Inquilab Logo

چار ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی جاری ، کہیں بی جے پی تو کہیں کانگریس آگے

Updated: December 03, 2023, 12:17 PM IST

مدھیہ پردیش، راجستھان، تلنگانہ اور چھتیس گڑھ اسمبلی کے انتخابات ۷؍ تا ۱۷؍نومبر کے درمیان ہوئے تھے ۔ آج صبح سے ووٹنگ کی گنتی جاری ہے۔

Counting of votes in MP (pic agency)
ملک کی چار ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے (تصویر ایجنسی)

نئی دہلی(ایجنسی) مدھیہ پردیش، راجستھان، تلنگانہ اور چھتیس گڑھ اسمبلی کے یانتخابات ۷؍ تا ۱۷؍نومبر کے درمیان ہوئے تھے ۔ آج صبح سے ووٹنگ کی گنتی جاری ہے۔  ابتدائی رجحانات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) تین ریاستوں میں اور ایک ریاست میں کانگریس آگے ہے۔ مدھیہ پردیش، راجستھان اور چھتیس گڑھ اسمبلیوں میں ووٹوں کی گنتی کے ابتدائی رجحانات میں بی جے پی نے برتری حاصل کر لی ہے جبکہ تلنگانہ میں کانگریس آگے ہے۔
 تادم تحریر مدھیہ پردیش میں بی جے پی ۱۵۷؍ سیٹوں پر آگے ہے جبکہ کانگریس ۷۰؍ پر ہے۔ راجستھان میں بی جے پی ۱۱۲؍ پر اور کانگریس ۷۱؍ پر، تلنگانہ میں کانگریس ۶۵؍ پر آگے ہے۔ یہاں پر اس کا مقابلہ بی آر ایس سے ہے جو ۳۹؍ سیٹوں پر آگے  ہے جبکہ بی جے پی ۹؍ سیٹوں پر سمٹی ہوئی ہے۔ جہاں تک چھتیس گڑھ کی بات ہے بی جے پی ۵۴؍ پر اور کانگریس ۳۴؍سیٹوں پر آگے چل رہی ہے۔ 

مختلف ریاستوں کی صورت حال

مدھیہ پردیش 
مدھیہ پردیش کے اہم لیڈروں میں شیوراج سنگھ چوہان  اور پرلہان سنگھ پٹیل (بی جے پی)، کمل ناتھ  اور جے وردھن سنگھ (کانگریس)  آگے چل رہے ہیں جبکہ بی جے پی کے نریندر سنگھ تومار پیچھے ہیں۔
راجستھان 
راجستھان کے اہم لیڈروں میں اشوک گہلوت  اور سچن پائلٹ (کانگریس) آگے چل رہے ہیں جبکہ بی جے سے وسندھرا راجے  اور دیویا کماری جیت چکی ہیں۔ بابابالکناتھ پیچھے چل رہے ہیں۔
تلنگانہ 
تلنگانہ میں  کے چندر شیکھر راؤ پیچھے چل رہے ہیں جبکہ جبلی ہل اسمبلی حلقے کے امیدوار محمد اظہرالدین پیچھے چل رہے ہیں۔  اے آئی ایم آئی آئی ایم کے امیدوار اکبرالدین اویسی بھی اپنے حلقے میں آگے ہیں ۔ کانگریس کے ریونت ریڈی بھی ۱۵؍ہزار سے زائد ووٹوں سے آگے چل رہے ہیں۔ 
چھتیس گڑھ 
چھتیس گڑھ میں کانگریس کے بھوپیش بگھیل آگے چل رہے ہیں،  بی جے پی کے رمن سنگھ  اور وکرم اسینڈی بھی آگے ہیں جبکہ کانگریس کے تامردھوج ساہو اور بی جے پی کے وجے بگھیل پیچھے ہیں۔ 

یاد رہے کہ مدھیہ پردیش اسمبلی کی کل سیٹیں ۲۳۰؍ ہیں اور حکومت سازی کے لئے ۱۱۶؍ نشستیں  ضروری ہیں۔ اسی طرح راجستھان کی ۱۹۹؍ سیٹوں میں حکومت سازی کے لئے ۱۰۱؍  سیٹیں، تلنگانہ میں ۱۱۹؍ سیٹوں میں سے ۶۰؍ سیٹیں اور چھتیس گڑھ کی ۹۰؍ سیٹوں پر مشتمل اسمبلی میں حکومت سازی کے لئے ۴۶؍ سیٹیں حاصل کرنا ضروری ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK