Inquilab Logo

کورونا متاثرین کی تعداد میں۳؍ دن میں ایک لاکھ کا اضافہ،راہل گاندھی کا اظہارِ تشویش

Updated: July 15, 2020, 11:52 AM IST | Agency | New Delhi

کو وِڈ۱۹؍ کے خلاف لڑائی میں’ہندوستان کی پوزیشن بہتر‘ ہونے کے دعوے پر سوال اٹھایا اور ڈبلیو ایچ او کے سربراہ کے بیان کا ویڈیو شیئر کیا

Rahul Dravid - Pic : INN
راہل گاندھی ۔ تصویر : آئی این این

 ملک میں کورونا وائرس ’کووڈ-۱۹‘ سے متاثر ہونے والوں کی تعداد میں ہورہے مسلسل اضافے پر تشویش کااظہار کرتےہوئے کانگریس  لیڈر راہل گاندھی نے منگل کو اپنے ایک ٹویٹ کے ذریعہ متنبہ کیا ہے کہ ’’اس ہفتے  ہمارے ملک میں  یہ تعداد ۱۰؍ لاکھ کو پار کرجائے گی۔‘‘ اس کے ساتھ ہی انہوں  نے اپنے اس ٹویٹ کے ذریعہ وزیر داخلہ امیت شاہ کے اس دعوے پر سوالیہ نشان لگادیا ہے کہ کورونا کے  خلاف لڑائی میں  ’’ہندوستان  کی پوزیشن بہتر‘‘ ہے۔  راہل گاندھی نے اس کے ساتھ ہی ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ  کے اس بیان کا ویڈیو بھی شیئر کیا ہے جس میں  انہوں نے متنبہ کیا ہے کہ اگر ٹھوس  قدم نہ اٹھائے گئے تو کورونا کی صورتحال ابھی  مزید بد سے بتر ہوگی۔‘‘
کورونا کے خلاف قوت مدافعت کی مدت قلیل
  ڈبلیو ایچ او سربراہ نے کہا ہے کہ ’’دنیا کے کئی ممالک کورونا سےنمٹنے کے معاملے  میں غلط سمت پر جارہے ہیں۔ کورونا کے معاملات بڑھ رہے ہیں جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ جن احتیاط کو اپنانے کیلئے کہا جارہاہے ان پر عمل نہیں ہورہاہے۔  ڈبلیو ایچ او سربراہ نے کہا ہے کہ ’’ہمیں کورونا کے ساتھ جینا سیکھنا ہوگا، یہ امید کہ وائرس کو ختم کیا جاسکتاہے، یا کچھ مہینوں  میں  موثر ٹیکہ تیار ہوجائے گا پوری طرح صحیح نہیں ہے۔‘‘
  انہوں  نے اس بات پر تشویش کااظہار کیا کہ کورونا کے خلاف جس میں جو قوت مدافعت پیدا ہوتی ہے اس کی مدت قلیل ہوتی ہے۔
  انہوں نے کہا کہ ’’ ابھی تک یہ پتہ نہیں ہے کہ کورونا سے ٹھیک ہونے کے بعد جسم میں اس   کے خلاف قوت مدافعت پیدا ہورہی ہے یا نہیں اور اگر ہورہی ہے تو کتنے مدت کیلئے ۔‘‘ انہوں  نے بتایا کہ  اب تک کی تحقیق میں پایاگیا ہے کہ جسم میں کورونا کے خلاف پیدا ہونے والی  قوت مدافعت قلیل مدت کیلئے ہوتی ہے۔
 ہندوستان میں  متاثرین  میں  تیز رفتاراضافہ
 ۲۸؍ ہزار ۴۹۸؍ نئے معاملات  کے ساتھ ملک میں  کورونا سے متاثر افرادکی تعداد سوا ۹؍ لاکھ ہوگئی ہے۔  اندیشہ ہے کہ اسی ہفتے ہندوستان  ۱۰ ؍ لاکھ کا ہندسہ پار کرلےگا۔  ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد ۸؍ لاکھ سے ۹؍ لاکھ ہونے میں محض  ۳؍ دن لگے ہیں جو تشویشناک ہے۔
   ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد کو ایک لاکھ پہنچنے میں ۱۱۰؍ دن لگے تھے مگر اس کے بعد محض ۵۶؍ دنوں میں وہ ۹؍ لاکھ کے ہندسے کو پار کرچکی ہےجو انتہائی تشویشناک  ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK