• Sun, 04 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان کی معاشی ترقی سرمایہ کاروں کو متوجہ کر رہی ہے

Updated: October 04, 2026, 7:05 PM IST | New Delhi

دنیا بھر میں معاشی غیر یقینی، جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور بدلتے ہوئے عالمی تجارتی حالات کے درمیان ہندوستان کو عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ایک اہم اور پرکشش معیشت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

India GDP.Photo:INN
ہندوستان کی جی ڈی پی۔ تصویر:آئی این این

دنیا بھر میں معاشی غیر یقینی، جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور بدلتے ہوئے عالمی تجارتی حالات کے درمیان ہندوستان کو عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ایک اہم اور پرکشش معیشت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ کوٹلیہ اقتصادی کانفرنس ۲۰۲۶ء میں شریک عالمی ماہرینِ معیشت اور پالیسی ماہرین نے ہندوستان کی ترقی کی صلاحیت، بنیادی ڈھانچے کی توسیع، معاشی استحکام اور عالمی معیشت میں بڑھتے کردار پر تفصیلی گفتگو کی۔ 

یہ بھی پڑھئے:یامی گوتم نے اے آئی سے تصاویر میں چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کو خبردار کیا

نیوزی لینڈ کے ماہر اقتصادیات پروفیسر جان گبسن نے کہا کہ موجودہ دور میں عالمی سطح پر بڑھتی غیر یقینی کے باوجود ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان حالیہ آزاد تجارتی معاہدہ زیادہ منظم اور قواعد پر مبنی اقتصادی تعاون کی ایک مثال ہے۔ ان کے مطابق ایسے معاہدے عالمی تجارت میں استحکام پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔جاپان کے ادارہ برائے جغرافیائی اقتصادیات کے ڈائریکٹر کازوتو سوزوکی نے کہا کہ آج کے دور میں معیشت، عالمی سیاست اور اقتصادی حکمت عملی ایک دوسرے سے گہرائی سے جڑی ہوئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چین کے ساتھ پیچیدہ تعلقات کے باعث جاپانی صنعت طویل عرصے سے ہندوستان کو ایک اہم اور امکانات سے بھرپور بازار کے طور پر دیکھ رہی ہے۔ 
عالمی سطح پر ہندوستان کی بنیادی سہولتوں میں توسیع بھی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی ایک اہم وجہ بن رہی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ہندوستان میں قومی شاہراہوں کا مجموعی جال مالی سال ۲۰۱۴ء کے تقریباً ۹۱؍ ہزار ۲۸۷؍ کلومیٹر سے بڑھ کر مالی سال ۲۰۲۶ء میں دسمبر تک تقریباً ایک لاکھ ۴۶ ؍ہزار ۵۷۲ ؍کلومیٹر ہوچکا ہے، جبکہ تیز رفتار شاہراہوں کی لمبائی ۵۵۰ ؍ کلومیٹر سے بڑھ کر ۵ ؍ہزار ۳۶۴ ؍کلومیٹر ہوگئی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:اداروں کی شکایات کے بعد جی ایس ٹی کے تحت گرفتاری اختیارات ختم کیے جانے کا امکان

ماہرین کے مطابق ہندوستان کی بڑی آبادی، نوجوان افرادی قوت، بڑھتی کھپت، وسیع داخلی بازار اور بنیادی سہولتوں میں مسلسل سرمایہ کاری اسے عالمی کمپنیوں کے لیے طویل مدتی امکانات رکھنے والی معیشت بناتے ہیں۔ عالمی مالیاتی شعبے کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں پالیسی کے تسلسل اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی نے غیر ملکی سرمایہ کے لیے ایک نسبتاً مضبوط ماحول پیدا کیا ہے۔ 
ہندوستان میں بنیادی ڈھانچے کے لیے نجی سرمایہ کاری بھی نمایاں طور پر بڑھ رہی ہے۔ اقتصادی جائزے کے مطابق عالمی بینک نے کم اور متوسط آمدنی والے ممالک میں بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں نجی سرمایہ کاری کے لحاظ سے ہندوستان کو دنیا کے پانچ سرفہرست ممالک میں شمار کیا ہے۔ جنوبی ایشیا میں بنیادی ڈھانچے سے متعلق نجی سرمایہ کاری میں بھارت کا حصہ ۹۰ فیصد سے زیادہ ہے۔  ماہرین کا مجموعی طور پر کہنا ہے کہ بھارت کی معاشی ترقی اب صرف داخلی طلب تک محدود نہیں رہی بلکہ عالمی رسد، پیداوار، خدمات، بنیادی ڈھانچے اور سرمایہ کاری کے بدلتے نقشے میں بھی اس کی اہمیت بڑھ رہی ہے۔ یہی عوامل عالمی کاروباری اداروں اور سرمایہ کاروں کے درمیان ہندوستان کے بارے میں بڑھتے اعتماد کی بنیادی وجوہات میں شامل ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK