Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی میں صفائی کو عوامی تحریک بنانے کی پہل

Updated: March 31, 2026, 2:07 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

’’سوچھ بھیونڈی مقابلہ‘‘ کا یکم اپریل سے آغاز، شہریوں سے بھرپور شرکت کی اپیل۔

Bhiwandi Corporation.Photo:INN
بھیونڈی کا رپوریشن۔ تصویر:آئی این این
 میونسپل کارپوریشن نے شہر میں صفائی ستھرائی کے معیار کو بلند کرنے اور عوامی شمولیت کو فروغ دینے کے لئے ’’سوچھ بھیونڈی مقابلہ ۲۰۲۶‘‘ کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ یہ مہم یکم اپریل سے ۳۱؍جولائی ۲۰۲۶ء تک جاری رہے گی اور اسے میئر، نائب میئر اور میونسپل کمشنر کی ہدایات پر عمل میں لایا جا رہا ہے۔ میونسپل حکام کے مطابق یہ مقابلہ تمام وارڈ افسران، 
چیف صفائی انسپکٹرز اور صفائی انسپکٹرز کی نگرانی میں منعقد ہوگا جبکہ اس میں شہریوں، تعلیمی و مذہبی اداروں، سماجی تنظیموں اور عوامی نمائندوں کی فعال شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔ مقابلہ ۵۰۰؍نمبروں پر مشتمل ہوگا، جس میں اول انعام ۱۰؍ لاکھ روپے، دوم ۵؍ لاکھ روپے اور سوم ۳؍ لاکھ روپے مقرر کئے گئے ہیں۔
کارپوریشن نے مقابلے کیلئے۱۲؍  نکاتی معیار طے کیا ہے، جن میں گھروں اور سوسائٹیوں میں کچرے کی علیحدگی، گاربیج ولنریبل پوائنٹس (جی وی پی) کا خاتمہ، بڑے اداروں میں گیلے کچرے سے کھاد سازی، ۳؍ آر (ریڈیوس، ری یوز، ری سائیکل) مہم کا نفاذ، خود امدادی گروپس کے ذریعے کپڑے کے تھیلے اور کمپوسٹ سازی، پلاسٹک ویسٹ مینجمنٹ قوانین ۲۰۲۱ء پر عمل، ہر وارڈ میں صفائی سفیروں کا تقرر، زیرو ویسٹ پروگرام، صفائی سے متعلق لاگ بکس کی دیکھ بھال اور کمپوسٹ کی تیاری جیسے اقدامات شامل ہیں۔
 
 
اس مہم کے تحت نہ صرف کچرے کی درجہ بندی اور صفائی کے حوالے سے بیداری مہم چلائی جائے گی بلکہ ہوٹلوں، اسپتالوں، اسکولوں اور دیگر اداروں کا باقاعدہ معائنہ بھی کیا جائے گا۔ ساتھ ہی جی وی پی مقامات کو ختم کرکے وہاں صفائی اور خوبصورتی کو فروغ دیا جائے گا جبکہ سڑکوں، نالیوں اور عوامی بیت الخلاء کی مستقل صفائی کو یقینی بنایا جائے گا۔
 
 
مہم کی نگرانی کے لئے میونسپل کمشنر کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس میں ایڈیشنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بھی شامل کیا گیا ہے۔میئر نارائن چودھری، ڈپٹی میئر طارق مومن اور میونسپل کمشنر انمول ساگر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، کچرے کی علیحدگی کو اپنی عادت بنائیں اور بھیونڈی کو صاف، خوبصورت اور صحت مند شہر بنانے میں میونسپل کارپوریشن کا ساتھ دیں۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK