Updated: November 26, 2026, 3:08 PM IST
| New Delhi
کاکروچ جنتا پارٹی کے کنوینر سورَو داس نے بی جے پی سے وابستہ بعض سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ان کے پاسپورٹ کی تفصیلات عام کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ داس کو دو دن قبل برطانیہ جانے سے روک دیا گیا تھا، جہاں انہیں نوجوانوں کے احتجاج پر مختلف یونیورسٹیوں میں خطاب کرنا تھا۔ وزارتِ خارجہ نے بھی ان کی جائے پیدائش سے متعلق وضاحت طلب کرتے ہوئے نوٹس جاری کیا ہے۔
سورَو داس۔ تصویر: آئی این این
کاکروچ جنتا پارٹی کے کنوینر سورَو داس نے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی سے وابستہ بعض سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے ان کے پاسپورٹ کی تفصیلات لیک کردی ہیں۔ انہوں نے وزارتِ خارجہ سے سوال کیا کہ کیا شہریوں کے پاسپورٹ کی معلومات لیک ہونا معمول کی بات ہے؟ داس نے بدھ کی رات دیر گئے یہ الزام عائد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی تشویش ناک معاملہ ہے۔ دو دن قبل انہیں برطانیہ جانے سے روک دیا گیا تھا، جہاں انہیں ہندوستان میں نوجوانوں کے احتجاج کے موضوع پر کئی یونیورسٹیوں میں خطاب کرنا تھا۔ اس سے قبل بدھ کو وزارتِ خارجہ نے کہا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رپورٹوں کی بنیاد پر داس کو نوٹس جاری کیا گیا ہے، جس میں ان سے سات دن کے اندر جائے پیدائش کے بارے میں وضاحت طلب کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: سورَو داس کے پاسپورٹ کی تفصیلات لیک، BJP سے وابستہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر الزام
سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں داس نے وزارت سے سوال کیا کہ کیا ’’نئے ہندوستان میں کسی کی ذاتی معلومات عام کرنا (ڈوکسنگ) قانونی قرار دے دیا گیا ہے؟‘‘ ڈوکسنگ (Doxing) سے مراد کسی شخص کی نجی یا شناخت سے متعلق معلومات اس کی اجازت کے بغیر انٹرنیٹ پر عام کرنا ہے۔ داس نے کہا کہ وہ ان تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے خلاف فوجداری شکایت درج کرائیں گے، جنہوں نے ان کے پاسپورٹ کی تفصیلات عام کی ہیں۔ انہوں نے لکھا، ’’اور ان لوگوں کے لیے جو موجودہ ماحول میں قانون سے بے خوفی کو ہمیشہ کے لیے قانونی تحفظ سمجھ بیٹھے ہیں، میں ہر واقعے اور اس میں ملوث ہر اکاؤنٹ کا ریکارڈ جمع کررہا ہوں۔‘‘ کاکروچ جنتا پارٹی کے کنوینر نے مزید کہا، ’’حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں۔ وقت آنے پر انہیں قانون کے پورے غضب کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان کے لیے ملک سے فرار ہونے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچے گا۔‘‘
منگل کو پریس کانفرنس میں داس نے بتایا تھا کہ انہیں پرواز سے صرف پانچ گھنٹے قبل ای میل کے ذریعے جاری کردہ شوکاز نوٹس کا جواب نہ دینے کی وجہ سے سفر کرنے سے روکا گیا۔ یہ نوٹس چنئی کے علاقائی پاسپورٹ دفتر نے ان کے دستاویزات میں مبینہ تضادات کے سلسلے میں جاری کیا تھا۔ داس کے مطابق، نوٹس میں مبینہ تضادات کی تفصیلات نہیں دی گئی تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کا پاسپورٹ ۲۰۱۹ء میں جاری کیا گیا تھا۔ انہوں نے حکام سے سوال کیا، ’’اس وقت آپ نے مجھے پاسپورٹ کیوں جاری کیا تھا؟‘‘
یہ بھی پڑھئے: آج اعظم خان کی موجودگی میں ایس پی کا انتخابی منشور جاری ہوگا
نوٹس میں داس سے وضاحت طلب کی گئی تھی کہ ان کا پاسپورٹ ضبط کیوں نہ کرلیا جائے، کیونکہ پاسپورٹ حاصل کرنے کے لیے جمع کرائے گئے دستاویزات اور آدھار کارڈ میں مبینہ طور پر تضاد پایا گیا ہے۔ دی ہندو نے منگل کو نام ظاہر نہ کرنے والے سرکاری اہلکاروں کے حوالے سے یہ اطلاع دی تھی۔ پاسپورٹ دفتر نے یہ نوٹس ۳۰؍ اکتوبر کو مدراس ہائی کورٹ کے ایک حکم کے بعد جاری کیا تھا۔ عدالت میں دائر درخواست میں حکومت سے داس کی شہریت اور پس منظر کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ اس وقت عدالت نے درخواست پر داس اور مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کیے تھے۔ درخواست میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا تھا کہ اگر داس غیر ملکی شہری ثابت ہوں تو ان کا پاسپورٹ منسوخ کیا جائے، نیز ان کے والدین کی ذاتی تفصیلات کی بھی تحقیقات کی جائیں۔
بدھ کو پریس کانفرنس میں وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ پاسپورٹ کی درخواست کے عمل میں درخواست گزار کے لیے درست معلومات فراہم کرنا ضروری ہے۔ داس کو نوٹس جاری کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے جیسوال نے کہا کہ انہیں ’’جواب جمع کرانے تک پاسپورٹ استعمال نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ملک میں ہر۵؍ میں سے ایک بچہ شدید غذائی قلت کا شکار ہوتا ہےاور تقریباً ایک تہائی بچے کم وزن ہوتے ہیں
کاکروچ جنتا پارٹی کی سیاسی مہم نے تحقیقاتی صحافی داس کو ۳؍ جون کو اپنا چیف ترجمان مقرر کیا تھا۔ یہ تقرری اس احتجاج سے چند دن قبل ہوئی تھی، جس میں اُس وقت کے مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان سے مسابقتی امتحانات کے انعقاد میں مبینہ بے ضابطگیوں کے الزام پر استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ ۲۵؍ جولائی کو پردھان نے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس سے قبل دہلی میں مظاہرین کے خلاف پولیس کارروائی کے بعد احتجاج ملک کے دیگر حصوں میں بھی پھیل گیا تھا۔ داس ان احتجاجی مظاہروں کے اہم رہنماؤں میں شامل تھے اور مہم کے ایک اور ترجمان اشوتوش رنکا کے ساتھ مرکزی حکومت سے مذاکرات بھی کیے تھے۔ا