Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان اور کوریا کے درمیان ڈجیٹل ادائیگی کے نظام کے انضمام پر معاہدہ

Updated: April 20, 2026, 6:01 PM IST | New Delhi

وزیرِاعظم نریندر مودی نے نئی دہلی کے حیدرآباد ہاؤس میں جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ کے ساتھ دوطرفہ ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے لیڈروں نے مشترکہ بیان جاری کیا۔

Modi And Lee Jae.Photo:INN
مودی اور لی جے میونگ۔ تصویر:آئی این این

وزیرِاعظم نریندر مودی نے پیر کے روز نئی دہلی کے حیدرآباد ہاؤس میں جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ کے ساتھ دوطرفہ ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے لیڈروں نے مشترکہ بیان جاری کیا۔ جنوبی کوریا کے صدر لی نے کہا کہ بڑھتی ہوئی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے بھارت میں کوریا فاؤنڈیشن اور کورین ایجوکیشن سینٹر کے تحت ہم کوریائی زبان اور مطالعاتی پروگراموں کو بھی فروغ دیں گے۔
جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ نے کہاکہ ’’میں ہندوستان کے عوام اور وزیرِاعظم مودی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے مجھے اور میرے وفد کو گرمجوشی سے خوش آمدید کہا۔ ہندوستان دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے جو تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ جنوبی کوریا کے صدر کے طور پر آٹھ سال میں پہلی بار آپ کے ملک کا سرکاری دورہ کرکے مجھے بے حد خوشی ہوئی ہے۔‘‘
انہوں نے کہاکہ ’’آج وزیرِاعظم اور میں نے اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تفصیلی بات چیت کی اور عالمی و علاقائی امور پر خیالات کا تبادلہ کیا۔ دنیا کی سب سے بڑی آبادی اور چوتھی بڑی معیشت کے ساتھ ہندوستان عالمی جنوب میں ایک لیڈر کے طور پر ابھرا ہے۔ آپ کے وکست بھارت  ۲۰۴۷ءوژن کے تحت ہندوستان نمایاں ترقی کر رہا ہے۔ جمہوریہ کوریا بھی چِپ سازی، سیمی کنڈکٹر اور ثقافتی صنعتوں میں ایک رہنما کے طور پر سامنے آیا ہے۔‘‘جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ نے کہاکہ ’’غیر یقینی صورتحال کے اس دور میں ہم اس بات پر متفق ہیں کہ ہندوستان اور کوریا باہمی ترقی اور جدت کو فروغ دینے کے لیے بڑے پیمانے پر تعاون کے بہترین شراکت دار ہو سکتے ہیں۔ ہم شپ بلڈنگ، مصنوعی ذہانت، مالیات اور دفاع جیسے اسٹریٹجک شعبوں میں تعاون بڑھانے اور ثقافتی و عوامی روابط کو فروغ دینے پر بھی متفق ہوئے ہیں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:مانچسٹر سٹی کی آرسنل پر فتح: خطاب کی جنگ میں نیا موڑ

انہوں نے کہاکہ ’’ہمارا ہدف ہندوستان اور جنوبی کوریا کے درمیان موجودہ۲۶؍ ارب ڈالر کے سالانہ تجارتی حجم کو ۲۰۳۰ء تک بڑھا کر تقریباً ۵۰؍ ارب ڈالر تک لے جانا ہے۔‘‘ جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ نے کہاکہ ’’ہندوستان اور جنوبی کوریا نے الیکٹرانک ادائیگی کے نظام کو جوڑنے کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت دونوں ممالک کے شہری ایک دوسرے کے ملک میں جا کر مقامی کیو آر کوڈ سسٹم کے ذریعے ادائیگی کر سکیں گے۔ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان سفر کو مزید آسان بنائے گا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:مدثر عزیز اور آیوشمان کھرانہ کی ’’پتی، پتنی اور وہ ۲‘‘ کا ٹیزر ریلیز


انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم مودی اور میں نے مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ وہاں استحکام اور امن کی بحالی عالمی سلامتی اور معیشت کے لیے نہایت ضروری ہے۔
ہندوستان اور کوریا کے درمیان سنیما، ثقافت، زبان اور تعلیم کے حوالے سے لی جے میونگ نے کہاکہ ’’تخلیقی شعبے سے متعلق مفاہمتی یادداشت کے تحت ہم نے ممبئی-کوریا سینٹر قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ امید ہے کہ یہاں کے-پاپ اور بالی ووڈ مل کر ایک مضبوط ثقافتی تعاون کو فروغ دیں گے۔ہندوستان میں کوریا فاؤنڈیشن اور کورین ایجوکیشن سینٹر کے تحت ہم کوریائی زبان اور مطالعاتی پروگراموں کو بھی وسعت دیں گے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK