Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان جاپان کے درمیان دفاع، ٹیکنالوجی اور توانائی سمیت کئی شعبوں میں معاہدے

Updated: July 02, 2026, 9:03 PM IST | New Delhi

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہندوستان اور جاپان نے خصوصی اسٹریٹجک اور عالمی شراکت داری کے ایک نئے باب کا آغاز کرتے ہوئے اقتصادی سلامتی، دفاع، مصنوعی ذہانت ، ٹیکنالوجی، توانائی کے تحفظ اور صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے کئی معاہدوں پر دستخط کیے اور متعدد اہم اقدامات کا اعلان کیا۔

Prime Minister Narendra Modi and Japanese Prime Minister Sanae Takaichi.Photo:PTI
وزیر اعظم نریندر مودی اور جاپان کے وزیر اعظم سانائے تاکائیچی-تصویر:پی ٹی آئی

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہندوستان اور جاپان نے خصوصی اسٹریٹجک اور عالمی شراکت داری کے ایک نئے باب کا آغاز کرتے ہوئے اقتصادی سلامتی، دفاع، مصنوعی ذہانت ، ٹیکنالوجی، توانائی کے تحفظ اور صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے جمعرات کو کئی معاہدوں پر دستخط کیے اور متعدد اہم اقدامات کا اعلان کیا۔
مودی نے ہندوستان کے تین روزہ دورے پر آئی جاپان کی وزیر اعظم سانائے تاکائیچی کے ساتھ  ہندوستان-جاپان سالانہ سربراہ اجلاس میں شرکت کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ موجودہ عالمی اتھل پتھل کے ماحول میں باہمی اعتماد ہمارا سب سے بڑا اسٹریٹجک سرمایہ ہے۔ وزیر اعظم نے ایک آزاد، خوشحال اور اصولوں پر مبنی ہند-بحرالکاہل  خطے کو ہندوستان اور جاپان کی مشترکہ ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان معاہدوں اور اقدامات سے خطے میں امن، استحکام اور ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ جاپان نے گزشتہ کئی دہائیوں میں آٹوموٹیو سے لے کر الیکٹرانکس تک، ہندوستان کے ترقیاتی سفر کا اہم شراکت دار بن کر دوستی اور اعتماد کا ایک انمول سرمایہ بنایا ہے۔ اب اسے آگے بڑھاتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان اتفاق ہوا ہے کہ جاپان اگلے دس سال میں ہندوستان میں ۱۰۰؍ کھرب ین کی سرمایہ کاری کرے گا اور ہندوستان میں سرگرم جاپانی کمپنیوں کی تعداد دوگنی ہو جائے گی۔ دونوں ممالک نے آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے اور معاہدے بھی کیے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:وزیر اعلیٰ وجےکی فلم ’’جنا نائیگن ‘‘ کو سینسر بورڈ سے ہری جھنڈی مل گئی


 وزیر اعظم نے کہا کہ وزیر اعظم تاکائیچی اور ان کا ماننا ہے کہ ٹیکنالوجی کے شعبے میں شراکت داری ہمارے تعاون کا سب سے مضبوط ستون بنے گی۔ اسی نقطہ نظر کو عملی جامہ پہنانے کے لیے، آج ہم نے مصنوعی ذہانت  (اے آئی) کے شعبے میں ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی اے آئی ایکو سسٹم کے کئی بڑے اداروں نے بھی آج اپنے جاپانی شراکت داروں کے ساتھ معاہدے کیے ہیں۔ جاپان کی درست ٹیکنالوجی اور ہندوستان کی سافٹ ویئر کی صلاحیت کا ملاپ عالمی اے آئی کی ترقی کو نئی رفتار اور طاقت دے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ دفاع کے شعبے میں آج ہم نے ہندوستان اور جاپان کے پہلے مشترکہ ترقیاتی پروجیکٹ پر دستخط کیے ہیں۔ نیول ریڈیو اینٹینا کا یہ پروجیکٹ ہماری دفاعی ٹیکنالوجی کی شراکت داری میں ایک نیا باب شروع کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب ہم ایسی دفاعی ٹیکنالوجیز مل کر تیار کریں گے جو علاقائی امن، بحری سلامتی اور اصولوں پر مبنی نظام کو مضبوط کریں گی۔ مسٹر مودی نے کہا کہ ہندوستان-جاپان سرمایہ کاری شراکت داری مسلسل آگے بڑھ رہی ہے۔ گزشتہ ایک سال میں ۱۰۰؍ سے زیادہ نئے تجارتی معاہدے ہوئے ہیں اور ہندوستان میں ۱۰؍ ارب ڈالر سے زیادہ کی جاپانی سرمایہ کاری آئی ہے۔ آج مالیاتی خدمات کی ایجنسیوں کے درمیان معاہدے سے سرمائے اور سرمایہ کاری کا بہاؤ مزید آسان ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا’’ہمارا ہدف واضح ہے- اگلے ۱۰؍ سال میں جاپان سے ہندوستان میں ۱۰۰؍ کھرب ین کی سرمایہ کاری، اور ہندوستان میں جاپانی کمپنیوں کی تعداد کو دُگنا کرنا۔‘‘
انہوں نے کہا کہ عالمی غیر یقینی صورتحال کے اس دور میں دونوں ممالک نے اقتصادی سلامتی کے لیے مشترکہ روڈ میپ تیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا’’اس کے ذریعے ہم سیمی کنڈکٹر، کوانٹم اور جدید ترین مواد جیسے اسٹریٹجک شعبوں میں سپلائی چین کو مضبوط کریں گے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ توانائی کے تحفظ کے شعبے میں بھی ہم نے کئی اہم فیصلے کیے ہیں۔ انہوں نے کہا’’ہندوستان-جاپان بائیو گیس پہل کے ذریعے ہم ہندوستان میں ایک ہزار بائیو گیس اور آرگینک فرٹلائزر پلانٹ لگائیں۔‘‘ اس سے ہندوستان کی گوبردھن  پہل مزید مضبوط ہوگی، دیہاتوں میں خوشحالی آئے گی اور دیہی روزگار کو نئی طاقت ملے گی۔

یہ بھی پڑھئے:فیفا ورلڈ کپ:انگلینڈ نے ڈی آر کانگو کو ہرایا، راؤنڈ آف ۱۶؍ میں جگہ بنائی


وزیر اعظم نے کہا کہ آج ہم نے ہندوستان-جاپان نیکسٹ جنریشن موبلٹی پارٹنرشپ فریم ورک  بھی تیار کیا ہے۔ اس سے اب ہم آٹوموٹیو سیکٹر میں اپنی کامیابی کو جہاز رانی، ہوا بازی اور لاجسٹکس جیسے شعبوں میں بھی دہرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فارما، میڈیکل ڈیوائسز اور بائیو ٹیک میں آج کیے گئے معاہدوں سے ہم عالمی صحت کے تحفظ میں بھی اپنا تعاون دیں گے۔ مودی نے کہا کہ ہندوستان اور جاپان کی معیشتیں ایک دوسرے کی متبادل اور تکمیلی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ثقافتی اقدار سے لے کر جدید ٹیکنالوجی تک، ہماری سوچ اور نقطہ نظر میں بھی یکسانیت ہے اور سب سے بڑھ کر، ہمارے تعلقات کی بنیاد اٹوٹ باہمی اعتماد پر ٹکی ہوئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK