Updated: November 19, 2026, 1:10 PM IST
| New Delhi
آئی سی ایم آر کی تازہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے اسپتالوں میں ای کولی سمیت کئی خطرناک جراثیم عام اور طاقتور اینٹی بایوٹکس کے خلاف مزاحمت پیدا کرچکے ہیں۔ بعض جراثیم پر آخری درجے کی ادویات بھی کم اثر کررہی ہیں، جس سے معمول کے انفیکشن کا علاج مشکل ہوتا جارہا ہے۔
ہندوستان میں اینٹی بایوٹکس کے بے اثر ہونے کا مسئلہ سنگین صورت اختیار کررہا ہے۔ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (ICMR) کی ’اینٹی مائیکروبیل ریزسٹنس سرویلنس اینڈ ریسرچ نیٹ ورک‘ کی سالانہ رپورٹ ۲۰۲۵ء میں انکشاف ہوا ہے کہ کئی عام جراثیم ان ادویات کے خلاف مزاحمت پیدا کرچکے ہیں جنہیں برسوں سے انفیکشن کے علاج میں استعمال کیا جارہا ہے۔ تحقیق میں ۳۰؍ بڑے اسپتالوں کے ۱۱۳۰۰۸؍ مثبت لیبارٹری نمونوں اور پہلی مرتبہ ۳۴؍ چھوٹے اسپتالوں کے مزید ۲۰۵۲۹؍ نمونوں کا جائزہ لیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ای کولی (E. coli) کے صرف ۴ء۱۸؍ فیصد نمونے سیفوٹاکسائم، ۷ء۲۴؍ فیصد سیفٹازیڈائم اور محض ۹؍ فیصد سیپروفلوکساسین کے خلاف حساس پائے گئے۔ یہ جراثیم پیشاب کی نالی سمیت خون اور آنتوں کے انفیکشن کا سبب بن سکتا ہے۔ کلیبسیلا نمونیا (Klebsiella pneumoniae) کے صرف ۵ء۳۶؍ سے ۴ء۴۰؍ فیصد نمونے کارباپینیم جیسی طاقتور اینٹی بایوٹکس کے خلاف حساس رہے، جبکہ انتہائی نگہداشت کے شعبوں میں صورت حال مزید تشویش ناک تھی۔
یہ بھی پڑھئے: ہندوستان معاشی تباہی کےدہانے پر کھڑا ہے: کولمبیا یونیورسٹی میں راہل گاندھی
اس سے بھی زیادہ خطرناک صورت حال ایکینیٹوبیکٹر باؤمانی (Acinetobacter baumannii) کی ہے۔ اس کے ۱ء۹۱؍ فیصد نمونوں میں کارباپینیم کے خلاف مزاحمت پائی گئی۔ یہ جراثیم بالخصوص انتہائی علیل مریضوں میں سنگین انفیکشن پیدا کرسکتا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی سامنے آیا کہ اسٹیفیلوکوکس اوریئس کے ۸ء۵۶؍ فیصد نمونے میتھی سلین کے خلاف مزاحمت رکھتے تھے۔ نومولود بچوں میں خون کے انفیکشن کا ایک بڑا سبب کلیبسیلا پایا گیا، جو اس عمر کے بچوں کے لیے خاص طور پر خطرناک ہے۔ آئی سی ایم آر کی سائنس داں ڈاکٹر کامنی والیا کے مطابق اینٹی بایوٹکس کا غلط اور غیر ضروری استعمال اس مزاحمت کی بڑی وجوہات میں شامل ہے۔ نزلہ، زکام اور بیشتر وائرل بخار میں اینٹی بایوٹکس فائدہ نہیں دیتیں، لیکن ان کا استعمال جراثیم کو ادویات کے خلاف مزاحمت پیدا کرنے کا موقع دیتا ہے۔ ماہرین نے ڈاکٹروں کے لیے فوری تشخیصی ٹیسٹ، اسپتالوں میں صفائی اور انفیکشن کی روک تھام، اور لیبارٹری نتائج کی بنیاد پر دوا منتخب کرنے پر زور دیا ہے۔ ڈاکٹروں کو یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ کارباپینیم جیسی آخری درجے کی طاقتور ادویات کا استعمال انتہائی احتیاط سے کریں۔ ماہرین کے مطابق اگر اینٹی بایوٹکس کے غیر ضروری استعمال اور اسپتالوں میں انفیکشن کے پھیلاؤ پر قابو نہ پایا گیا تو عام انفیکشن کا علاج بھی مشکل ہوسکتا ہے۔