Inquilab Logo

بہار:قرنطینہ مراکز میں پہلے اور بعد میں آنے والوں کو ایک ساتھ نہ رکھنے کی ہدایت

Updated: May 31, 2020, 11:25 AM IST | Inquilab News Network | Patna

نتیش کمار نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ضروری ہدایات دیں، کہا: نئے اور پرانے تارکین وطن کو علاحدہ رکھا جائے۔مزدوروں کو روزگار فراہم کرنے اور ان کا خیال رکھنے پر زوردیا

Nitish Kumar - Pic : PTI
نتیش کمار ۔ تصویر : پی ٹی آئی

اب بہار کے قرنطینہ مراکز میں  دیگر ریاستوں کے پہلے اور بعد میں آنے والے تارکین وطن کو علاحدہ رکھاجائےگا۔ اس سلسلے میں بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے   ہدایت دی ہے کہ کوارنٹائن سینٹر پر جو نئے لوگ آ رہے ہیں، انہیں پرانے لوگوں کے ساتھ نہ رکھیں۔ نئے لوگوں کو رکھنے کاالگ بندوبست کریں۔ کوروناانفیکشن کے مؤثر روک تھام کےتعلق سےسبھی محکموں کے اعلیٰ افسران، ڈویزنل کمشنر، آئی جی، سبھی اضلاع کے ڈی ایم اور ایس پی کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ منعقدہ اعلیٰ سطحی میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نےیہ ہدایت بھی دی کہ باہر سے آنے والوں کی زیادہ سے زیادہ کی جانچ کرائی جائے۔کوارنٹائن سینٹر اور ہوم كکوارنٹائن میں رہنے والوں کی باقاعدہ اسکریننگ اور جانچ کی جائے۔ پلس پولیو طرز پر  ڈورٹوڈوراسکریننگ مہم  جاری رہنی چاہئے ۔ دیہی علاقوں میں کورونا انفیکشن کےتعلق سے کافی بیداری ہے۔
 وزیر اعلیٰ  کے مطابق باہر سے آنےوالوں کو یہیں روزگار ملے تاکہ وہ یہاں رہ کر اپنے کنبہ کی پرورش کر سکیں۔ کسی کے سامنے مجبوری میں باہر جانے کی نوبت نہ آئے۔ لوگ یہیں رہ کر کام کرنا بھی چاہتے ہیں۔ ان کے روزگار کےلئے ترقیاتی کمشنر کی  قیادت میں ایک ٹاسک فورس بھی تشکیل دی گئی  ہے۔تمام ضلع مجسٹریٹ اپنے اپنے ضلع میں صلاحیت کے مطابق مزدوروں کو روزگار دیں۔ 
 وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ سبھی اضلاع میں ضروری سہولیات کے ساتھ آئیسولیشن بیڈ کی تعداد بڑھائیں۔ ضلع مجسٹریٹ سطح سے اس کا اندازہ لگاکر جلد ضروری کارروائی کریں۔ 
 اعلیٰ سطحی میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ منظور شدہ  راشن کارڈ کی پرنٹنگ میں تیزی لائیں۔جو راشن کارڈ تیار ہو گئے ہیں ان کی تقسیم شروع کریں۔ خوراک کی فراہمی اور کنزیومر پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ سبھی ضلع مجسٹریٹ سے بات چیت کرکے اناج کی دستیابی اور تقسیم سے متعلق  انہیں آگاہ کریں ۔ یہ ضرورت مندوں کو فائدہ دلانے کے لئے ضروری ہے۔
  وزیر اعلیٰ نے تارکین وطن کے بارے میں کہا کہ زیادہ تر لوگ باہر سے بہار لوٹ چکے ہیں۔ اب بھی جو لوگ باہر کی ریاستوں میں پھنسے ہوئے ہیں، انہیں ایک دو دنوں میں  بلانے کیلئے متعلقہ ریاستوں سے رابطہ کرکے ضروری انتظامات کریں۔  ان کے مطابق بہار کے مزدوروں کو  باہر کافی تکلیف ہوئی ہے۔بہار کے باہر زیادہ تر نجی کمپنیوں نے ان کا خیال نہیں رکھا۔ ہمارا فرض ہے کہ ہم ان پر توجہ دیں ۔ ہماری خواہش ہے کہ سب کو یہیں روزگار ملے۔ کسی کو  بھی اب باہر نہیں جانا پڑے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK