• Sat, 28 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بلنڈل اور لیتھم کی ہاف سنچریوں سے نیوزی لینڈ سنبھل گیا

Updated: November 28, 2026, 1:15 PM IST | Agency | Christchurch

ہندوستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم نے ۵؍وکٹ پر ۲۴۶؍رن بنالئے، ٹیم انڈیا کےلئے آکاش دیپ نے۲؍وکٹیں حاصل کیں۔

New Zealand batter Tom Latham (right) scored a half-century against India. Photo: PTI
نیوزی لینڈ کے بلے باز ٹام لیتھم (دائیں) نے ہندوستان کے خلاف ہاف سنچری بنائی۔ تصویر: پی ٹی آئی

کپتان ٹام لیتھم اور ٹام بلنڈل (ناٹ آؤٹ ۵۹) کی نصف سنچریوں کی بدولت نیوزی لینڈ نے جمعہ کو ہیگلے اوول میں دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک ۵؍ وکٹوں کے نقصان پر ۲۴۶؍رن بنالئے۔چائے کے وقفے کے بعد نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل اور ٹام بلنڈل کی جوڑی نے ہندوستانی گیند بازی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ ۶۵؍ویں اوور میں واشنگٹن سندر نے ڈیرل مچل کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو پانچویں کامیابی دلائی۔ اس کے بعد بلے بازی کےلئے آئے گلین فلپس نے بلنڈل کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا اور رن بھی بنائے۔ اسٹمپ کے وقت گلین فلپس ( ۳۶) اور بلنڈل ( ۵۳) کریز پر موجود تھے۔ ہندوستان کی جانب سے آکاش دیپ نے ۲؍وکٹ حاصل کئے جبکہ انشل کمبوج، واشنگٹن سندر اور گرنور برار نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے ٹاس جیت کر گیند بازی کرنے اتری ہندوستانی ٹیم نے لنچ تک نیوزی لینڈ کا اسکور ایک وکٹ پر ۷۷؍ رن کردیا تھا۔ اس دوران کپتان ٹام لیتھم اور ڈیون کونوے نے پہلے وکٹ کیلئے۷۷؍ رنوں کی شراکت داری کی۔ تاہم وقفے کے بعد ہندوستانی تیز گیند بازوں نے واپسی کرتے ہوئے یکے بعد دیگرے ۳؍  بلے بازوں کو آؤٹ کرکے میچ کا رخ بدل دیا۔ لیتھم نے ۱۲۸؍ گیندوں پر ۶؍ چوکوں کی مدد سے ۵۹؍رن بنائے جبکہ کونوے نے ۷۹؍ گیندوں پر ۳۱؍ رن بنائے۔ ہنری نکولس نے انشل کمبوج کا شکار ہونے سے پہلے ۱۶؍ رن بنائے۔ لیتھم نے ۶؍چوکوں کی مدد سے اپنے ٹیسٹ کریئر کی ۳۲؍ویں نصف سنچری مکمل کی، جس کی بدولت نیوزی لینڈ نے ۳۶؍ اوور میں ۱۰۰؍ رن پورے کرلئے۔ وہ اپنی اننگز کے دوران اطمینان سے بلے بازی کررہے تھے، لیکن آخرکار آکاش دیپ نے انہیں آؤٹ کردیا۔ اس طرح ۱۱۰؍ رن پر نیوزی لینڈ کا دوسرا وکٹ گر گیا۔اگلے ہی اوور میں ہندوستان کو ایک اور کامیابی ملی، جب کمبوج نے نکولس کو آؤٹ کردیا۔ بائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے ایک شارٹ گیند پر پل شاٹ کھیلنے کی کوشش کی، لیکن وہ شاٹ لگانے میں ناکام رہے اور گیند کا اوپری کنارہ لگ کر لانگ لیگ کی جانب چلی گئی، جہاں آکاش دیپ نے کیچ پکڑ لیا۔ نکولس ۴۶؍گیندوں پر ۱۶؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

