بھوپال کے متنازع ۹۰؍ ڈگری موڑ والے بریج کے بعد اس بریج کی تعمیر نے حکومت اور انتظامیہ پر سوال کھڑے کردئیے
EPAPER
Updated: July 10, 2025, 11:02 PM IST | Indore
بھوپال کے متنازع ۹۰؍ ڈگری موڑ والے بریج کے بعد اس بریج کی تعمیر نے حکومت اور انتظامیہ پر سوال کھڑے کردئیے
بھوپال کے متنازع ۹۰؍ ڈگری موڑ والے عیش باغ بریج کے بعد مدھیہ پردیش کے اندور شہر میں ایک پُل تعمیر کیا جارہا ہے جو بھوپال کے بریج سے بھی دوہاتھ آگے بتایا جارہا ہے کیوں کہ یہ بریج ’زیڈ ‘ کی شکل کا ہے اور اس میں ۹۰؍ ڈگری کے ۲؍ موڑ ہیں۔ پولو گراؤنڈ کے قریب تعمیر ہو رہا یہ زیڈ کی شکل کا پل مقامی شہریوں، ماہرین اور صنعتی حلقوں میں تشویش کا باعث بن گیا ہے۔یہ پل لکشمی بائی نگر کو پولو گراؤنڈ سے بھاگیرتھ پورہ اور ایم آر ۴؍کے ذریعے جوڑنے کیلئے بنایا جا رہا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ لکشمی بائی نگر کی جانب سے آنے والی سڑک اور ایم آرفور کی طرف جانے والے راستے پر ۹۰؍ ڈگری کے زاویے کے موڑ ہیں جو حادثوں کا سبب بن سکتے ہیں۔ اس بریج کے تعلق سے ریلوے گودام سے اکثر مال لے جانے والے ایک ٹرک ڈرائیور نے کہاکہ پوری طرح سے مال لوڈیڈ گاڑی لے کر ایسے موڑ کاٹنا بہت مشکل ہوتا ہے اور ایسے میں حادثہ کا احتمال زیادہ ہوتا ہے کیوں کہ سامنے سے آرہی گاڑی کو کچھ نظر نہیں آئے گا۔
اندور کے رکن پارلیمان شنکر لالوانی نے بھی اس پر اعتراض کیا ہے۔انہوں نے جون میں سرکاری اجلاس کے دوران بریج کا نقشہ دیکھا تھا اور ریاستی وزیر تعمیرات عامہ کو خط لکھا تھا ۔ ساتھ ہی پی ڈبلیو ڈی سے اس بریج کے خطرناک ڈیزائن میں تبدیلی کا مطالبہ کیا ہے۔ پولو گراؤنڈ انڈسٹریل ویلفیئر اسوسی ایشن کے صدر دھننجے چچکر نے بھی پل کی ڈھلوان اور موڑ پر اعتراض کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہی ڈیزائن رہا تو حادثے یقینی ہیں۔ ریاستی پی ڈبلیو ڈی کے افسران نے عوامی خدشات کے بعد ڈیزائن پر نظرثانی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
اس بریج کی تعمیر کےایگزیکٹیو انجینئر گرمیت بھاٹیا نے کہاکہ ہم ان سوالات کی روشنی میں ڈیزائن کا دوبارہ جائزہ لے رہے ہیں، اگر ضرورت پڑی تو بہتری کی جائے گی۔اس بریج کے ڈیزائن پر کانگریس لیڈر سجن سنگھ ورما نے طنز کیاکہ لگتا ہے شہر کے وزیر سو رہے ہیں یا پھر پی ڈبلیو ڈی کے وزیر ہوش میں نہیں۔ اندور کے انجینئرس بھوپال کے انجینئرس کو مات دینا چاہتے ہیں، وہ بھی ایک نہیں، دو خطرناک موڑ کے ساتھ!
تاہم، پی ڈبلیو ڈی کے وزیر راکیش سنگھ نے دعویٰ کیا کہ ڈیزائن میں ۲۰؍ میٹر کا ٹرننگ ریڈیس رکھا گیا ہے جس سے حادثہ نہیں ہو گا۔ یہ تعمیر انجینئرنگ کے اصولوں کے مطابق ہی ہے۔ انہوں نے یہ وضاحت بھی کی کہ اس تعمیر میں ’سوپر ایلیویشن‘ بھی ہے اور ڈیزائن اسپیڈ ۲۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ رکھی گئی ہے۔ انہوں نے یہ وضاحت بھی دی کہ کبھی کبھی ہمیں دستیاب جگہ کے مطابق ڈیزائن میں ایڈجسٹ کرنا پڑتا ہے۔
واضح رہے کہ یہ تنازع بھوپال کے عیش باغ بریج کی یاد تازہ کرتا ہے جہاں ۹۰؍ڈگری موڑ کی وجہ سے زبردست تنقیدیں ہوئی تھیںجس کے بعد ۷؍ انجینئروں، بشمول دو چیف انجینئروں کو معطل کردیا گیا تھا ۔