• Sun, 04 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

علاقہ کا تعین نہ ہونے سےپھیری والوں کوپریشان کئے جانےکی شکایت

Updated: October 04, 2026, 6:51 PM IST | Staff Reporter | Mumbai

کیو آرکوڈ کے باوجود انہیں  ہراساں کیا جارہا ہے۔کارپوریٹرس نے کئی بار شناختی کارڈ والے ہاکروں کے خلاف کارروائی کی مخالفت کی

Photo: INN
تصویر: آئی این این
ممبئی میونسپل کارپوریشن نے شہر میں قانونی پھیری والوں کی تعداد کا تعین کر کے انہیں کیوآرکوڈ والے شناختی کارڈ تقسیم کئے ہیں لیکن ابھی تک میونسپل کارپوریشن اور پولیس کے کچھ اہلکار ان ہاکروں کی قانونی حیثیت ماننے کو تیار نہیں ہیںجس کی وجہ سے پھیری والوں کو کاروبار کرنے میں بڑی پریشانی ہو رہی ہے۔ انہیں پہلے کی طرح ہراساں کیاجا رہا ہے ۔
 
 
بی ایم سی نے غیر قانونی ہاکروں کی روک تھام کیلئے پھیری والوںکو اعتماد میں لے کر قانونی ہاکروں کی فہرست کو حتمی شکل دے دی ہے۔ شہر اور مضافاتی علاقوں میں تقریباً ۹۹؍ہزار ۴۳۵؍ قانونی ہاکرس ہیں۔ان ہاکروں کو میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کیوآرکوڈ والے شناختی کارڈ جاری کئے گئے ہیں۔ اس سے ان ہاکروں کو ممبئی میں سرکاری کاروبار کرنے کا موقع ملے گالیکن میونسپل کارپوریشن کے ڈویژنل آفس کے محکمہ تجاوزات کے افسران اور ملازمین کے ساتھ مقامی پولیس بھی ان ہاکروں کو سرکاری ماننے کو تیار نہیں ہے۔
بی ایم سی کے شناختی کارڈ کے باوجود میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ان ہاکروں کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے۔ یہی نہیں پولیس کی جانب سے بھی ہاکروں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جاتی ہے، اس لئے ہاکرز اب بھی میونسپل کارپوریشن اور پولیس کو رشوت ادا کر رہےہیں تاکہ وہ بغیر کسی فکر کے کاروبار کر سکیں۔
 
 
شہری انتظامیہ کے محکمہ انسدادتجاوزات نے واضح کیا کہ اگرچہ کیو آر کوڈ شناختی کارڈ ہاکروں کو تقسیم کر دیئے گئے ہیں لیکن شناختی کارڈ رکھنے والے ہاکروں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے جہاں وہ شہریوں کو تکلیف پہنچانے کا باعث بن رہےہیں کیونکہ ابھی تک ہاکر ایریا کا تعین نہیں کیا گیا ہے ۔کارپوریٹرس نے کئی بار شناختی کارڈ والے ہاکروں کے خلاف کارروائی کی مخالفت کی ۔ اس وقت بلدیہ کے ایڈیشنل کمشنر نے یقین دہانی کرائی تھی کہ شناختی کارڈ والے ہاکروں کے خلاف دوبارہ کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی لیکن اس یقین دہانی پر عمل درآمد نہیں ہو رہا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK