انڈونیشیائی صدر پرابوو سبیانتو نے چین کا دورہ منسوخ کر دیا،حکومت مخالف مظاہرے دارالحکومت جکارتہ سے باہر دیگر علاقوں میں بھی پھیل گئے۔
EPAPER
Updated: September 01, 2025, 3:40 PM IST | Agency | Jakarta
انڈونیشیائی صدر پرابوو سبیانتو نے چین کا دورہ منسوخ کر دیا،حکومت مخالف مظاہرے دارالحکومت جکارتہ سے باہر دیگر علاقوں میں بھی پھیل گئے۔
انڈونیشیا میں حکومت کی شاہ خرچی کے خلاف مظاہروں میں شدت آ گئی، کئی علاقائی اسمبلیاں نذر آتش کر دی گئیں، انڈونیشیائی صدر پرابوو سبیانتو نے چین کا دورہ منسوخ کر دیا ۔ حکومت مخالف مظاہرے دار الحکومت جکارتہ سے باہر دیگر علاقوں میں بھی پھیل گئے ہیں، ٹک ٹاک نے ملک میں بڑھتی ہوئی پرتشدد صورتحال کے پیش نظر اپنا لائیو فیچر عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔
صدر کے ترجمان نے اعلان کیا کہ پرابوو ملک کی موجودہ صورتحال پر براہ راست نظر رکھنا چاہتے ہیں، جس کے باعث وہ چین کا دورہ نہیں کر سکیں گے، پرابوو کو چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس اور۳؍ستمبر کو ہونے والی یومِ فتح پریڈ میں شرکت کرنی تھی جو دوسری عالمی جنگ کے اختتام کی ۸۰؍و یں سالگرہ کی یاد میں منعقد ہو رہی ہے۔
ان مظاہروں کا آغاز اس وقت جکارتہ میں ہوا تھا جب جب یہ خبر سامنے آئی کہ انڈونیشیا کے تمام ۵۸۰؍ اراکین پارلیمنٹ کو ان کی تنخواہ کے علاوہ ۵۰؍ لاکھ روپیہ ماہانہ ہاؤسنگ الاؤنس دیا جا رہا ہے، اس خبر نے عوامی غصے کو ہوا دی، کیونکہ ملک میں مہنگائی، ٹیکس اور بے روزگاری عروج پر ہے۔
احتجاجی صورتحال اس وقت مزید خراب ہو گئی جب ایک پولیس گاڑی نے ایک۲۱؍ سالہ موٹر سائیکل سوارافان کورنیاوان کو کچل دیا تھا، اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا جس نے ملک بھر میں شدید عوامی ردعمل کو جنم دیا۔صدر پرابوو ماضی میں بدنام زمانہ آمر جنرل محمد سوهارتو کی فوج میں جنرل رہ چکے ہیں، انہوں نے مظاہرین سے پُرامن رہنے کی اپیل کی ہے اور نوجوان ڈرائیور کی ہلاکت پر تعزیت کی ہے تاہم انہوں نے فوج اور پولیس کو ملک میں امن بحال کرنے کے لیے فیصلہ کن اقدام کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔
انڈونیشائی میڈیا کے مطابق مظاہرین نے مغربی نوسا ٹنگارا، وسطی جاوا کے شہر پیکالونگان، اور مغربی جاوا کے شہر چری بون میں علاقائی اسمبلیوں کی عمارات کو نذر آتش کر دیا ہے، چری بون میں دفتر کا سامان بھی لوٹ لیا گیا، جبکہ پیکالونگان اور مغربی نوسا ٹنگارا میں مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کا استعمال کیا۔
الجزیرہ کی رپورٹر جیسیکا واشنگٹن کے مطابق جکارتہ میں ہزاروں مظاہرین سڑکوں پر موجود ہیں، جنہیں اس بات پر غصہ ہے کہ سیاستدانوں کو جو ہاؤسنگ الاؤنس دیا جا رہا ہے، وہ شہر کی کم از کم اجرت سے ۱۰؍ گنا زیادہ ہے۔قطری نشریاتی ادارے کے مطابق مظاہرے دیگر شہروں تک پھیل رہے ہیں اور حکومت کے خلاف مزید مظاہروں کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔ ادھر مقامی میڈیا نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ مظاہرین نے ناسم ڈیم پارٹی سے تعلق رکھنے والے رکنِ پارلیمان احمد سحرونی کے جکارتہ میں واقع گھر پر دھاوا بول کر فرنیچر سمیت گھریلو سامان لوٹ لیا، سحرونی نے پارلیمنٹ تحلیل کرنے کا مطالبہ کرنے والے افراد کو دنیا کے سب سے بیوقوف لوگ قرار دے کر عوامی غصے کو مزید بڑھا دیا تھا۔