یہ بھی پڑھئے: یوروپا لیگ: فلسطینی پرچم لہرانے پر جارجیائی پولیس اور بیشکتاش کے شائقین کے درمیان تصادم

اس کے بعد آکاش نے اسی اوور میں راچن رویندرا کو کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ کردیا۔ ان کی ایک اور گیند ٹپہ کھانے کے بعد باہر کی جانب مڑ گئی۔ رویندر نے محتاط انداز میں بیٹ لگانے کی کوشش کی لیکن گیند کا کنارہ لگا اور وکٹ کے پیچھے پنت کے ہاتھوں میں چلی گئی۔ اس دوہرے جھٹکے سے نیوزی لینڈ کا اسکور ۲؍وکٹ پر ۱۱۰؍رن سے ۴؍ وکٹ پر ۱۱۰؍ رن ہوگیا۔ اس طرح اچھی پوزیشن میں نظر آنے والی میزبان ٹیم کو ہندوستان نے اہم دھچکا دیا۔

ہندوستان کو لیتھم کو جلد آؤٹ کرنے کا موقع ملا تھا، جب ۱۵؍ویں اوور میں آکاش دیپ کی گیند پر کے ایل راہل نے سیکنڈ سلپ میں ان کا کیچ چھوڑ دیا۔ لیتھم پہلے اوور میں جسپریت بمراہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہونے سے بھی بچ گئے تھے۔ انہوں نے کامیابی سے ریویو لیا تھا اور بال ٹریکنگ سے معلوم ہوا کہ گیند نے لیگ اسٹمپ کے باہر معمولی فاصلے پر ٹپہ کھایا تھا۔ہندوستان کی طرف سے آکاش دیپ نے ۵۲؍رن دے کر ۲؍وکٹیں حاصل کیں جبکہ انشول کمبوج،گُرنور برار اور واشنگٹن سندر نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔

جیسوال نے سچن کا ریکارڈ توڑ دیا

یشسوی جیسوال نے بغیر ایک بھی گیند کھیلے لیجنڈری سچن تینڈولکر کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایک بڑے ورلڈ ریکارڈ کی برابری کر لی ہے۔ یشسوی جیسوال کے ٹیسٹ کریئر کا یہ ۳۳؍واں ٹیسٹ میچ ہے۔  جیسوال نے اب تک کے تمام ۳۳؍ مقابلے ۳۳؍ مختلف میدانوں پر کھیلے ہیں۔اس انوکھے کارنامے کے ساتھ جیسوال نے سابق بلے باز سنجے مانجریکر کے ورلڈ ریکارڈ کی برابری کر لی ہے، جنہوں نے اپنے ڈیبیو کے بعد ابتدائی ۳۳؍ ٹیسٹ میچ ۳۳؍ مختلف وینیوز پر کھیلے تھے۔ وہیں سچن اپنے ابتدائی ۳۲؍ ٹیسٹ میچ مختلف میدانوں پر کھیلے تھے۔ 

 پہلی بار محمد سراج سیریز سے باہر ہوئے!

ٹیسٹ میچ کی پلیئنگ الیون سے سینئر تیز گیند باز محمد سراج کو ایک بار پھر باہر رکھے جانے کے ساتھ ہی ان کا تقریباً ۶؍ سال پرانا تاریخی سلسلہ ٹوٹ گیا ۔ ۲۰۲۰ءمیں میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر ٹیسٹ ڈیبیو کرنے کے بعد سے ایسا پہلی بار ہوا ہے جب سراج کسی پوری غیر ملکی ٹیسٹ سیریز کا حصہ نہیں بن پائے ہیں۔۳۲؍سالہ محمد سراج نے اپنے ڈیبیو کے بعد سے ہر غیر ملکی دورے پر ٹیم انڈیا کی تیز گیند بازی کی کمان سنبھالی تھی  لیکن ویلنگٹن کے بعد اب کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں بھی ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے نظر انداز کئے جانے سے یہ شاندار سلسلہ رک گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK