Inquilab Logo Happiest Places to Work

کسانوں کی توہین کے معاملے پر ایوان میں ہنگامہ

Updated: July 02, 2025, 10:06 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

اپوزیشن کا وزیر اعلیٰ سے معافی مانگنے کا مطالبہ، احتجاج میں پیش پیش نانا پٹولے ایک دن کیلئے معطل، احتجاجاً اپوزیشن کا واک آئوٹ۔

Nana Patole took an aggressive stance in the House, Rohit Pawar at the back. Photo: PTI
نانا پٹولے نے ایوان میں جارحانہ رخ اختیار کیا ، عقب میں روہت پوار۔ تصویر: پی ٹی آئی

 جے پی رکن اسمبلی کی جانب سے کسانوں کے ساتھ بد تمیزی کرنے کے معاملے پر  مہا وکاس اگھاڑی لیڈران نے مانسون اسمبلی اجلاس کے  دوسرے دن ایوان میں ہنگامہ آرائی کی  اور مطالبہ کیا کہ کسانوں کی توہین کرنے پر وزیر اعلیٰ کسانوں سے معافی مانگیں۔ ان میں نانا پٹولے پیش پیش تھے جنہیں اسمبلی  اسپیکر  راہل نارویکر نےایک دن کیلئے معطل کر دیا۔ اسپیکر کے اس فیصلہ کی مذمت میں مہا وکاس اگھاڑی کے لیڈروں نے بھی احتجاجاً دن بھر اسمبلی کی کارروائی میںحصہ نہ لینے کا اعلان کیا اور واک آؤٹ کر گئے۔
یاد ہے کہ گزشتہ دنوں بی جے پی رکن اسمبلی ببن رائو لونیکر  نے ایک پروگرام میں کسانوں سے کہا تھا کہ ’تمہارا باپ جو بیج بوتا ہے وہ مودی جی کی دی ہوئی ہے۔ تم جو کپڑے پہنتے ہوئے وہ ہمارے دیئے ہوئے ہیں۔‘‘ اس پر اپوزیشن نے سخت تنقید کی تھی حتیٰ کہ خود وزیر اعلیٰ نے بھی اس بیان پر ناراضگی ظاہر کی تھی۔ اسی کو موضوع بناتے ہوئے  کانگریس کے سینئر رکن اسمبلی نانا پٹولے نے منگل کو ایوان  میں مطالبہ کیا کہ مہایوتی کے لیڈروں کی بدزبانی اور حکومت کی وعدہ خلافی کیلئےوزیر اعلیٰ کو عوام سے معافی مانگنی چاہئے۔ اس مطالبے پر ایوان  میں خوب  ہنگامہ ہوا۔ اپوزیشن کے اراکین چاہ ایوان  میں آکر حکومت مخالف نعرے لگانے لگے۔ اس ہنگامے کے سبب اسمبلی کی کارروائی ۵ ؍منٹ کیلئے  ملتوی کر دی گئی ۔
جب دوبارہ کارروائی شروع ہوئی تب بھی اپوزیشن کی  نعرے بازی جاری رہی۔ اسی دوران وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے کہا کہ ’’ چاہ ایوان میں تو کئی مرتبہ احتجاج کیا گیا ہے لیکن اس طرح اسپیکر کے اوپر جانے کی کوشش کرنا درست نہیں۔وزیر اعلیٰ کے اظہار خیال کے بعد اسپیکر نے نانا پٹولے کو اپنے جگہ پر بیٹھنے کی ہدایت دی ۔اسکے بعد نانا پٹولے پر راج دنڈ کو ہاتھ لگانے کا الزام لگاتے ہوئے انہیں دن بھر کیلئے معطل کر دیا۔  اس فیصلہ کے خلاف مہاوکاس اگھاڑی نے  بھی احتجاجاً پورے دن کیلئے اسمبلی کی کارروائی سے واک آؤٹ کر دیا۔
اسمبلی احاطے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئےنانا پٹولے نے  کہا کہ ’’بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق وزیر ببن راؤ لونیکر کا کسانوں کے حوالے سے دیا گیا بیان انتہائی قابل اعتراض ہے۔انہوںنے کہا کہ نریندر مودی بی جے پی اور ببن راؤ لونیکر کے باپ ہو سکتے ہیں لیکن کسانوں کے باپ نہیں ہو سکتے۔میں پہلے بھی کسانوں کیلئے رکن اسمبلی کے عہدے سے استعفیٰ دے چکا ہوں۔ ایک دن کی معطلی کی کیا اہمیت ہے، میں اپنا ایم ایل اے کا عہدہ اور اپنی پوری زندگی کسانوں کیلئے وقف کرنے کو تیار ہوں۔‘‘اس موقع پر این سی پی (شرد) کے جتیندر اوہاڑ ، کانگریس کے سینئر لیڈر وجے وڈیٹیوار اور دیگر موجود تھے۔نانا پٹولےنے بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کسان مخالف پارٹی ہے۔  حکومت کے وزیر زراعت مانیکراؤ کوکاٹے اکثر کسانوں کی توہین کرتے ہیں۔پہلے انہوں نے کسانوں کا موازنہ بھکاریوں سے کیا، پھر کہا کہ قرض معافی کی رقم بچوں کی شادیوں پر خرچ کرتے ہیں، اور اب ببن راؤ لونیکر نے کہا کہ مودی کسانوں کو بوائی کیلئے پیسے دیتے ہیں، مودی ان کے گھر والوں کو کپڑے اور موبائل دیتے ہیں۔‘‘ پٹولے نے پوچھا کیا لونیکر  ۲۰۱۴ء سے پہلے بغیر کپڑوں کے گھومتے تھے؟ کیا وہ ننگے رہے؟‘‘ پٹولے نے بی جے پی کا قرض معافی کا وعدہ بھی یاد دلایا۔ مہاوکاس اگھاڑی کے لیڈران نے اس پر بھی احتجاج کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK