• Sun, 22 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ویلنگٹن ٹیسٹ میں ہندوستان کی گرفت مضبوط

Updated: November 22, 2026, 4:04 PM IST | Wellington

ہندوستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے۔ رشبھ پنت کی شاندار ۱۲۸؍ رن کی اننگز اور دھرو جریل کے جارحانہ ۷۸؍ رن کی بدولت ہندوستان نے پہلی اننگز میں ۷۲۰؍رن پر ۹؍ وکٹ کے نقصان پر اننگز ڈکلیئر کی۔

Rishabh Pant.Photo:X
رشبھ پنت۔ تصویر:ایکس

ہندوستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے۔ رشبھ پنت کی شاندار ۱۲۸؍ رن کی اننگز اور دھرو جریل کے جارحانہ ۷۸؍ رن  کی بدولت ہندوستان نے پہلی اننگز میں ۷۲۰؍رن پر ۹؍ وکٹ کے نقصان پر اننگز ڈکلیئر کی اور۳۵۲؍ رن کی بڑی برتری حاصل کی۔ اس کے بعد جسپریت بمراہ اور پرسدھ کرشنا نے نیوزی لینڈ کی دوسری اننگز میں ابتدائی وکٹ حاصل کرکے چوتھے دن کھیل کے اختتام تک میزبان ٹیم کا اسکور ۴۵؍ اوورس میں ۲؍ وکٹ پر۱۱۹؍ رن کردیا۔ نیوزی لینڈ اب بھی ۲۳۳؍ رن پیچھے ہے اور اس کی ۸؍ وکٹ باقی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:برطانیہ کا ہزاروں فریجوں کو ہیکر سے بچانے کے لیے خفیہ آپریشن کا آغاز: رپورٹ

دن کا کھیل شروع ہونے پر ہندوستان کا اسکور ۴؍ وکٹ پر ۴۸۶؍ رن تھا۔ ٹیم نے مزید ۲۳۴؍ رن جوڑ کر اپنی برتری کو غیر معمولی حد تک پہنچا دیا۔ رات کے ناٹ آؤٹ بلے باز رشبھ پنت نے جارحانہ انداز برقرار رکھتے ہوئے ۱۳۵؍ گیندوں پر سنچری مکمل کی۔ انہوں نے گلین فلپس کی گیند پر لانگ آف کے اوپر چھکا لگا کر یہ سنگ میل عبور کیا۔ پنت نے ۱۵۳؍ گیندوں پر ۱۰؍ چوکوں اور۶؍ چھکوں کی مدد سے ۱۲۸؍ رن بنائے۔ وہ راچن رویندر کی گیند پر ڈیپ مڈ وکٹ کے اوپر شاٹ کھیلنے کی کوشش میں نیتھن اسمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
پنت اور انشول کمبوج نے پانچویں وکٹ کے لیے ۸۵؍ گیندوں پر ۶۸؍ رن جوڑے۔ کمبوج نے۴۲؍ گیندوں پر ۶؍چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۳۸؍ رن بنائے، لیکن فلپس کی گیند پر ڈیون کونوے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد دھرو جریل نے پنت کے ساتھ ہندوستان کی رن بنانے کی رفتار برقرار رکھی۔ انہوں نے ۷۹؍ گیندوں پر ۷؍چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۷۸؍ رن بنائے۔ پنت اور جریل نے چھٹی وکٹ کے لیے ۸۴؍ گیندوں پر ۷۵؍ رن کی شراکت داری کی اور ہندوستان کو ۶۰۰؍رن کے پار پہنچایا۔پنت کے آؤٹ ہونے کے بعد جریل نے واشنگٹن سندر کے ساتھ مزید ۵۴؍ رن جوڑے۔ سندر نے ۲۶؍ گیندوں پر ۲۴؍ رن بنائے، لیکن راچن رویندر کی گیند پر واپسی کیچ دے بیٹھے۔ جریل بھی فلپس کی گیند پر آگے بڑھ کر شاٹ کھیلنے کی کوشش میں ناکام رہے اور ٹام بلنڈل نے انہیں اسٹمپ آؤٹ کردیا۔ آکاش دیپ نے آخر میں پانچ گیندوں پر۱۳؍ رن بنائے، جس میں فلپس کے خلاف دو چھکے شامل تھے۔ وہ ٹام لیتھم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اننگز ڈکلیئر کیے جانے کے وقت بمراہ ۷؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ تھے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے گلین فلپس نے ۳؍ وکٹ لیے، جبکہ راچن رویندر کو ۲؍ وکٹ ملے۔

یہ بھی پڑھئے:’’میرے خیال میں سورج بڑجاتیا خود بھی پریم جیسے انسان ہیں‘‘

۳۵۲؍ رن کے خسارے کے ساتھ دوسری اننگز میں اتری نیوزی لینڈ کی شروعات بھی خراب رہی۔ بمراہ نے اپنے پہلے ہی اوور میں کپتان ٹام لیتھم کو آؤٹ کردیا۔ لیتھم دوسری گیند پر کھاتہ کھولے بغیر رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ وہ اس میچ میں دوسری مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔ ڈیون کونوے اور ہنری نکولس نے دوسری وکٹ کے لیے ۶۰؍ رن جوڑ کر اننگز سنبھالنے کی کوشش کی۔ نکولس نے ۵۹؍ گیندوں پر ۳۱؍ رن بنائے، لیکن پرسدھ کرشنا نے ۲۳؍ویں اوور میں انہیں آؤٹ کرکے ہندوستان کو دوسری کامیابی دلائی۔ شارٹ آف لینتھ گیند پر نکولس نے لیگ سائیڈ کی جانب کھیلنے کی کوشش کی، لیکن گیند ان کی ران سے ٹکرا کر اچھلی اور دھرو جریل نے شارٹ لیگ پر ڈائیو لگاتے ہوئے شاندار کیچ پکڑ لیا۔کونوے نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے ۱۱۲؍ گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔ دن کے اختتام پر وہ   ۱۳۷؍گیندوں پر ۶؍ چوکوں کی مدد سے ۵۹؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ تھے۔ راچن رویندر نے بھی ان کا ساتھ دیتے ہوئے ۷۲؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۲۷؍ رن بنائے۔ دونوں نے تیسری وکٹ کے لیے مزید ۵۹؍ رن جوڑے اور کوئی نقصان نہیں ہونے دیا۔ اس طرح نیوزی لینڈ نے چوتھے دن کے اختتام تک ۴۵؍ اوورس میں ۲؍وکٹ پر ۱۱۹؍ رن بنائے اور اسے اب بھی  ۲۳۳؍ رن کا خسارہ ہے۔ آخری دن ہندوستان کی کوشش ہوگی کہ وہ صبح کے سیشن میں جلد وکٹیں حاصل کرکے میچ اپنے نام کرے، جبکہ نیوزی لینڈ کے سامنے پورا دن بلے بازی کرکے ٹیسٹ بچانے کا مشکل چیلنج ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK