پمپری چنچوڑ میں کباڑ کی دکان پر بم کے خول دکھائی دیئے تو پربھنی میں آسمان میں ڈرون جیسی چیز نظر آئی، مقامی افراد نے پولیس کو اطلاع دی۔
EPAPER
Updated: May 11, 2025, 10:06 AM IST | Pune
پمپری چنچوڑ میں کباڑ کی دکان پر بم کے خول دکھائی دیئے تو پربھنی میں آسمان میں ڈرون جیسی چیز نظر آئی، مقامی افراد نے پولیس کو اطلاع دی۔
ہند۔ پاک کشیدگی کے درمیان جہاں ایک طرف سرحد پر فوج پوری مستعدی سے دشمن کا مقابلہ کر رہی ہے تو عوام بھی اندرون ملک پوری طرح چوکنا ہیں۔ حالانکہ کسی حد تک خوف بھی ہے لیکن انتظامیہ کی ہدایت کے مطابق کوئی بھی مشتبہ چیز نظر آنے پر لوگ اس کی اطلاع پولیس یا حکام کو دے رہے ہیں۔
اطلاع کے مطابق پمپری ریلوے اسٹیشن کے قریب واقع ایک کباڑ کی دکان سے بم کے پرانے خول کی برآمدگی کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی، اور شہریوں میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو گیا۔ جب مقامی لوگوں نے دکان میں بم جیسی چیز دیکھی اور فوراً پولیس کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی پمپری پولیس، کرائم برانچ اور بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس کے مطابق بم کے دونوں خول پرانے ہیں اور ان میں دھماکہ خیز مواد موجود ہونے کے آثار نہیں ملے، لیکن احتیاط کے طور پر انہیں دفاعی فورس کے معائنے کیلئےبھیج دیا گیا۔
پولیس ٹیم نے موقع پر پہنچ کر پورے علاقے کا معائنہ کیا اور بم کے خول کو محفوظ طریقے سے قبضے میں لے لیا۔ پولیس نے کباڑ کی دکان کے مالک سے پوچھ تاچھ شروع کر دی ہے تاکہ یہ پتہ لگایا جا سکے کہ یہ خول کہاں سے آئے۔ موجودہ وقت میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے پیش نظر ایسے واقعات کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ چوکس رہیں اور اگر کوئی مشکوک چیز نظر آئے تو فوری پولیس کو اطلاع دیں۔ واقعے کے بعد پمپری چنچواڑ علاقے میں سیکوریٹی سخت کر دی گئی ہے اور کباڑ کی دکان چلانے والے سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔ یاد رہے کہ کباڑ کی دکان میں کون سی چیز کہاں سے آئی ہے اس کا پتہ نہیں لگ پاتا کیونکہ وہ مختلف مقامات سے چلتے پھرتے اٹھائی گئی ہوتی ہیں جسے کباڑ کی دکان پر فروخت کر دیا جاتا ہے یا پھر کسی کمپنی یا فیکٹری سے پرانا یا بے کار پڑا مال خریدا جاتا ہے۔
پربھنی کے جنتور میں ڈرون دکھائی دیا؟
اسی طرح پربھنی ضلع کے جنتور تعلقے میں آسمان میں ڈرون جیسی کوئی چیز نظر آئی جس پر مقامی باشندے گھبرا گئے۔ انہوں نے پولیس کو اس کی خبر دی۔ اطلاع کے مطابق جمعہ کی رات پربھنی ضلع کے جنتور تعلقے میں ایک گائوں کے باشندوں کو آسمان میں روشنیوں کی ایک قطار دکھائی دی جو عام طور پر جنگ کے دوران استعمال ہونے والے ڈرون کی ہوتی ہے۔ ڈرون دیکھ کر مقامی باشندے گھبرا گئے لیکن انہوں نے فوری طور پراس کی اطلاع پولیس اور تحصیلدار دفتر کو دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈرون کا معائنہ کیا لیکن وہ کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکی کہ یہ واقعی ڈرون ہے یا کوئی اور چیز ہے۔ البتہ تحصیلدار دفتر اور پولیس دونوں ہی نے اس کی اطلاع اعلیٰ حکام تک پہنچانے کی بات کہی۔ چونکہ پولیس نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ واقعی یہ ڈرون ہے یا کوئی اور چیز اس لئے مقامی باشندے تشویش میں دکھائی دیئے۔ گائوں والوں کو متواتر ۱۸؍ تا ۲۰؍ روشنیاں دکھائی دیں جو آگے کی طرف بڑھ رہی تھیں۔ ٹھیک اسی طرح جیسے ڈرون بڑھتے ہیں۔ بعض ویب سائٹ پر اس کی تصویر بھی دکھائی گئی ہے لیکن تصدیق نہیں ہو پائی کہ یہ ہے کیا چیز۔ یاد رہے کہ حکومت کی ہدایت کے مطابق عوام پوری طرح چوکنا ہیں اور وہ برابر کسی بھی مشتبہ چیز کی اطلاع پولیس اور مقامی انتظامیہ کو دے رہے ہیں۔ حالانکہ سنیچر کی شام ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کا اعلان ہو چکا ہے لیکن کشیدگی اب بھی برقرار ہے اور کسی حد تک تشویش باقی ہے۔