Inquilab Logo

اندرا گاندھی اسپتال میں معذوروں کو سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا عمل شروع

Updated: January 15, 2022, 8:10 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

معذوروں کو مذکورہ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کیلئے تھانے کے سیول اسپتال تک کے تکلیف دہ سفر سے نجات مل گئی

On the first day, certificates were given to 15 persons with disabilities.
پہلے دن ۱۵؍معذور افراد کو سرٹیفکیٹ دئیے گئے ۔

 یہاں اندرا گاندھی سب ڈسٹرکٹ اسپتال میں معذوری کا سرٹیفکیٹ (ہینڈی کیپ سرٹیفکیٹ)جاری کرنے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔جس کی وجہ سے وقت اور پیسے کی بچت کے ساتھ ہی معذوروں اور ان کے سرپرستوں کوبھیونڈی سے تھانے سیول اسپتال تک کے تکلیف دہ سفر سے نجات مل گئی ہے۔اسی کے ساتھ  اسپتال میں ۵؍نئی ڈائلیسس مشین اور زجگی کیلئے۲۵۔۲۵؍بستروں کا ۲؍مزید وارڈ بنائے گئے ہیں۔ اسپتال میں اس سہولت کو شروع کروانے میں اہم کردار ادا کرنے والے مشرقی حلقے کے رکن اسمبلی رئیس شیخ نے کہا کہ اندرا گاندھی میموریل اسپتال کو عنقریب ہی ایک بہترین اسپتال میں تبدیل کردیا جائے گا جس کیلئے ان کی کوششیںجاری ہیں۔
 معلوم ہوکہ بھیونڈی شہر اور مضافات میں رہنے والے مختلف طور پر معذور لوگوں کو معذوری کے سرٹیفکیٹ کے حصول کیلئے تھانے سیول اسپتال جانا پڑتا تھا۔ اس وجہ سے انہیں اور ان کے سرپرستوں کو سفر کی صعوبتیں برداشت کرنی پڑتی تھیں۔معذوروں کے مسائل  کے تعلق سے رئیس شیخ نے ہیلتھ کمشنر سے رابطہ کرکے انہیں معذوروں کے مسائل سے آگاہ کرکے بھیونڈی اور اطراف کے دیہی علاقوں میں رہنے والے معذوروں کیلئے  تھانے سیول اسپتال کے بجائے اندرا گاندھی میموریل سب ڈسٹرکٹ اسپتال سے ہی معذوری کا سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا۔رکن اسمبلی کی درخواست پر ہیلتھ کمشنر نے آئی جی ایم سب ڈسٹرکٹ اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر راجیش مورے کو معذور افراد کو معذوری کاسرٹیفکیٹ دینے کی اجازت دے دی ۔اس کا افتتاح رئیس شیخ نے ۱۵؍معذوروں کو  سرٹفکیٹ دے کر کیا۔رئیس شیخ نے بتایا کہ اس اجازت نامہ کے تحت ہر ماہ کے پہلے، دوسرے اور تیسرے منگل کو صبح۹؍ بجے سے دوپہر ایک  بجے تک معذوری کا سرٹیفکیٹ دیا جائے گا۔ اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر راجیش مورے نے بتایا کہ تقریب افتتاح میں ۴۰؍ معذوروں کو سرٹیفکیٹ دیا جانا تھا لیکن صرف ۱۵؍معذور ہی تقریب میں پہنچ سکے مزید ۲۵؍افراد کوبعد میں سرٹیفکیٹ دیا جائے گا۔
زجگی کیلئے ۲؍نئے وارڈ کااضافہ
 اندرا گاندھی میموریل اسپتال میں حاملہ خواتین کی زجگی کے لئے۳۰؍ بستروں کا صرف ایک وارڈ تھا جس کی وجہ سے ڈیلیوری کے لئے زیادہ خواتین کی آمد کے باعث ۲؍ خواتین کو ایک بیڈ پر رکھاجاتا تھا۔ تھانے ضلع میں سب سے زیادہ زجگی  بھیونڈی کے آئی جی ایم اسپتال میں ہوتی ہے۔ اس کے باوجود یہاں خواتین کی ڈلیوری کے لئے وارڈ کااضافہ نہیں کیا جارہا تھا۔  رکن اسمبلی نے وزارت صحت کے اعلیٰ  افسران اور وزاء سے ملاقات کرکے اسپتال میں نئے وارڈ بنائے جانے کا مطالبہ کیا۔ڈی پی ڈی سی سے فنڈز ملنے کے بعد  ۲۵۔۲۵؍بستروں پر مشتمل ۲؍نئے وارڈ کو تزئین کاری کرکے اسے پوسٹ ڈیلیوری وارڈ میں تبدیل کردیا گیا۔جس سے اب زجگی کیلئے آنے والی خواتین کو راحت  ملے گی۔

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK