Inquilab Logo

حاجی علیؒ درگاہ کی تزئین کاری کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت

Updated: February 13, 2020, 1:06 PM IST | Staff Reporter | Mumbai

ممبئی میں سمندر کے درمیان واقع حاجی علیؒ درگاہ اور اس کے راستے کی تزئین کاری کا کام جلد شروع ہونے کا امکا ن ہے۔

 ریاستی وزیر اسلم شیخ افسران کے ساتھ میٹنگ کے دوران تصویر: انقلاب
ریاستی وزیر اسلم شیخ افسران کے ساتھ میٹنگ کے دوران تصویر: انقلاب

ممبئی : ممبئی میں سمندر کے درمیان واقع حاجی علیؒ درگاہ اور اس کے راستے کی تزئین کاری کا کام جلد شروع ہونے کا امکان ہے۔ بدھ کو ممبئی کے نگراں وزیر اسلم شیخ نے حضرت حاجی علیؒ درگاہ کی تزئین کاری کا جائزہ لیا اور اس پروجیکٹ کو جلد از جلد شروع کرنے کی ہدایت متعلقہ افسران کو دی۔ اسلم شیخ کی صدارت میں منعقد کی گئی اس میٹنگ میں درگاہ کی تزئین کاری پروگرام کا پریزنٹیشن بھی دیا گیا۔ اس کام کیلئے ۴۰؍ کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں ۔
  واضح رہے کہ شاہ سمندر حضرت حاجی علیؒ کی درگاہ ہندو مسلم بھائی چارے کی علامت ہے۔ بڑی تعداد میں عقیدت مند یہاں آتے ہیں۔ میٹنگ میں وزیر نے سرکاری افسران کو درگاہ کی تزئین و تجدید کاری میں حائل غیر قانونی عمارتوں و اسٹرکچرس پر فوراً کارروائی کرنے کا حکم بھی دیا۔  انہوں نے کہا کہ  ضرورت پیش آئی تو وزیر مالیات سے بجٹ میں اضافے کا مطالبہ کیا جائے گا۔
 واضح رہے کہ گزشتہ دنوں شہر کے نگراں وزیر نے حاجی علی درگاہ پہنچ کروہاں جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا تھا اور درگاہ کے ٹرسٹی سہیل کھنڈوانی اور دیگر عہدیداران سے ملاقات بھی کی تھی۔ بدھ کو منترالیہ میں منعقدہ میٹنگ میں ممبئی میونسپل کمشنر پروین پردیسی، ممبئی شہر کے ضلع کلکٹر راجیو نیوتیکر، جوائنٹ پولیس کمشنر نول بجاج، ممبئی میری ٹائم بورڈ کے سی ای او ڈاکٹر راما سوامی، حاجی علی  درگاہ کے ٹرسٹی سہیل کھنڈوانی، رضوان مرچنٹ، مسعود ہاشم دادا، ظفر شیخ و دیگر سرکاری افسران موجود تھے۔واضح رہے کہ  درگاہ  کے حصہ میں تزئین کا کام  برسوں سے جاری ہے اورالتوا کی وجہ سے اس کے خرچ میں بھی اضافہ ہواہے۔
تزئین کاری میں کیا کام ہوں گے
*مین روڈ پر عالیشان داخلی دروازہ تعمیر کرنا،مختلف پھولوں سے سجا ہوا مغل گارڈن تعمیر کرنا،مغل گارڈن  میں تاریخی طرز  کے بینچ اور لائٹس لگانا، زائرین کی سہولت کیلئے ’ وزیٹرپلازہ‘  کی تعمیر ،درگاہ  جانے والے راستے کی آرائش اور تزئین کاری، درگاہ کے مرکزی دروازے کی تزئین کاری۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK