Updated: November 26, 2026, 5:04 PM IST
| Christchurch
ہندوستانی ٹیم کے گیندبازی کوچ مورنے مورکل نے نیوزی لینڈ کے خلاف کرائسٹ چرچ میں دوسرے اور آخری ٹیسٹ سے پہلے اپنی ٹیم سے کہا ہے کہ وہ اپنے کھیل میں مایوسی کو حاوی نہ ہونے دے۔ ایک جیت سے ہندوستان کی عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کے فائنل میں جگہ بنانے کی امیدیں برقرار رہیں گی، لیکن مورکل نے اپنی ٹیم پر زور دیا کہ وہ بیرونی شور کو نظر انداز کرے اور کھیل کو سیشن در سیشن آگے بڑھائے۔
مورنے مورکل۔ تصویر:آئی این این
ہندوستانی ٹیم کے گیندبازی کوچ مورنے مورکل نے نیوزی لینڈ کے خلاف کرائسٹ چرچ میں دوسرے اور آخری ٹیسٹ سے پہلے اپنی ٹیم سے کہا ہے کہ وہ اپنے کھیل میں مایوسی کو حاوی نہ ہونے دے۔ ایک جیت سے ہندوستان کی عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کے فائنل میں جگہ بنانے کی امیدیں برقرار رہیں گی، لیکن مورکل نے اپنی ٹیم پر زور دیا کہ وہ بیرونی شور کو نظر انداز کرے اور کھیل کو سیشن در سیشن آگے بڑھائے۔
مورکل نے کہاکہ سب سے پہلے، مایوسی ایک ایسی چیز ہے جسے ایک ٹیم کے طور پر ہمیں اچھی طرح سمجھنے کی ضرورت ہے۔ مجھے مایوسی کا لفظ پسند نہیں ہے، کیونکہ اس کے بعد کھلاڑی میدان میں اتر کر ضرورت سے زیادہ کوشش کرنے لگتے ہیں اور اپنی گیندبازی کی درست لائن اور لینتھ سے بھٹک جاتے ہیں۔ اس لیے میرے لیے اگلے ہفتے اس بات پر توجہ دینا اہم ہے کہ ہم دوبارہ اپنی بنیادی حکمت عملی کی طرف لوٹیں اور بیرونی شور کو نظر انداز کریں۔ انہوں نے کہاکہ میں آپ کو بتاتا ہوں کہ یہ تمام کھلاڑی ڈبلیو ٹی سی فائنل میں کھیلنا چاہتے ہیں اور وہاں تک پہنچنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ لیکن حقیقت پسندانہ طور پر دیکھا جائے تو یہ ایک چیلنج ہوگا۔ اس لیے ہر خراب سیشن کے بعد ہم ان چیزوں میں نہیں الجھ سکتے جنہیں کرنے کی ہمیں ضرورت ہے۔ ہمیں صرف اپنی بہترین کرکٹ کھیلنے، حل تلاش کرنے اور اسی بنیاد پر آگے بڑھنے پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی۔ یہ ایک ایسی چیز ہوگی جس پر ہم بہت بات کریں گے اور کھیل کو سیشن در سیشن تقسیم کرکے اس بات پر توجہ دیں گے کہ ہم اپنی بہترین کرکٹ کیسے کھیل سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:آسٹریلوی سینیٹ میں بچی کو گود میں لے کر تقریر، ساتھی سینیٹر ’پیکابو‘ سے بچی کو بہلایا
مورکل نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ کے لیے ہیگلے اوول کی پچ بہت زیادہ ہری دکھائی دے رہی تھی، لیکن گزشتہ ہفتے بیسن ریزرو کی پچ بھی کچھ ایسی ہی نظر آ رہی تھی، جو بعد میں توقعات کے مطابق ثابت نہیں ہوئی۔ اس لیے وہ پچ کی ظاہری حالت کو زیادہ اہمیت نہیں دے رہے ہیں۔مورکل نے کہاکہ میں نے جو دیکھا ہے، اس کے مطابق پچ ایک بار پھر بہت ہری دکھائی دے رہی ہے۔ میرے خیال میں وہاں گھاس کافی لمبی ہے۔ ہمیں دیکھنا ہوگا کہ اس پر کھیل کیسا رہتا ہے۔ جیسا کہ میں نے کہاکہ ہر کسی کو امید تھی کہ گزشتہ میچ میں وکٹ تیز ہوگی اور اس پر اچھا باؤنس ملے گا، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ پھر، ان چیزوں پر ہمارا کوئی اختیار نہیں ہے۔ ہمیں کل پہلے سیشن میں بلے اور گیند دونوں سے ان حالات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے، جن کا ہمیں سامنا کرنا پڑے گا۔
