• Sat, 06 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

انڈیگو بحران: تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل

Updated: December 05, 2025, 11:59 PM IST | New Delhi

گزشتہ ۲؍دنوں میںایئر لائن کمپنی کی تقریباً ایک ہزارپروازیںمنسوخ کی گئیں،مسافربے حال ، ایئرپورٹ پر گھنٹوں پھنسے رہے

Passengers queue up to get flight information at a counter at Ahmedabad airport. (PTI)
احمد آبادایئرپورٹ کےکاؤنٹر پرفلائٹ کے بارے میںمعلومات حاصل کرنے والے مسافر قطار میں ۔(پی ٹی آئی)

اسٹاف کی قلت اوردیگر مسائل کے سبب انڈیگو کابحران شدید ترہوگیا ہے۔ مختلف شہروںسے ایئرلائن کمپنی کی گزشتہ ۲؍د نوںمیں سیکڑوں پروازیں منسوخ ہوچکی ہیںاور مسافر  کئی گھنٹوں سے ایئر پورٹ پرپھنسے ہوئے ہیںجبکہ اس دوران حکومت نے بحران کی وجوہات کا تعین کرنے اور مستقبل میں ایسی صورتحال کو روکنے کیلئے اقدامات تجویز کرنےکیلئے اعلیٰ سطحی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 
 شہری ہوا بازی کی وزارت نے کہا کہ مرکزی حکومت نے اس معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تحقیقات میں انڈیگو کی پروازوں میں تاخیر اور منسوخی کی وجوہات کا تعین کیا جائے گا۔ جہاں بھی مناسب کارروائی کی ضرورت ہوگی ذمہ داری طے کی جائے گی اور مستقبل میں ایسے حالات کو روکنے کے لیے اقدامات تجویز کیے جائیں گے۔ وزارت نے کہا کہ ایئر لائنس کو کئی آپریشنل ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ جلد از جلد خدمات کی بحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔ وزارت نے امید ظاہر کی ہے کہ ان ہدایات پر فوری عمل درآمد ہفتہ سے پروازوں کے شیڈول کو معمول پر لانے کا باعث بنے گا اور اگلے تین دنوں میں معمول کے مطابق مکمل سروس متوقع ہے۔ انڈیگو کو رات کی ڈیوٹی سے متعلق کچھ شرائط کی تعمیل کرنے کیلئے۲۶؍فروری تک کی رعایت بھی دی گئی ہے ۔ و اضح رہے کہ جمعہ کے روز بھی انڈیگو کی سیکڑوں پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ دہلی میں ۲۲۵؍ سے زیادہ اور ممبئی میں۲۵۰؍ سے زیادہ پروازیں منسوخ کی گئیں۔ دوسرے شہروں سے بھی منسوخی کی اطلاع ملی ہے۔ اس سے قبل جمعرات کے روز تقریباً۴۰۰؍ پروازیں منسوخ کر دی گئی تھیں۔ ایئر لائن نے کہا ہے کہ وہ ایف ڈی ٹی ایل کے نئے قوانین کے مطابق عملہ کی ضرورت کا اندازہ لگانے میں ناکام رہی ہے۔ مزید برآں، تکنیکی اور اے ٹی سی سے متعلقہ وجوہات کی بنا پر اس کی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
 ملک بھر میں انڈیگو ایئرلائن کی پروازوں کی منسوخی اور طویل تاخیر نے ہزاروں مسافروں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ جمعہ کو آپریشنل دقتوں کے سبب ایئرلائن نے دہلی کے آئی جی آئی ایئرپورٹ سے اپنی تمام پروازیں نصف شب تک منسوخ کرنے کا اعلان کیا جس کے بعد دیگر شہروں میں بھی افرا تفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔ منگل سے اب تک انڈیگو کی ایک ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں جبکہ کئی دیگر ایئرلائنز کی پروازیں بھی تاخیر سے چل رہی ہیں۔احمد آباد ایئرپورٹ پر سب سے زیادہ بے چینی دیکھنے میں آئی جہاں مسافر۱۰؍ سے۱۲؍ گھنٹے تک ایئرپورٹ کے اندر بیٹھے رہے۔ بنگلور، دہلی اور دیگر شہروں میں بھی بڑی تعداد میں مسافر پھنسے ہوئے ہیں۔ کئی لوگوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے ناراضگی ظاہر کی جبکہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور شیوسینا (یو بی ٹی) کی رکن پارلیمنٹ پرینکا چترویدی نے بھی انڈیگو سے جواب دہی کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق، چندی گڑھ ایئرپورٹ پر بھی اسی طرح کی صورتِ حال رہی۔کولکاتا کےنیتا جی سبھاش چندر بوس بین الاقوامی ہوائی اڈے پر تقریباً۶۶؍فیصد ٹریفک انڈیگو کا ہے اوروہاں بھی بڑی تعدادمیںپروازیں منسوخ ہوئیں۔جموں کشمیرمیں۴۰؍ سے زائد پروازیں منسوخ کی گئیں۔
 اس دوران انڈیگو کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر پیٹر ایلبرس نے ایک ویڈیو پیغام میں متاثرہ مسافروں سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ایئر لائن کو پچھلے کچھ دنوں سے آپریشنل مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے، اور بحران مزید سنگین ہوتا جا رہا ہے۔۵؍ دسمبر سب سے زیادہ متاثر دن تھا جب ایک ہزارسے زیادہ پروازیں منسوخ ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال کو بہتر بنانے کی تمام سابقہ کوششیں ناکام ہونے کے بعد کمپنی نے نئے سرے سے آغاز کرنے کا فیصلہ کیا اور تمام طیاروں اور عملے کے ارکان کو اس جگہ پر رکھا گیا جہاں سے انہیں سنیچر کی صبح روانہ ہونا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK