• Wed, 19 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان-امریکہ شراکت داری نئی بلندیوں کی جانب: پیوش گوئل

Updated: November 19, 2025, 4:33 PM IST | New Delhi

کامرس و صنعت کے مرکزی وزیر پیوش گوئل نے کہاکہ ہندوستان امریکہ کے ساتھ تجارتی مذاکرات میں اپنے کسانوں، ماہی گیروں اور دیگر حساس شعبوں کے مفادات کا تحفظ ضروری سمجھتا ہے۔

Piyush Goyal.Photo:INN
پیوش گوئل۔ تصویر:آئی این این

کامرس و صنعت کے مرکزی وزیر پیوش گوئل نے  کہاکہ ہندوستان امریکہ کے ساتھ تجارتی مذاکرات میں اپنے کسانوں، ماہی گیروں اور دیگر حساس شعبوں کے مفادات کا تحفظ ضروری سمجھتا ہے۔نئی دہلی میں انڈو امریکن چیمبر آف کامرس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیرِ کامرس و صنعت پیوش گوئل نے کہا کہ ہندوستان اور امریکہ کے تعلقات نہ صرف مضبوط اور مستحکم ہیں بلکہ تیزی سے وسعت بھی پا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ دونوں ممالک کی شراکت داری جمہوری اقدار، تنوع اور مشترکہ ترقی کے وژن پر مبنی ہے، اور ہندوستان اپنی مضبوط معیشت، فیصلہ کن قیادت اور مسلسل اصلاحات کے باعث عالمی اقتصادی منظرنامے میں نئی فتوحات کی طرف گامزن ہے۔
پیوش گوئل نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکہ ہندوستان  کو ایک قابلِ اعتماد شراکت دار سمجھتا ہے اور تجارت و کامرس کے فروغ کے لیے دونوں ممالک مسلسل کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان مذاکرات کے دوران اپنے کسانوں، ماہی گیروں اور چھوٹی صنعتوں کے مفادات کا پورا خیال رکھتا ہے۔وزیر موصوف نے کہا کہ ہندوستان ۲۰۲۷ءتک دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بننے کی سمت بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے مضبوط بینکاری نظام، کم افراطِ زر، وسیع بنیادی ڈھانچے اور جی ایس ٹی اصلاحات کو ہندوستان کی اقتصادی مضبوطی کی اہم وجوہات قرار دیا۔

یہ بھی پڑھئے:لال قلعہ کار دھماکہ: مرکزی وزارتِ اطلاعات کی نجی ٹی وی چینلز کو سخت ایڈوائزری

پیوش گوئل نے کہا کہ ہندوستان ہر سال ۴ء۲؍ ملین ایس ٹی ای ایم گریجویٹس پیدا کر رہا ہے اور آزاد تجارتی معاہدوں کے ذریعے عالمی شراکت داری کو مضبوط بنا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں بنیادی سہولیات کی بڑے پیمانے پر رسائی نے ترقی کے عمل کو تیز کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستانی معیشت کی رفتار تیزی سے بڑھ رہی ہے اور موجودہ ترقی کی رفتار برقرار رہی تو۲۰۴۷ء تک ملک۳۰؍ سے۳۵؍ ٹریلین ڈالر کی معیشت بن سکتا ہے۔ انہوں نے اتر پردیش کو تیز اقتصادی تبدیلی کی بہترین مثال قرار دیا۔

یہ بھی پڑھئے:انعام الحق اپنی اداکاری اور قلم سے نمایاں رہے ہیں

پیوش گوئل نے بتایا کہ گزشتہ دس سال میں چار کروڑ غریب خاندانوں کو مکانات ملے، جبکہ مزید دو کروڑ مکانات کی تعمیر جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر حکمرانی، صاف ستھرا نظام، نوجوان آبادی اور لگاتار اصلاحات ہندوستان کی ترقی کی بنیاد ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی چیلنجوں کے باوجود ہندوستان استحکام کی ایک محفوظ جگہ ثابت ہوا ہے اور اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ۱۱؍برسوںمیں ساڑھے چار گنا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت اسٹارٹ اپس اور انوویشن کے لیے بڑے فنڈز مختص کر چکی ہے۔ آخر میں مرکزی  وزیر  نے۲۰۴۷ء تک ایک خوشحال اور ترقی یافتہ ہندوستان کے لیے اجتماعی کوششوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ۴ء۱؍ ارب ہندوستانی جب متحد ہوں تو کوئی رکاوٹ ترقی کی راہ میں حائل نہیں رہ سکتی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK