Inquilab Logo Happiest Places to Work

اقوام متحدہ میں جموں کشمیر کا معاملہ اٹھانے پر ہند کا پاکستان کو منہ توڑ جواب

Updated: September 24, 2023, 11:31 AM IST | Agency | New York

نئی دہلی کی نمائندہ نے پڑوسی ملک کو اقوام متحدہ کے غلط استعمال کا عادی مجرم قراردیا، متنبہ کیا کہ جموں کشمیر اور لداخ ہندوستان کے داخلی معاملے ہیں۔

Patel Gehlot, India`s representative at the United Nations. Photo: INN
اقوام متحدہ میں ہندوستان کی نمائندہ پیٹل گہلوت ۔ تصویر:آئی این این

پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے ذریعہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں جموں کشمیر اور لداخ کا معاملہ اٹھانے پر ہندوستان نے سخت ردعمل کااظہار کرتے ہوئے پڑوسی ملک کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں کاکڑ نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان امن کے قیام کیلئے کشمیر کو کلید قرار دیا۔ اس کا جواب اقوام متحدہ میں  ہندوستان کی فرسٹ سیکریٹری پیٹل گہلوت نے دیا۔ انہوں  نے پاکستان کو اس کی حقوق انسانی کی خلاف ورزیاں یاد دلائیں اور متنبہ کیا کہ جموں کشمیر اور لداخ ہندوستان کے داخلی معاملے ہیں کیوں کہ یہ خطہ ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے۔
اس کے ساتھ ہی انہوں  نے پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ جموں کشمیر میں  مقبوضہ علاقوں  کو خالی کرے اور سرحد کے اُس پار سے دہشت گردی کی تائید کے سلسلے کو روکے،نیز ۲۶ / ۱۱؍ کے حملوں  کے ذمہ داروں  کو قرارواقعی سزا دے۔ انہوں  نے کہا کہ ’’ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا غلط استعمال کرنے کے معاملے میں  پاکستان عادی مجرم بن چکا ہے۔ یہاں  سے وہ ہندوستان کے خلاف بے بنیاد اور بدنیتی پر مبنی ایجنڈہ کو فروغ دینے کی کوشش کرتا ہے۔ ‘‘ گہلوت نے کہا کہ ’’اقوام متحدہ کے رکن ممالک اور عالمی برادری بخوبی جانتی ہے کہ پاکستان ایسا بین الاقوامی برادری کی توجہ حقوق انسانی سے متعلق اپنے خراب ریکارڈ سے ہٹانے کیلئے کرتا ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ ’’ہم ایک بار پھر اس بات کو دہراتے ہیں کہ جموں  کشمیر اور لداخ ہندوستان کے اٹوٹ حصے ہیں ۔ان سے متعلق امور پوری طرح سے ہندوستان کا داخلی معاملہ ہے۔ اس سے پاکستان کو کوئی لینا دینا نہیں ہے۔‘‘
 واضح رہے کہ جموں  کشمیر کے معاملے کو پاکستان مسلسل اقوام متحدہ میں  اٹھاکراسے عالمی تنازع بنا کر پیش کرنے کی کوشش کرتا رہتاہے۔ جموں  کشمیر کا خصوصی درجہ ختم کرنے،اس کی ریاستی حیثیت ختم کرنےا وراس کی تقسیم کے معاملے کو بھی پاکستان ایک سے زائد مرتبہ بین الاقوامی فورم میں   اٹھا چکاہے۔ ہر بار پاکستان کو ہندوستان کی جانب سے دندان شکن جواب دیا جاچکا ہے۔ 
ہندوستان نے اقوام متحدہ میں  ایک بار پھر پاکستان کو ہندوستان کے خلاف دہشت گردانہ سرگرمیوں  کیلئے آڑے ہاتھوں  لیا اوراپنے اس الزام کو دہرایا کہ وہ دہشت گردوں  کو پناہ فراہم کرتا ہے۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے مطابق’’جہاں   پڑوس کا معاملہ آتا ہے، پاکستان کا معاملہ استثنائی ہے۔ ہم کبھی بھی دہشت گردی کو معمول میں  شامل ہوتا ہوا نہیں دیکھ سکتے اور نہ ہی اس کی اجازت دیں گے۔‘‘ پاکستان سے کارروائی کی مانگ کرتے ہوئے انہوں  نے کہا کہ ‘‘ہم نہیں  چاہیں  گے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان بات چیت کی بنیاد دہشت گردی بنے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK