• Sat, 28 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہند-امریکہ تجارتی معاہدہ تقریباً مکمل

Updated: November 28, 2026, 1:05 PM IST | Agency | New Delhi

پیوش گوئل نے پھر یقین دہانی کرائی، حتمی شکل دینے کیلئے لائحہ عمل اور طریقۂ کار کے مرحلہ میں داخل ہوگیا۔

Piyush Goyal. Photo: INN
پیوش گوئل۔ تصویر: آئی این این

مرکزی وزیر برائے صنعت  وتجارت پیوش گوئل نے جمعہ کو پھر یقین دہانی کرائی کہ  ہند-امریکہ تجارتی معاہدہ تقریباً مکمل ہو چکاہے۔ انہوں نے بتایا کہ  اب معاہدہ کو حتمی شکل دینے کیلئے  درکار لائحہ عمل اور طریقۂ کار طے ہونے لگا ہے، جو اس سے قبل مذاکرات میں رکاوٹ بن رہا تھا۔

معاہدہ ہوا تو اضافی ٹیرف سے بچنا ممکن ہوگا

پیوش گوئل نے انڈیا ڈیبٹ کیپٹل مارکیٹ سمٹ ۲۰۲۶ء سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدہ تکمیل کے قریب ہے اور اس کی تکمیل کا راستہ اب واضح ہوتا جا رہا ہے۔ ان کا یہ بیان امریکی تجارتی نمائندہ (یو ایس ٹی آر) کی تازہ رپورٹ کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں ہندوستانی درآمدات پر ۲۵؍ فیصد محصول عائد کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ تاہم، دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی معاہدہ طے پانے کی صورت میں یہ شرح کم ہوکر ۱۷ ؍فیصد تک محدود ہوسکتی ہے۔

مجوزہ محصول کی یہ شرح ہندوستان کو کئی ایشیائی ممالک کے مقابلے میں مسابقتی برتری دے سکتی ہے۔ گوئل اس سے قبل بھی کہہ چکے ہیں کہ امریکہ کے محصولاتی نظام کو حتمی شکل دیئے جانے اور ہندوستان کو دیگر مسابقتی صنعتی ممالک کے مقابلہ میں فائدہ حاصل ہونے کے بعد ہی معاہدے پر دستخط کئے جائیں گے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ یو ایس ٹی آر کی سیکشن ۳۰۱؍ رپورٹ آنے والے ہفتوں میں دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات میں تیزی لاسکتی ہے۔

برآمدات میں اضافہ

انہوں نے امید ظاہر کی کہ  عالمی جغرافیائی و سیاسی غیر یقینی صورتحال، تجارتی رکاوٹوں اور تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باوجود رواں مالی  سال میں اشیا اور خدمات کی برآمدات ایک ٹریلین امریکی ڈالر تک پہنچیں گی۔

یہ بھی پڑھئے: اسپائس جیٹ کی حالت خراب، آدھی سے زیادہ پروازیں ٹھپ

غیر یقینی عالمی صورتحال

عالمی حالات کو انتہائی غیر یقینی قرار دیتے ہوئے گوئل نے ۲؍جاری جنگوں، تیل کی قیمتوں میں اچانک اضافے، محصولات سے متعلق غیر یقینی صورت حال اور سمندری و فضائی راستوں میں رکاوٹوں کا ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ان غیر یقینی حالات کے باوجود ہندوستان کی ترقی پر عالمی اعتماد برقرار رہا ہے اور ملک نے اس اعتماد پر پورا اترتے ہوئے پہلی سہ ماہی میں ۷.۸ فیصد کی شرح سے ترقی کی۔ وزیر نے ہندوستان کی معاشی ترقی کے امکانات پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئے معتدل شرح سود اور مضبوط داخلی سرمایہ کاری کا حوالہ دیا۔ ان کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے سرمایہ نکالے جانے کے باوجود ملکی ادارہ جاتی اور خردہ سرمایہ کاروں نے سرمایہ کاری میں اضافہ کیا ہے۔

طویل مدتی منصوبوں پر زور

گوئل کے مطابق ہندوستان آزاد تجارتی معاہدوں کے عمل کو آگے بڑھانے کے ساتھ جی ایس ٹی نظام کو بھی آسان بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ ملک کے طویل مدتی معاشی امکانات کا تعین نہیں کرے گا۔

انہوں نے طویل مدتی منصوبوں کے لیے جدید مالیاتی طریقے اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور انشورنس کمپنیوں، پنشن و پراویڈنٹ فنڈز اور میوچل فنڈز سے طویل مدتی قرضی مالیاتی ذرائع میں سرمایہ کاری کرنے کی اپیل کی۔نشاندہی کی کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے سرمایہ نکالے جانے کے باوجود ملکی ادارہ جاتی اور خردہ سرمایہ کاروں نے سرمایہ کاری میں اضافہ کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK