اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے اپنے شاندار کیریئر میں ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ بدھ کی شب کوناکاف چیمپئن کپ کے راؤنڈ آف ۱۶؍ میں نیش وِل کے خلاف کھیلے گئے میچ کے ابتدائی لمحات میں میسی نے اپنے کیریئر کا ۹۰۰؍ واں گول داغ دیا۔
EPAPER
Updated: March 19, 2026, 3:07 PM IST | Miami
اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے اپنے شاندار کیریئر میں ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ بدھ کی شب کوناکاف چیمپئن کپ کے راؤنڈ آف ۱۶؍ میں نیش وِل کے خلاف کھیلے گئے میچ کے ابتدائی لمحات میں میسی نے اپنے کیریئر کا ۹۰۰؍ واں گول داغ دیا۔
اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے اپنے شاندار کیریئر میں ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ بدھ کی شب کوناکاف چیمپئن کپ کے راؤنڈ آف ۱۶؍ میں نیش وِل کے خلاف کھیلے گئے میچ کے ابتدائی لمحات میں میسی نے اپنے کیریئر کا ۹۰۰؍ واں گول داغ دیا۔
میجر لیگ ساکر کے مسلسل دو بار ایم وی پی رہنے والے، ۸؍ بار بیلن ڈی اور ایوارڈ یافتہ اور ورلڈ کپ چیمپئن میسی نے یہ سنگ میل اپنے روایتی انداز میں عبور کیا۔ ساتویں منٹ میں باکس کے وسط میں پاس وصول کرنے کے بعد، انہوں نے گیند پر قابو پایا، پینترا بدلا اور دفاعی کھلاڑیوں کے ہجوم کے درمیان سے اپنے بائیں پاؤں سے ایک نچلی شاٹ لگائی جو سیدھی جال کے کونے میں جا گری۔
SÍ LIONEL. 🤩 pic.twitter.com/rFxQ7kbSoA
— Inter Miami CF (@InterMiamiCF) March 19, 2026
آفیشیل اعداد و شمار کے مطابق، کرسٹیانو رونالڈو واحد دوسرے مرد کھلاڑی ہیں جنہوں نے۹۰۰؍ سے زائد گول کر رکھے ہیں۔ تاہم، میسی نے رونالڈو کے مقابلے میں تقریباً ۱۰۰؍ میچ کم کھیل کر یہ ہدف حاصل کیا ہے۔ رونالڈو نے ستمبر ۲۰۲۴ء میں ۳۹؍ برس کی عمر میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا، جبکہ میسی رواں برس جون میں ۳۹؍ سال کے ہوں گے۔
اس تاریخی کامیابی پر کھیل کی دنیا کی دیگر نامور شخصیات نے بھی میسی کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ باسکٹ بال کے لیجنڈ میجک جانسن نے سوشل میڈیا پر اسے ایک ’’ناقابل یقین حدف‘‘ قرار دیتے ہوئے میسی کو مبارکباد دی۔ اگرچہ برازیلین لیجنڈ پیلے کے حوالے سے بھی ۱۰۰۰؍ سے زائد گولز کے دعوے کیے جاتے ہیں، لیکن ان کے سرکاری گولز کی تعداد ۸۰۰؍ کے قریب تسلیم کی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:یو سی ایل: لیورپول کوارٹر فائنل میں داخل، نیو کیسل اور اسپرز ٹورنامنٹ سے باہر
تاریخی گول کے باوجود میسی کے لیے یہ رات جشن کی ثابت نہ ہو سکی۔ نیش وِل نے انٹر میامی کے خلاف میچ ۱۔۱؍ سے برابر کر دیا اور ’اوے گول‘ کی بنیاد پر ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، کیونکہ دونوں ٹیموں کے درمیان گزشتہ ہفتے ہونے والا پہلا لیگ میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا۔ نیش وِل کے کوچ بی جے کالاگھن نے میچ کے بعد میسی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں دنیا کا بہترین کھلاڑی قرار دیا۔
یہ بھی پڑھئے:دنیا کا واحد ملک افغانستان، جہاں آج عید منائی جا رہی ہے!
لیونل میسی فٹ بال کی دنیا کے سب سے مقبول کھلاڑی برقرار ہیں۔ انٹر میامی میں ان کی شمولیت کے بعد سے ان کی نمبر ۱۰؍ کی جرسی لیگ میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی جرسی رہی ہے۔ ان کے اعزازات کی فہرست طویل ہے، ۴۷؍ ٹرافیز جیتنے کے بعد وہ مردوں کے فٹ بال کی تاریخ کے سب سے کامیاب کھلاڑی بن چکے ہیں۔ توقع ہے کہ وہ رواں برس امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں ہونے والے ورلڈ کپ میں ایک بار پھر ارجنٹائن کی نمائندگی کریں گے۔