Inquilab Logo

’’ ہندوستان - قطر کا اٹوٹ رشتہ باہمی اعتماد اور تعاون کیعلامت ‘‘

Updated: February 16, 2024, 12:06 PM IST | Agency | Doha

وزیراعظم مودی کی امیرقطراور اپنے قطری ہم منصب سےملاقات، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، مالیات جیسے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال۔

Prime Minister Modi and Emir of Qatar interacting at Shahi Mahal. Along with External Affairs Minister Jaishankar and Minister of Qatar. Photo: PTI
شاہی محل میں وزیراعظم مودی اور امیر قطر بات چیت کرتے ہوئے۔ ساتھ میں وزیرخارجہ جے شنکر اور قطرکے وزیر۔ تصویر:پی ٹی آئی

وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو یہاں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور ان کے والد امیر حمد بن خلیفہ الثانی سے ملاقات کی اور دو طرفہ تعاون کے مستقبل پر مبنی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ وزارت خارجہ کے مطابق وزیراعظم مودی نے قطر کے امیری پیلیس میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی۔ قطر کے امیر نے وزیراعظم مودی کا محل میں شاندار رسمی استقبال کیا۔ اس موقع پر انہیں  گارڈآف آنر بھی پیش کیاگیا۔ 
اسکے بعد دونوں فریقین نے وفود کی سطح پر مذاکرات کئے۔ بات چیت میں اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری، توانائی کی شراکت داری، خلائی تعاون، شہری انفراسٹرکچر، ثقافتی بندھن اور عوام کے درمیان روابط سمیت متعدد موضوعات کا احاطہ کیا گیا۔ دونوں لیڈران نے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ 
  وزیر اعظم مودی نے قطر میں ۸؍ لاکھ سے زیادہ ہندوستانی کمیونٹی کی دیکھ بھال کرنے کے لئے امیر کا شکریہ ادا کیا اور قطر کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے اور گہرا کرنے کے ہندوستان کے عزم سے آگاہ کیا۔ انہوں نے امیر کو جلد ہندوستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔ قطر کے امیر نے بھی وزیر اعظم جیسے جذبات کا اظہار کیا۔ امیر نے خلیجی خطے میں ایک قابل قدر شراکت دار کے طور پر ہندوستان کے کردار اور قطر کی ترقی میں متحرک ہندوستانی برادری کے تعاون اور مختلف بین الاقوامی تقریبات میں ان کی پرجوش شرکت کی تعریف کی۔ ملاقات کے بعد امیری پیلس میں وزیراعظم کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ اس کے بعد مودی وطن روانہ ہو گئے۔ 
اس سے پہلے سہ پہر کو وزیر اعظم مودی نے دوحہ میں امیر کے والد امیر حمد بن خلیفہ الثانی سے ملاقات کی اور انہیں ان کی دور اندیش قیادت کیلئے مبارکباد دی جنہوں نے گزشتہ دہائیوں میں قطر کی ترقی کی راہ ہموار کی ہے۔ دونوں لیڈران نے ہندوستان۔ قطر تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ امیر کے والد نے کہا کہ ہندوستان اور قطر کا اٹوٹ رشتہ ہے، جو باہمی اعتماد اور تعاون کی علامت ہے۔ انہوں نے قطر کی ترقی اور دو طرفہ شراکت داری کو فروغ دینے میں ہندوستانی برادری کے کردار کی بھی تعریف کی۔ 
 قبل ازیں وزیر اعظم نریندر مودی، قطر کے دورے پر بدھ کی دیر رات دوحہ پہنچے، تو ہوائی اڈے پر قطر کے امور خارجہ کے وزیر مملکت سلطان بن سعد الموریخی نے ان کا استقبال کیا۔ اسکے بعد انہوں نے قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی سے ملاقات کی۔ وزارت خارجہ کے مطابق دونوں لیڈران نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، مالیات اور ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے مغربی ایشیا میں حالیہ پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا اور خطے اور اس کے ارد گرد امن اور استحکام کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ قطر کے وزیر اعظم نے وزیر اعظم مودی کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام بھی کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK