کئی امور پر تبادلۂ خیال، آر جے ڈی کاجرائم اور بدعنوانی کے معاملے پر حکومت کو گھیرنے کا اعلان، ایوان کی کارروائی بہتر انداز میں چلانے کی یقین دہانی۔
EPAPER
Updated: November 28, 2026, 12:37 PM IST | Inquilab News Network | Patna
کئی امور پر تبادلۂ خیال، آر جے ڈی کاجرائم اور بدعنوانی کے معاملے پر حکومت کو گھیرنے کا اعلان، ایوان کی کارروائی بہتر انداز میں چلانے کی یقین دہانی۔
بہار قانون ساز کونسل کے آئندہ اجلاس کو پرامن اور خوشگوار ماحول میں چلانے کے لئے جمعہ کو کل جماعتی میٹنگ منعقد ہوئی۔ کونسل کے چیئرمین رام بچن رائے کی صدارت میں منعقدہ اس میٹنگ میں نائب وزیر اعلیٰ اور پارلیمانی امور کے وزیر وجے کمار چودھری سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈروں اور اراکین نے شرکت کی۔ میٹنگ میں حکمراں اتحاد اور اپوزیشن نے ایوان کی کارروائی خوشگوار ماحول میں چلانے پر اتفاق کیا۔ اس دوران یہ بھی طے پایا کہ عوامی مفاد سے جڑے مسائل پر حکومت اراکین کے سوالات سنے گی اور ان کا جواب دے گی۔
میٹنگ کے بعد نائب وزیر اعلیٰ وجے کمار چودھری نےبتایا کہ تمام جماعتوں کے لیڈروں نے میٹنگ میں شرکت کی اور ایوان کی کارروائی بہتر انداز میں چلانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے عوامی مفاد سے متعلق جو بھی مسائل اٹھائے جائیں گے، حکومت ان پر غور کرنے کے ساتھ جواب بھی دے گی۔ اس موقع پر چیئرمین رام بچن رائے نے کہا کہ میٹنگ میں کئی اہم امور پر تبادلۂ خیال ہوا اور تمام جماعتوں نے مل کر ایوان کی کارروائی خوشگوار ماحول میں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: جموں کشمیر کانگریس کے سینئر لیڈر اور رکن اسمبلی پیرزادہ سید کا انتقال
کل جماعتی میٹنگ کے بعد آر جے ڈی نے واضح کردیا کہ آئندہ اجلاس میں وہ مختلف مسائل پر حکومت سے جواب طلب کرے گی۔ پارٹی کے قانون ساز کونسل کے رکن اجے سنگھ نے کہا کہ آر جے ڈی جرائم، بدعنوانی اور شراب بندی سے متعلق معاملات پر حکومت کو گھیرے گی۔ انہوں نے محکمۂ تعلیم میں مبینہ گھوٹالے کا معاملہ بھی اٹھایا۔ اجے سنگھ نے کہا کہ محکمۂ تعلیم میں ۴۰۰ ؍کروڑ روپے سے زائد کا گھوٹالہ ہوا ہے۔ پارٹی اس معاملے کو ایوان میں اٹھا کر حکومت سے جواب طلب کرے گی۔یاد رہے کہ بہار قانون سازیہ کا سرمائی اجلاس ۳۰؍نومبر سے شروع ہوگا ۔ یہ پانچ روزہ اجلاس ۴؍دسمبر تک چلے گا۔ اس دوران ۲۰؍ہزار کروڑ روپے کا ضمنی بجٹ بھی پیش کیا جائے گا۔