واشی مارکیٹ میں سبزیاں کم آرہی ہیں۔، مال بھیگ جانے سے بیوپاریوں کو نقصان ۔ تھوک بھائو میں ۳۰ ،۴۰؍ فیصد کمی آئی ۔ خردہ بیوپاری موجودہ قیمت پر سبزیاں فروخت کر رہے ہیں
EPAPER
Updated: August 21, 2025, 10:52 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
واشی مارکیٹ میں سبزیاں کم آرہی ہیں۔، مال بھیگ جانے سے بیوپاریوں کو نقصان ۔ تھوک بھائو میں ۳۰ ،۴۰؍ فیصد کمی آئی ۔ خردہ بیوپاری موجودہ قیمت پر سبزیاں فروخت کر رہے ہیں
ریاست بھر میںگزشتہ چند دنوں سے موسلادھار بارش سےایک جانب سبزیاں خراب ہورہی ہیں تودوسری طرف بیرون اضلاع سےواشی مارکیٹ آنے والی سبزی ترکاریوں کے ٹرک معمول کے مطابق کم آرہے ہیں جس سے سبزیوںکی سپلائی متاثرہوئی ہے اور بارش سے ۷۰؍ فیصد سبزیاں خراب ہونےکی اطلاع موصول ہوئی ہے، اس کے باوجودیہ سبزیا ں لوگوں کو ۱۰۰؍سے۱۲۰؍ روپےفی کلو فروخت کی جارہی ہیں ۔ سپلائی کم ہونے سے عوام خراب سبزیاں بھی مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہیں ۔ واشی اے پی ایم سی سبزی مارکیٹ کے ڈائریکٹر کے مطابق بارش کی وجہ سے مال کی سپلائی ۲۵، ۳۰؍ فیصد کم ہوئی ہے اور مال بھیگ جانے سے بیوپاریوں کو کافی نقصان ہو رہا ہے اور تھوک بھائو میں بھی ۳۰، ۴۰؍ فیصد کمی آئی ہے لیکن خردہ بازار کے بیوپاری موجودہ قیمت ہی پر سبزیاں فروخت کر رہے ہیں ۔
اے پی ایم سی مارکیٹ میں عام طور پر سبزیوں کی ۶۵۰؍ گاڑیاں آتی ہیں لیکن منگل کو ۴۹۰؍ گاڑیاں آئی تھیں، چونکہ ان میں زیادہ ترچھوٹی گاڑیاں شامل تھیں، اس لئے اوسطاً صرف ۳۵۰؍ گاڑیاں آئی تھیں ۔ یہ آمدمعمول سے ۴۰؍ فیصد کم تھی ۔ ان میں ۷۰؍ فیصد مال درمیانی درجے کا تھا، بارش کے پانی میں بھیگ جانے سے یہ سبزیاں خراب ہوگئی تھیں جس کی وجہ سے صرف ۳۰؍فیصد اچھی سبزیاں واشی مارکیٹ میں پہنچی تھیں، اس کے باوجود اے پی ایم سی مارکیٹ میں سبزیوں کی تھوک قیمتیں مستحکم ہیں لیکن ان خراب اور بھیگی سبزیوں کو خردہ فروش، صارفین کو ۱۰۰، ۱۲۰؍روپے کلو فروخت کر رہے ہیں ۔
محمدعلی روڈ کی سعیدہ شکیل قریشی نے بتایا کہ ’’ہمارے محلہ میں گزشتہ ۳، ۴؍ دن سے سبزیوں کی دکانیں کم لگ رہی ہیں۔ سبزی فروشوں سےدریافت کرنے پر معلوم ہوا کہ مال سپلائی کم ہو رہا ہے ، اس لئے دکانیں کم لگائی جا رہی ہیں ۔ جو دکانیں لگائی جارہی ہیں ،ان پر جوسبزیاں دستیاب ہیں، وہ اچھی نہیں ہے ۔ بدھ کو میں نے آلو، ٹماٹر، ہرا دھنیا اور مرچ خریدی ، ہرا دھنیا اور مرچ پانی میںبھیگی اور مرجھائی ہوئی ملی ۔ دکاندار سے شکایت کرنے پر اس نے کہا کہ اسی طرح کی سبزیاں آرہی ہیں ،لینا ہو تولیں ورنہ کوئی بات نہیں ۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ایک تو سبزیاں اچھی نہیں مل رہی ہیں، دوسرے دام میں بھی کمی نہیں آئی ہے ۔ ساری سبزیاں تقریباً ۱۰۰؍روپے فی کلو دستیاب ہیں ۔ ‘‘
مدنپورہ ، محمدعمررجب روڈ پر رحمانی ٹاور کے سامنے کےسبزی فروش محمد ارشاد انصاری سے استفسار کر نےپر انہوں نے بتایا کہ ’’جہاں تک سبزیوں کی کوالیٹی کا معاملہ ہے تو اس میں کوئی خاص فرق نہیں ہے ، یہ ضرور ہے کہ سبزیوں کی سپلائی میں کمی آئی ہے ، اس کے باوجود سبزیاں معمول کے مطابق ان ہی داموں پر فروخت ہو رہی ہیں ۔ ‘‘
واشی اے پی ایم سی ویجیٹیبل مارکیٹ کے ڈائریکٹر شنکر پنگلے نے انقلاب کو بتایا کہ ’’ پوری ریاست میں موسلادھار بارش ہونے سے سبزیاں پانی میں بھیگ جانے سے خراب ہوئی ہیں ، جس کی وجہ سے اس کا کاروبار کرنے والے پریشان ہیں ۔ بارش کی وجہ سے ایک جانب تو سبزیوں کی سپلائی ۲۵، ۳۰؍ فیصدمتاثر ہوئی ہے تودوسری جانب تھوک بھائو میں بھی ۳۰، ۴۰؍فیصد کمی آئی ہے لیکن خردہ بازار کے بیوپاری موجودہ قیمت پرہی سبزیاں فروخت کر رہےہیں ۔ تھوک بازار میں سبزیوں کی قیمت ۴۰، ۶۰؍روپے فی کلو ہے ۔ یہی سبزیاں خردہ بازار میں ۱۰۰، ۱۲۰؍ روپے کلوفروخت ہو رہی ہیں ، پتوں والی سبزیاں تھوک بازار میں ۶؍سے ۱۸؍روپے فی جوڑی جوخردہ بازار میں ۳۵، ۴۰؍ جوڑی فروخت ہو رہی ہیں۔‘‘