ویلنگٹن کی انتہائی ہموار پچ پر ہندوستان کے چار رکنی فاسٹ بالنگ اٹیک میں ایک کمی محسوس ہوئی تھی اور کرائسٹ چرچ میں گیند میں کچھ رفتار اور کاٹ پیدا کرنے کے لیے گرنور برار کو موقع دیا جا سکتا ہے، جن کی گیند کافی تیزی سے نرم ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔
مورکل نے کہاکہ جب سے وہ ہندوستانی ٹیم میں شامل ہوئے ہیں، ان کی رفتار اور باؤنس کے تعلق سے کافی جوش و خروش ہے۔ انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ تمام گیند باز انتخاب کے لیے دستیاب ہیں۔ میرا خیال ہے کہ وہ ایسا لڑکا ہے جو یہاں کے حالات سے ہم آہنگ ہو سکتا ہے۔ آگے وہ کس طرح کارکردگی کا مظاہرہ کرتا ہے، اس پر ہماری نظر رہے گی۔ گرنور اپنی جگہ بنانے کے لیے مسلسل دعویداری پیش کر رہے ہیں۔ وہ تمام درست کام کر رہے ہیں۔ لیکن ایک کھلاڑی کے طور پر انتخاب ایسی چیز ہے جس پر اس کا اختیار نہیں ہے۔ اسے بس یہ یقینی بنانا ہے کہ جب بھی اسے موقع ملے، وہ پوری طرح تیار ہو۔ کئی بار جب آپ موقع کے قریب ہوتے ہیں تو ایک گیند باز کی حیثیت سے آپ کی توجہ بھٹک سکتی ہے۔ جب اسے موقع ملے گا اور آپ کبھی نہیں جان سکتے کہ ایسا کب ہوگا، تو میرا کام یہ یقینی بنانا ہے کہ وہ ۱۰۰؍ فیصد تیار ہو۔
مورکل نے انشول کمبوج سے بھی صبر کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی، جن کے ٹیسٹ کیریر کا آغاز دو انتہائی ہموار پچوں پر کافی مشکل رہا ہے۔ گزشتہ سال انگلینڈ کے دورے کے دوران زخمی کھلاڑی کی جگہ ٹیم میں شامل کیے گئے کمبوج نے اولڈ ٹریفورڈ میں اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلا تھا اور اپنے ۱۸؍اوور میں ۸۹؍ رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا تھا۔ اس دوران ان کی گیندبازی کی رفتار واضح طور پر کم تھی اور وہ درست لائن و لینتھ برقرار رکھنے کے لیے جدوجہد کرتے نظر آئے۔ ویلنگٹن میں انہوں نے نئی گیند سے گیندبازی کا آغاز کیا، نائٹ واچ مین کے طور پر ۳۸؍رن کی تیز اننگز کھیلی اور آخری دن نسبتاً سازگار حالات میں خاص طور پر اچھی گیندبازی کی، لیکن دن کے اختتام تک ان کی رفتار میں کمی نظر آنے لگی اور ان کے نام کوئی خاص کامیابی نہیں رہی۔
یہ بھی پڑھئے:اسپیلبرگ کانولن کو بڑا مشورہ، ’’دی اوڈیسی‘‘ کے بعد ’’دی الیاڈ‘‘ بنانے کی پیشکش
مورکل نے کہاکہ صرف وہی نہیں تھا، نیوزی لینڈ کی ٹیم کو بھی دیکھیں، اس پچ پر گیندبازی کی رفتار کم تھی۔ آپ کسی کھلاڑی کو اس کے پہلے ٹیسٹ کی بنیاد پر بھی نہیں پرکھ سکتے۔ اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلتے وقت بہت سے جذبات اور کئی طرح کی باتیں ذہن میں ہوتی ہیں۔ اس لیے آئیے، اس کھلاڑی کی حمایت کریں جو سخت محنت کر رہا ہے اور ٹیم کے لیے اپنا پورا زور لگا رہا ہے۔ آئیے، اسے مناسب موقع دیں، اسے ابتدائی چند میچ کھیلنے دیں اور اس کے بعد ہم اس پر بات کر سکتے ہیں۔ میرے خیال میں اس سطح پر کسی کھلاڑی کے بارے میں رائے قائم کرنے کے لیے ابھی بہت جلدی ہے۔
