دیوالی کی تعطیل کے باوجود ٹیچروں کو وہاٹس ایپ گروپ پر سرگرم رہنے اور اس کے ذریعے طلبہ کے والدین میں ووٹنگ کے تعلق سے بیداری پیدا کرنے کیلئے کہا گیا ہے
EPAPER
Updated: October 28, 2024, 11:16 PM IST | Mumbai
دیوالی کی تعطیل کے باوجود ٹیچروں کو وہاٹس ایپ گروپ پر سرگرم رہنے اور اس کے ذریعے طلبہ کے والدین میں ووٹنگ کے تعلق سے بیداری پیدا کرنے کیلئے کہا گیا ہے
الیکشن کمیشن آف انڈیا ووٹنگ فیصد بڑھانے کیلئے مختلف طریقوںسے کوشش کر رہا ہے۔ مثلاًطلبہ کے ذریعے سرپرستوں کو ووٹ ڈالنے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ وہیں پیر سے اسکولوں میں دیوالی کی چھٹی ہونے کے باوجود ٹیچروںکو سرپرستوں کے وہاٹس ایپ گروپ پر سرگرم رہنے اور ووٹنگ سےمتعلق بیداری پیدا کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ اسی دوران سوشل میڈیاپرایک طالبہ کا والدین کے نام خط وائرل ہو رہا ہے جس میں اس نے لکھاہے ’ پیارے والدین ، میرے مستقبل اور جمہوریت کو مضبوط بنانے کیلئے ۲۰؍نومبر کو ووٹ ضرور ڈالیں ۔’
واضح رہے کہ ان دنوں الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ہدایت پربی ایم سی محکمہ تعلیم طلبہ کے ذریعے ان کے والدین اور سرپرستوں کو ووٹ ڈالنے کیلئے متحرک کرنے کی کوششیں کر رہا ہے ۔جس کے تحت جہاں والدین کو اسکول میں بلاکر ووٹ ڈالنے کی ترغیب دی جا ر ہی ہے وہیں مختلف قسم کے ثقافتی پروگراموں مثلاً الیکشن کے موضوع پر مضمون نویسی ، ڈرائنگ اور دیگر مقابلے منعقد کئے جا رہے ہیں ۔ جن میں ہزاروں طلبہ حصہ لے رہے ہیں ۔ ان مقابلوں میں اوّل ،دوم اورسوم مقام حاصل کرنے والے طلبہ کو انعامات سے نوازا جا رہا ہے ۔ دیوالی کی چھٹی کی وجہ سے پیر سےشہر ومضافات کے اسکول بند ہوگئے ہیں ۔ اس کے باوجود محکمہ تعلیم کی ہدایت پر اساتذہ سرپرستوں کے وہاٹس ایپ گروپ پر سرگرم ہیں اور والدین سے ۲۰؍نومبر کو ووٹنگ کرنے کی اپیل کر رہے ہیں۔
بی ایم سی محکمہ تعلیم کے ایک سینئر آفیسر نے اس نمائندہ کو بتایاکہ ’’ پیر سے اسکولوںمیں دیوالی کی چھٹی ہوگئی ہے اس کے باوجود ہم نے اساتذہ کو طلبہ کے والدین سے رابطہ میں رہنےکی ہدایت دی ہے۔ وہاٹس ایپ کے ذ ریعے ان سے ووٹ کرنے کی اپیل کرنےکیلئےکہا گیا ہے ۔ ‘‘
خیال رہے کہ عام انتخابات میں ووٹنگ فیصد بڑھانے کیلئے مختلف ذرائع سے کوششیں کی جا رہی ہیں ۔ لوک سبھا انتخابات کے دوران بھی بڑے پیمانے پر عوامی بیداری پیدا کی گئی تھی لیکن ووٹنگ کا تناسب ۷۵؍فیصد سے زیادہ نہیں بڑھا تھا۔ اسمبلی انتخابات میں زیادہ سے زیادہ رائے دہندگان کو ووٹ ڈالنے کی ترغیب دینے کیلئے شہری انتظامیہ نے اس مرتبہ پہلے ہی تیاریاں شروع کر دیں ہیں۔
اس تعلق سے اکھل بھارتیہ اُردو شکشک سنگھ کے ریاستی جنرل سیکریٹری ساجد نثار نے کہا کہ ’’اسکولوں میں دیوالی کی چھٹیاں ضرورہوئی ہیں ، لیکن ٹیچروں کو جو نئی ذمہ داریاں دی گئی ہیں ، انہیں نبھانے کیلئے متعد د ٹیچر چھٹی ہونے پر بھی اسکول آکر ان کاموں کو انجام دے رہے ہیں ۔ مثلاً طلبہ کے’ اپار کارڈ‘ کیلئے محکمہ تعلیم نے طلبہ کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ چھٹی میں اس کام کو مکمل کرنےکیلئے میں خود پیر کواسکول آکر اس کام کو کرنے کی کوشش کر رہا ہوں ۔ علاوہ ازیں الیکشن کے بھی کچھ کام ہیں جنہیں کرنا ہے ۔ ان کاموں کو بھی کرنےکی کوشش کر رہا ہوں ۔‘‘
اسمبلی الیکشن کی تیاریوں کاجائزہ لیا گیا
مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی الیکشن کی تیاریوں اور ممبئی میں ووٹر بیداری کی سرگرمیوں کا ایڈیشنل ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر اور بی ایم سی کی ایڈیشنل میونسپل کمشنر(شہر) اشونی جوشی نے جائزہ لیا۔
ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر اور ممبئی میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی کی ہدایت پر یہ میٹنگ پیر کو بی ایم سی کے صدر دفتر میں منعقد کی گئی تھی۔ اس موقع پر کوآرڈینیٹنگ آفیسر (الیکشن) اور ایڈیشنل کلکٹر فروغ مقادم، ووٹر ایجوکیشن اینڈ الیکٹورل پارٹیسیپشن ویل پلانڈ پروگرام (ایس وی ای ای پی) کے ڈپٹی کمشنر کرن مہاجن، ممبئی سٹی ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹراور ڈپٹی کلکٹر وجئے کمار سوریاونشی سمیت متعلقہ افسران موجود تھے۔