اس حادثے کے فوراً بعد رن وے کے قریب سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔
حادثے سے پہلے تیجس کی پر واز۔ تصویر:اےپی/ پی ٹی آئی
دبئی میں منعقدہ باوقار ایئر شو کے دوران جمعہ کو ہندوستانی فضائیہ کا ’میڈ ان انڈیا‘ لڑاکا طیارہ تیجس حادثے کا شکار ہو گیا جس میں پائلٹ کی موت ہو گئی۔
اس سلسلے میںہندوستانی فضائیہ کے ترجمان نے بتایا کہ دبئی ایئر شو کے دوران فضائیہ کا تیجس طیارہ تباہ ہو گیا اور اس حادثے میں طیارے کے پائلٹ کی موت ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ فضائیہ کو پائلٹ کی موت پر گہرا افسوس ہے اور دکھ کی اس گھڑی میں وہ سوگوار خاندان کے ساتھ ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لئے کورٹ آف انکوائری تشکیل دیا جا رہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق حادثہ مقامی وقت کےمطابق دوپہر۲؍ بج کر۱۰؍ منٹ پر ہوا۔
عینی شاہدین کے مطابق طیارے کے گرتے ہی اس میں آگ بھڑک اٹھی ۔ رن وے کے قریب سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔
تیجس ہندوستان میں تیار کردہ پہلا لڑاکا طیارہ ہے جسے ہندستان ایروناٹکس لمیٹڈ نے بنایا ہے۔ تیجس اس سے پہلے بھی مختلف ایئر شوز میں حصہ لیتا رہا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب کسی ایئر شو میں تیجس حادثے کا شکار ہوا ہے۔