ہندوستان ویلنگٹن میں آخری دن نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم کو آؤٹ نہیں کر سکا تھا۔ مورکل نے اس کی بڑی وجہ ایسی پچ کو قرار دیا جس پر بہت تیزی سے رفتار ختم ہوگئی تھی ۔ کرائسٹ چرچ کے لیے ان کا سبق یہ تھا کہ نئی کوکابورا گیند کا بھرپور فائدہ اٹھایا جائے اور گیند کی لائن و لینتھ کے معاملے میں بہادرانہ انداز اپنایا جائے، چاہے اس دوران ابتدائی طور پر کچھ رن ہی کیوں نہ دینے پڑیں۔ مورکل نے کہاکہ اعداد و شمار اور حقائق، یعنی واضح طور پر سامنے آنے والے حقائق یہ ہیں کہ ویلنگٹن کی پچ نے ٹیسٹ میچ کے آغاز میں ہی بہت تیزی سے اپنی رفتار کھو دی تھی۔ اس کے بعد ہمیں فوری طور پر اپنی حکمت عملی میں تبدیلی لانے کی ضرورت تھی۔ لیکن اس کے باوجود میرے خیال میں ہم نے کچھ مواقع پیدا کیے۔ مثال کے طور پر، اگر آکاش دیپ کو رن آؤٹ یا شارٹ لیگ پر کیچ مل جاتا تو آپ کے سامنے کچھ امکانات پیدا ہو جاتے۔ اس لیے جب حالات مشکل ہو جاتے ہیں اور پچ سست پڑنے لگتی ہے تو ایک ٹیم کے طور پر ہمیں ان ۵۰۔۵۰؍مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ اس سے کھیل بہت مشکل ہو جاتا ہے، خاص طور پر جب پچ کے ساتھ گیند نرم ہونے پر اس کی رفتار بھی کچھ کم ہو جاتی ہے۔ کوکابورا گیند کے ساتھ۱۶؍ سال کھیلنے کے اپنے تجربے کی بنیاد پر میں کہہ سکتا ہوں کہ آپ کو نئی گیند کا پورا فائدہ اٹھانا ہوتا ہے۔ آپ کو گیند درست جگہ پر ڈالنی ہوتی ہے اور بعض اوقات اپنی لائن اور لینتھ کے معاملے میں قدرے جرأت مندانہ انداز اپنانا پڑتا ہے، چاہے اس دوران کچھ رن کیوں نہ بن جائیں۔ کیونکہ جب گیند نرم ہو جاتی ہے تو آپ ہمیشہ فیلڈروں کو دائرے کے اندر لگا کر رن بنانے کی رفتار کو دوبارہ قابو میں کر سکتے ہیں۔ ہماری گیندبازی یونٹ اور پوری ٹیم کو یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے اور ہمیں اس میں مزید بہتری لانی ہوگی۔ ہندوستان میں ہم ایس جی گیند سے کھیلتے ہیں، جہاں کھیل میں اسپن کا اہم کردار ہوتا ہے۔ لیکن ان حالات میں کوکابورا گیند کے ساتھ کھیلنے کا طریقہ مختلف ہوتا ہے، جس سے آپ کو ہم آہنگ ہونا پڑتا ہے اور بعض اوقات تھوڑی جرأت بھی دکھانی پڑتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:سورَو داس کے پاسپورٹ کی تفصیلات لیک، BJP سے وابستہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر الزام
موجودہ ڈبلیو ٹی سی سائیکل میں ہندوستان کے لیے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے محمد سراج کو ویلنگٹن میں پلیئنگ الیون سے باہر رکھا گیا تھا۔ ٹاس کے وقت شبھ من گل نے اس فیصلے کو کافی مشکل قرار دیا تھا۔ مورکل نے اس تیز گیند باز پر اعتماد برقرار رکھا، لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ٹیم میں واپسی کا راستہ انہیں خود تلاش کرنا ہوگا۔ سراج کے بارے میں مورکل نے کہاکہ میرا خیال ہے کہ وہ اچھی گیندبازی کر رہے ہیں۔ اس وقت وہ جس دور سے گزر رہے ہیں، اسے دیکھتے ہوئے میرے لیے وہ عالمی معیار کے گیند باز ہیں۔ بعض اوقات فیصلے کرنا اور کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا مشکل ہوتا ہے، یہ آسان نہیں ہے۔ میں نے ان سے یہی کہا کہ دیکھو، آئیے دوبارہ بنیادی چیزوں پر توجہ مرکوز کرتے ہیں۔ اس وقت ہم کہاں کھڑے ہیں، ہمیں کن چیزوں میں بہتری لانے کی ضرورت ہے اور ہم کہاں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں؟ انتخاب ہمارے اختیار میں نہیں ہے۔ یہ پوری طرح اپنی ذمہ داری قبول کرنے اور اسے سمجھنے کی بات ہے۔