• Thu, 19 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

غزہ میں بارش کے سبب خیموں میں رہنے والے پناہ گزینوں کو دشواری

Updated: November 19, 2026, 1:59 PM IST | Agency | Ramallah

بارش کا پانی خیموں میں داخل ہو کر خوراک کے محدود ذخائر کو برباد کر رہا ہے جبکہ بے گھر افرادکیلئے خود کو سردی سے بچانا اور کھانے کا انتظام کرنا مشکل۔

In Gaza, tents are submerged in water following rainfall. Photo: INN
غزہ میں بارش کے بعد خیمے پانی میں ڈوبے ہوئےہیں۔ تصویر: آئی این این

غزہ میں موسم سرما کی بارش نے پناہ کے عارضی انتظامات کو تباہ کر دیا ہے۔ بارش کا پانی خیموں میں داخل ہو کر خوراک کے محدود ذخائر کو برباد کر رہا ہے جبکہ بے گھر افرادکے لئے خود کو سردی سے بچانا اور کھانے کا انتظام کرنا مشکل ہو گیا ہے۔فلسطینی علاقوں کے لئے عالمی پروگرام برائے خوراک (ڈبلیو ایف پی) کے ڈائریکٹر شان ہیوز نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں بیشتر لوگ کھانا بنانے کے لئے کوڑا کرکٹ جلاتے ہیں لیکن اب کوڑا بھی بھیگ چکا ہے۔

انہوں نے گزشتہ ہفتے غزہ کا دورہ کرنے کے بعد جنیوا میں صحافیوں کو بتایا کہ سیلاب اور سیوریج کے پانی نے خیموں میں محفوظ خوراک کو تباہ کر دیا ہے۔ کھانا بنانے کے لئے گیس اور لکڑی یا تو دستیاب نہیں یا لوگوں کی قوت خرید سے باہر ہیں۔ علاقائی بحران پر عالمی ادارہ تارکین وطن(آئی او ایم) کے رابطہ کار کارل بیکر نے بتایا ہے کہ ایک دن کی بارش ہی سے ہزاروں عارضی پناہ گاہیں متاثر ہوئیں یا مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ایران سے امریکی سرزمین کو کوئی فوری خطرہ نہیں: مارکو روبیو

دونوں اداروں نے خبردار کیا ہے کہ غزہ کے ۱۷؍ لاکھ سے زیادہ با شندے بے گھر ہیں جبکہ ۱۴؍ لاکھ افراد کو شدید غذائی قلت کا سامنا ہے۔ ڈبلیو ایف پی بے گھر خاندانوں کی خیمہ بستیوں میں روزانہ ایک وقت کا تیار کھانا فراہم کرتا تھا لیکن اب صورتحال یہ ہے کہ ایک وقت کا کھانا بھی ہر دوسرے دن مہیا کیا جا رہا ہے۔

شان ہیوز نے بتایا ہے کہ غزہ کے تقریباً ۷۰؍ فیصد علاقے پر اسرائیل کے فوجی کنٹرول کے سبب کسی کے پاس خوراک اگانے کیلئے جگہ بھی باقی نہیں رہ گئی ہے۔ سمندر میں ماہی گیری ممنوع ہے اور ایسا کرنا جان لیوا بھی ہو سکتا ہے۔ بے روزگاری کی شرح۸۰؍ فیصد سے زیادہ ہے، چنانچہ انسانی امداد کے بغیر لوگوں کے پاس زندہ رہنے کا کوئی متبادل ذریعہ باقی نہیں رہتا۔عارضی بستیوں کے انتظام کو بہتر بنانا موسم سرما کے آغاز پر بے گھر خاندانوں کو تحفظ فراہم کرنے کا فوری اور موثر ترین طریقہ ہے۔آئی او ایم کے مطابق یہ کام فوری توجہ کا متقاضی ہے۔ امدادی ٹیمیں کئی ماہ سے سردیوں کی تیاری کے لئے کام کر رہی ہیں۔ اس سلسلے میں نکاسی آب کیلئے نالیاں کھودی گئی ہیں، راستوں کو مضبوط بنایا گیا ہے اور خالی بوریوں کو ریت سے بھر کر سیلابی پانی کا راستہ روکنے کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ان اقدامات کو جاری رکھنے اور وسعت دینے کے لئے آنے والے مہینوں میں کم از کم۹۰؍ لاکھ ڈالر درکار ہیں۔ یہ رقم سیلاب سے بچاؤ، آگ سے حفاظت کے انتظامات، حرارتی مراکز، روشنی کے انتظام اور ہنگامی بنیاد پر بستیوں کی بہتری پر خرچ کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK