Inquilab Logo

مینوفیکچرنگ شعبہ کی ترقی کیلئے اختراع ضروری ہے: گڈکری

Updated: June 27, 2020, 3:40 AM IST | New Delhi

مرکزی وزیر صنعت نتن گڈکری کا انجینئرنگ مصنوعات پروموشن کونسل کے نمائندوں سے خطاب۔

Nitin Gadkari Photo: INN
نتن گڈکری۔ تصویر: آئی این این

مائکرو، چھوٹی اور درمیانہ صنعتوں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے مینوفیکچرنگ شعبہ کے لئے اختراع کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہاکہ علم اور معلومات کو اثاثہ میں تبدیل کرنا ضروری ہے۔گڈکری نے انجینئرنگ مصنوعات ایکسپورٹ پروموشن کونسل کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کورونا وبا نے صنعتوں کے سامنے غیرمعمولی چیلنج پیدا کیا ہے جس کا سامنا خوداعتمادی اور مثبت سوچ سے کیا جارہا ہے۔ صنعت کے ہر ایک شعبہ کے سامنے چیلنج ہیں لیکن یہ تھوڑ ے وقت کے لئے ہے۔ گڈکری نے کہاکہ تمام شعبوں کو آپس میں تعاون کرنا چاہئے۔ اس بحران کا سامنا متحد ہوکر کیا جاسکتا ہے۔ اسی طریقہ سے معیشت کو بھی رفتار دی جاسکتی ہے۔ گڈکری کی یہ بات چیت کل دیر شام ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ہوئی۔مرکزی وزیر نے چھوٹی صنعتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کی مجموعی گھریلو پیداوار میں سب سے زیادہ تعاون کرتی ہیں اور روزگار کے مواقع فراہم کرتی ہیں ۔ برآمد میں چھوٹی صنعتوں کی حصہ داری تقریباً۴۸؍ فیصد ہے اور اسے تکنالوجی کے اپ گریڈ اور مصنوعات کے معیار کے ذریعہ بڑھایا جاسکتا ہے۔ گڈکری نے کہاکہ مینوفیکچرنگ شعبہ کی ترقی کے لئے فریٹ، ٹرانسپورٹ اور لیبر کے اخراجات میں کمی کرنی ہوگی۔اس کے لئے ایک حکمت عملی پر کام کرنا ہوگا اور مقامی سطح پر روزگار دستیاب کرانا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ مینوفیکچرنگ صنعت کی پیکیجنگ اور کوالٹی پر بھی توجہ دینی ہوگی۔ کورونا وبا کے بعد ایک نیانظام ہوگا جس میں ان حقائق کی بہت اہمیت ہوگی۔ معیار طے کرنے سے ہندوستانی مصنوعات کو بین الاقوامی بازار میں فروغ دیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے چھوٹی صنعتوں کی مالی مد د فراہم کرانے کیلئے ایک فنڈ بنایا ہے۔ جن صنعتوں کا بہتر کاروبار ہے اور جی ایس ٹی اور انکم ٹیکس باقاعدگی سے ادا کرتے ہیں ، ان کو اس میں سرمایہ دستیاب کرایا جائے گا۔ ایسی صنعتوں کو سرمایہ بازار سے بھی سرمایہ لینے کی اجازت دی جائے گی۔ یہ صنعتیں خود کو شیئر بازار میں درج فہرست کراسکیں گی اور غیرملکی راست سرمایہ لے سکیں گی۔
مرکزی وزیر نے کہاکہ صنعتوں کو اپنے منافع کا دو سے تین فیصد ہر برس وسائل پر خرچ کرنا چاہئے جس سے علم اور معلومات کو اثاثہ میں تبدیل کیا جاسکے۔ یہ صنعتوں کی ترقی کے لئے ضروری ہے۔
 گڈکری نے اس دوران چین کی شر انگیزی پر بھی صنعتوں کو متنبہ کیا اور کہا کہ اب ہمیں چینی مال پر انحصار کم کرنا ہوگا اور اپنے مال کا پروڈکشن خود کرنے کیلئے تیار رہنا ہو گا۔ اس کے بغیر ہم چین کو منہ توڑ جواب نہیں دے سکیں گے ۔ اس لئے اب خود کفیل بننے کا وقت آگیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK