Inquilab Logo

ہندوستان کو لداخ میں چیلنج درپیش مگر فوجیں تیار

Updated: September 16, 2020, 7:41 AM IST | Agency | New Delhi

وزیردفاع راج ناتھ سنگھ کا پارلیمنٹ میں اعلان، بتایا کہ بیجنگ کو واضح پیغام دے دیاگیا ہے کہ ایل اے سی پر کسی بھی طرح کی تبدیلی قابل قبول نہیں ہے ہندچین سرحدی تنازع پر ہندوستان کے موقف کو پوری وضاحت  کے ساتھ  پارلیمنٹ  میں پیش کرتے ہوئے  وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے منگل کو اعتراف کیا کہ لداخ میں ہندوستان کو چیلنج کا سامنا ہے۔

Rajnath Singh - Pic : PTI
راج ناتھ سنگھ ۔ تصویر : پی ٹی آئی

ہندچین سرحدی تنازع پر ہندوستان کے موقف کو پوری وضاحت  کے ساتھ  پارلیمنٹ  میں پیش کرتے ہوئے  وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے منگل کو اعتراف کیا کہ لداخ میں ہندوستان کو چیلنج کا سامنا ہے۔تاہم انہوں  نے اطمینان دلایا کہ ہندوستانی فوجیں ہر طرح کےحالات  سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔ 
 پارلیمٹ میں ا س سلسلے میں جاری کئے گئے بیان میں راج ناتھ سنگھ نےکہا ہے کہ کسی  کے ذہن  میں اپنی سالمیت اور خود مختاری کے تحفظ سے متعلق ہندوستان  کے عزم کے بارے  میں  کوئی شبہ نہیں رہنا چاہئے۔  انہوں  نے   چین کو پارلیمنٹ سے سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ مشرقی لداخ کے سرحدی علاقوں کی حیثیت کو یکطرفہ تبدیل کرنے کی اس کی کوشش کسی بھی طور منظور نہیں ہے۔ ہندوستان اس معاملے کا حل  بات چیت سے کرنا چاہتا ہے لیکن اپنی خود مختاری، علاقائی اتحاد و سالمیت کے دفاع کی خاطر  وہ تمام  ترصورتحال کے لیے تیار بھی ہے۔
 وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پارلیمنٹ  میں  بتایا  ہے کہ چین نے ایل اے سی پر اپریل سے ہی یکطرفہ تبدیلی کے ارادے سے فوج میں اضافہ شروع کر دیا  تھا اور پھر ہندوستانی فوج کی باضابطہ گشت میں خلل ڈالا گیا۔ بعد ازاں حل کیلئے جب فوجی کمانڈر کی سطح کی بات چیت پر اتفاق رائے ہوا تو اس کی خلاف ورزی کرکے چینی فوج نے ہندوستانی فوجیوں پر پرتشدد حملے کیے۔  انہو ں نے بتایا کہ ہمارے  بہادر سپاہیوں نے اپنی جان کی قربانی دی۔ وہ چینی فریق کو شدید نقصان پہنچانے کے ساتھ ہی اپنی سرحد کی حفاظت میں کامیاب رہے۔ ۱۵؍ جون کو گلوان وادی پر ہونے والے ٹکراؤ کے تعلق سے وزیر دفاع نے بتایا کہ ہندوستانی فوجوں نےچین سے اس کی قیمت وصول کی ہے جس میں ہلاکتیں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے ایوان کو یقین دہانی کرائی کہ اسے پراعتماد رہنا چاہئے کہ مسلح افواج کسی بھی چیلنج کا نہ صرف سامنا کرنےکی اہل ہیں بلکہ ہندوستان کا سرفخر سےبلند کردیںگی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK