹ ابھیلا شا بارک کو انتونیو غطریس کے ہاتھوں ’ یو این ملٹری جینڈر ایڈوکیٹ ایوارڈ‘ سے نوازا گیا، جانئے ابھیلا شا بارک کون ہیں؟

Major Abhilasha Barak receiving an award from the UN chief. Photo: X
میجر ابھیلاشا بارک، اقوام متحدہ کے سربراہ کے ہاتھوں اعزاز حاصل کرتے ہوئے۔ تصویر: ایکس

ہندوستان کی پہلی خاتون جنگی ہیلی کاپٹر پائلٹ میجر ابھیلاشا بارک کو جمعہ۵؍ جون۲۰۲۶ء کو اقوام متحدہ کے۲۰۰۵ء ملٹری جینڈر ایڈووکیٹ آف دی ایئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز امن مشنوں میں خواتین کے کردار اور نقطہ نظر کو فروغ دینے کی ان کی کوششوں کے اعتراف میں دیا گیا۔ سیکریٹری جنرل انتونیو غطریس جنہوں نے یہ ایوارڈ پیش کیا، نے کہا کہ ’’وہ ان لوگوں کے لیے ایک رول ماڈل ہیں جن کی آپ خدمت کرتی ہیں اور جن کے ساتھ آپ خدمت کرتی ہیں۔‘‘ اس موقع پر ابھیلاشا بارک نے کہا، ’’خوابوں کی کوئی جنس نہیں ہوتی، اور نہ ہی قیادت، ہمت، یا انسانیت کی خدمت کے جذبے کی کوئی جنس ہوتی ہے۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایوارڈ انہیں اس پائیدار امن کی یاد دلاتا ہے جو تبھی قائم ہو سکتا ہے جب ہر آواز سنی جائے اور ہر فرد کو بااختیار بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھئے: دہلی: گزشتہ ۶؍ سال میں آتشزدگی کے باعث ۵۴۳؍ افراد لقمہ اجل بنے

بعد ازاں اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل لیزا بٹن ہیم نے کہا کہ بارک نے اپنی قیادت اور جدید طریقوں سے فوجی کارروائیوں میں خواتین، امن اور سلامتی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔جبکہ ان کی خدمات کو اجاگر کرتے ہوئے، غطریس نے کہا کہ بارک نے مقامی سماج کے ساتھ مضبوط تعلقات استوار کیے، جس سے ابتدائی وارننگ نیٹ ورک قائم کرنے میں مدد ملی جس نے شہریوں کے تحفظ کے لیے مشن کی صلاحیت کو بڑھایا۔ انہوں نے کہا، ’’ایک فرنٹ لائن کمانڈر کے طور پر، انہوں نے ہزاروں خواتین اور لڑکیوں کو پیشہ ورانہ تربیت اور تعلیم و صحت کے پروگراموں کے ذریعے منسلک کیا ہے اور انتہائی مشکل حالات میں بھی لوگوں کی زندگیاں بدل دی ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ ابھیلاشا بارک نے۲۰۱۶ء میں دہلی ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی سے گریجویشن کیا۔ بعد ازاں، انہوں نے مسلح افواج کے لیے اہلیت حاصل کی اور۲۰۱۷ء میں چنئی کے آفیسرز ٹریننگ اکیڈمی سے تربیت حاصل کی۔ وہ۲۰۲۲ء میں انڈین آرمی کی پہلی خاتون جنگی ایوی ایٹر بنیں اور مہاراشٹر کے ناسک میں واقع کامبیٹ آرمی ایوی ایشن ٹریننگ اسکول سے یونٹ۶۶۵۷؍ آرمی ایوی ایشن کور میں ایک سال کی تربیت مکمل کی۔بارک کا تعلق ہریانہ کے روہتک سے ہے اور وہ ایک ریٹائرڈ کرنل کی بیٹی ہیں۔ ان کی پیدائش ویلنگٹن کے ملٹری ہسپتال میں ہوئی ، اس وقت ان کے والد ڈیفنس سروسز اسٹاف کالج میں کورس کر رہے تھے۔ وہ ستمبر۲۰۱۸ء میں آرمی ایئر ڈیفنس کور میں شامل ہوئیں اور ایک سال بعد،۲۸؍ ستمبر۲۰۱۹ء کو بارک نے کور آف آرمی ایئر ڈیفنس کے دستے کی قیادت کی۔

یہ بھی پڑھئے: بنگال: حکومت بنتے ہی بی جے پی کی مدارس پر نظر

بارک یہ باوقار ملٹری جینڈر ایڈووکیٹ ایوارڈ حاصل کرنے والی میجرسومن گووانی اور میجر رادھیکا سین کے بعد تیسری ہندوستانی خاتون افسر بن گئی ہیں۔ وہ فی الحال لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس (یونیفیل) کے تحت تعینات ہندوستانی بٹالین کے ساتھ انگیجمنٹ ٹیم کمانڈر اور جینڈر فوکل پوائنٹ کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔فوج میں اپنے سفر کے بارے میں بات کرتے ہوئے، بارک نے کہا، ’’انڈین آرمی کی پہلی خاتون جنگی ہیلی کاپٹر پائلٹ ہونے کے ناطے، میں نے خود تجربہ کیا کہ کس طرح موقع خواتین کو رکاوٹیں توڑنے اور سنگ میل حاصل کرنے کے قابل بناتا ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: عید الاضحی کے دن مسلمانوں کے خلاف نفرت کے ۴۶؍ واقعات : اے پی سی آر

اقوام متحدہ کے مطابق، وہ یونیفیل میں خدمات انجام دینے والے تقریباً۶۵۰؍ ہندوستانی امن دستوں میں سے ایک ہیں، جن میں۱۳؍ خواتین شامل ہیں۔ واضح رہے کہ ہندوستان نے دنیا بھر کے مختلف یو این مشنوں میں۴۲۷۸؍ امن دستے تعینات کیے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK