سہ فریقی ملاقات میں جوہری ہتھیاروں میں کمی اور ایران کی جنگ سمیت اہم عالمی معاملات پر گفتگو متوقع۔ تینوں لیڈروں میں مختصرگفتگو۔
EPAPER
Updated: November 19, 2026, 1:55 PM IST | Agency | Shenzhen
سہ فریقی ملاقات میں جوہری ہتھیاروں میں کمی اور ایران کی جنگ سمیت اہم عالمی معاملات پر گفتگو متوقع۔ تینوں لیڈروں میں مختصرگفتگو۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ، روسی صدر ولادیمیر پوتن اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان پہلی باضابطہ سہ فریقی ملاقات آج ( جمعرات کو) چین کے شہر شینزن میں ہوگی۔ ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اے پی ای سی) سربراہ اجلاس کے موقع پر ہونے والی اس ملاقات کو عالمی سفارت کاری میں ایک غیر معمولی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ تینوں لیڈروں نے بدھ کو سربراہ اجلاس کے استقبالیہ عشائیے سے قبل ایک دوسرے سے مصافحہ کیا اور مختصر تبادلۂ خیال بھی کیا۔
امریکی صدر ٹرمپ بدھ کو چین پہنچے جہاں صدر شی جن پنگ نے ہوائی اڈے پر ان کا استقبال کیا۔ اس سال اپنے دوسرے دورے پر چین پہنچنے والے ٹرمپ کا پرجوش تماشائیوں، ملٹری فلائی اوور، گارڈ آف آنر اور چینی لیڈر شی جن پنگ کے گلے ملنے سے استقبال کیا گیا۔ شی جن پنگ نے کہا، ’’چین ایک شائستہ ملک ہے جس کی روایت باہمی احترام کی ہے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا، ’’میں آپ کے دوبارہ چین آنے کا خیرمقدم کرتا ہوں اور میں آپ کے ساتھ چین-امریکہ تعلقات، ایشیا-بحرالکاہل تعاون اور عالمی منظر نامے سے متعلق اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کا منتظر ہوں، تاکہ چین اور امریکہ کے درمیان احترام، انصاف اور باہمی تعاون کی بنیاد پر ایک تعمیری اور مستحکم تعلقات کو آگے بڑھایا جا سکے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ایران سے امریکی سرزمین کو کوئی فوری خطرہ نہیں: مارکو روبیو
بعد ازاں روسی صدر پوتن بھی ان سے ملے۔ اس موقع پر پوتن نے کہا کہ انہیں سہ فریقی ملاقات سے بڑے فائدے کی توقع ہے۔ ان کے مطابق، عالمی معیشت میں تقسیم اور بڑھتے ہوئے فوجی و سیاسی خطرات کے پیش نظر بڑی طاقتوں کے درمیان بات چیت ضروری ہے۔و ہائٹ ہاؤس کے مطابق جمعرات کی ملاقات میں جوہری ہتھیاروں میں کمی اور ایران کی جنگ سمیت اہم عالمی معاملات پر گفتگو متوقع ہے۔ فروری میں امریکہ اور روس کے درمیان جوہری ہتھیاروں سے متعلق نیو اسٹارٹ معاہدہ ختم ہونے کے بعد دونوں ممالک کے جوہری ذخائر پر عائد پابندیاں بھی ختم ہو چکی ہیں۔ ٹرمپ چاہتے ہیں کہ مستقبل میں ہونے والے کسی نئے معاہدے میں چین کو بھی شامل کیا جائے لیکن بیجنگ نے اپنے نسبتاً محدود جوہری ذخیرے کے باعث اس تجویز میں خاص دلچسپی ظاہر نہیں کی۔
یوکرین جنگ بھی اہم موضوع
یوکرین جنگ کا معاملہ بھی اس ملاقات میں اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ ابتداء میں امریکی حکام نے اشارہ دیا تھا کہ اس موضوع پر سہ فریقی مذاکرات میں با ت چیت نہیں ہوگی لیکن ٹرمپ نے بعد میں کہا کہ وہ اس معاملے کو بھی اٹھا سکتے ہیں۔واضح رہےکہ روس یوکرین جنگ کا اہم فریق ہے۔