Inquilab Logo Happiest Places to Work

بی ایم سی الیکشن کیلئے بی جے پی اور کانگریس تیار

Updated: July 02, 2025, 10:09 AM IST | Mumbai

زعفرانی پارٹی اپنے خاص ۲۹؍ لیڈروں کو اہم ذمہ داریاں سونپ کر ممبئی میونسپل کارپوریشن انتخابات کی تیاریوں میں  مصروف ہوگئی ہے ۔ کانگریس نے اپنے۳۴؍ قابل اعتماد لیڈروں کو بھی میدان میں اتارا ہے۔

Both BJP and Congress are preparing strategies to win the municipal elections. Photo: INN
بی جے پی اور کانگریس دونوں میونسپل الیکشن جیتنے کیلئے حکمت عملی تیار کررہے ہیں۔ تصویر: آئی این این

 بی جے پی ممبئی میونسپل کارپوریشن پر قبضہ کرنے کیلئے سرگرم ہوگئی ہے۔ بی جے پی نے گزشتہ دنوں کو ممبئی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کی تیاریوں کا بگل بجاتے ہوئے اپنے ۲۹؍خاص لیڈروں کو اہم ذمہ داریاں سونپ دی ہیں جس کے جواب میں کانگریس نے بھی اپنے۳۴؍ مضبوط لیڈروں کو میدان میں اتارا ہے۔ میونسپل انتخابات کی تیاریوں کیلئے بی جے پی نے وارڈ سطح پر جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کیلئے بی جے پی کے۲۷؍ سرکردہ  لیڈروں پر مشتمل ممبئی میونسپل کارپوریشن الیکشن مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
کمیٹی کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی کے ممبئی  صدر اور ریاستی وزیر اشیش شیلار نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں تاریخی جیت کے بعد بی جے پی کے لئے میونسپل انتخابات میں متوقع کامیابی حاصل کرنا ضروری ہو گیا ہے۔ اس کے علاوہ وارڈ  سطح پر جائزہ لینے اور منصوبہ بندی کے ساتھ رپورٹ پیش کرنے کیلئے ضلع سطح کے عہدیداروں کو بھی مقرر کیا گیا ہے۔ ان اراکین کو۷؍ جولائی ۲۰۲۵ء تک بی جے پی ممبئی کے دفتر میں رپورٹ پیش کرنی ہوگی۔ پارٹی کی جانب سے۶؍ اضلاع کیلئے۱۲؍ اہم  لیڈروں کو جائزہ لینے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
میونسپل انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں۱۱؍ ہندی بولنے والوں کو بی جے پی میں اہم ذمہ داری ملی ہے۔ مرکزی وزیر پیوش گوئل، ریاستی کابینی وزیر منگل پربھات لوڈھا، ایم ایل اے ودیا ٹھاکر، مہر کوٹیچا، منوج کوٹک، پراگ الوانی، سنجے اپادھیائے، راج ہنس سنگھ، کرپاشنکر سنگھ، ونود مشرا اور تیجندر سنگھ توانہ ہندی بولنے والے ہیںجن میں سے ۵؍ اتر بھارتی  ہیں۔
اسی دوران اسمبلی انتخابات۲۰۲۴ءکی مایوس کن کارکردگی  کے بعد کانگریس نے بھی ممبئی میونسپل کارپوریشن کے لئے کمر کس لی ہے اور میدان میں کود پڑی ہے۔ کانگریس ممبئی کی صدر اور رکن پارلیمنٹ ورشا گائیکواڑ بھی اس بار ممبئی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں کوئی کسر نہیں چھوڑنا چاہتی ہیں۔ پارٹی کی جڑیں مضبوط کرنے کے لئے ورشا نے ممبئی میں جیت کے امکانات کے ساتھ سیٹوں کا جائزہ لینے کی تیاری شروع کردی ہے۔ اس کے لئے انہوں نے اپنے۳۴؍ قابل اعتماد  لیڈروں کو میدان میں اتارا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK