Inquilab Logo

مانسون سے قبل اسپتالوں کواحاطے سے بھنگار ہٹانےکی ہدایت

Updated: June 02, 2022, 9:35 AM IST | saadat khan | Mumbai

میونسپل محکمۂ صحت نے اسپتال احاطے کی اچھی طر ح صفائی کرنے کو بھی کہا تاکہ بارش کے موسم میں جمع ہونےوالے پانی کے سبب مچھروںمیں اضافہ نہ ہو۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کابھی حکم

A debris can be seen in the premises of a municipal hospital. It has been directed to be removed.
ایک میونسپل اسپتال کے احاطے میں بھنگارپڑا نظر آرہا ہے۔اسے ہٹانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

 مانسون  کے پیش نظر بی ایم سی کے محکمۂ صحت نےایک جانب موسمی بیماریوں سے نمٹنے کی تیاریاں تیز کردی ہیں تو دوسری جانب اسپتالوں کے احاطے کی اچھی طر ح صفائی کرنے اور وہاں جمع بھنگار کو ہٹانےکی ہدایت بھی دی ہے تاکہ بارش کے موسم میں جمع ہونےوالے پانی کی وجہ سے مچھروںکی تعداد میں اضافہ نہ ہوکیونکہ اس کی وجہ سے طبی عملہ بھی  بیماریوں میں  مبتلا ہوسکتا ہے۔ اسی کے ساتھ اسپتالوں کے سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کا بھی حکم دیاگیاہےتاکہ خراب کیمروں کو تبدیل کیا جاسکے اور اسپتالوں میں ہونےوالی سرگرمیوں پر نظر رکھی جاسکے۔
 میونسپل کارپوریشن کے محکمۂ صحت کے ایک آفیسر نے بتایاکہ ’’ مانسون میں   ملیریا، ڈینگو ، لیپٹواسپائروسس اور گیسٹرووغیرہ کےمریضوںکی تعداد  میں اضافہ ہوجاتاہے۔ عام مریضوں کے علاوہ مانسون میں ایسا بھی دیکھا گیاہے کہ اسپتالوںمیں کام کرنےوالےبالخصوص ریسیڈنٹ ڈاکٹرس بھی ان امراض کا شکارہوگئے۔ متعدد مرتبہ ایسا  ہوا کہ پیسٹ کنٹرول ڈپارٹمنٹ کی جانچ میں اسپتال میں مچھروںکی افزائش  والے مقامات پائے جانے کی بات سامنے آئی ہے ۔ اس لئےضروری ہےکہ بارش سےقبل اسپتالوںمیں جہاں بھنگار اورکوڑاکرکٹ جمع ہے، اس کی صفائی کی جائے تاکہ ان مقامات پر پانی جمع نہ ہوسکے۔ پانی جمع ہونے سے مچھروںکی تعداد میں اضافے کا امکان بڑھ جاتاہے۔
  اس ضمن میں چیف میڈیکل سپرنٹنڈ نٹ( سی ایم ایس ) نے سبھی میونسپل اسپتالوں کو بھنگارہٹانے کی ہدایت دی ہےاور اس کی رپورٹ سی ایم ایس آفس کو روانہ کرنے کو کہاہے۔ اسپتالوں سے بھنگار ہٹانے کے علاوہ وہاں نصب  سی سی ٹی وی کیمروں کے بارےمیں بھی رپورٹ طلب کی گئی ہے تاکہ جو سی سی ٹی وی کیمرے خراب ہیں،  انہیں تبدیل کیاجاسکے۔  اس طرح ان خفیہ کیمروں کی مدد سے اسپتالوں میںہونےوالی چوریاں اور دیگر واقعات پر نظر رکھی جاسکے گی۔
  سی ایم ایس ڈاکٹر ودیاٹھاکور نے کہاکہ ’’ مر یضوںکے تحفظ کے تئیں ڈاکٹروںکے ساتھ ساتھ اسپتال میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کا بہتر ہونا بھی ضروری ہے۔ اس لئے ہم نے اسپتالوں کے سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت دی ہےکہ وہ اسپتال میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کریںاور بتائیں کہ کتنے کیمرے کام کررہےہیں اورکتنے ناکارہ ہیں تاکہ خراب کیمروں کو  تبدیل کیاجاسکے۔اس کی رپورٹ ۱۵؍جون تک روانہ کرنےکی ہدایت دی گئی ہے۔‘‘ انہوںنے یہ بھی کہاکہ ’’ متعدد مرتبہ اسپتالوں سے مریضوںکے سامان کی چوری کی شکایتیں موصول ہوتی ہیں۔ علاوہ ازیں مریض کے رشتےداروں کی غیر موجودگی میں مریض کے ساتھ کوئی حادثہ ہوجاتا ہے تو ایسی صور ت میں اسپتال میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ اسی لئے جو کیمرے خراب ہیں یا کام نہیں کررہےہیں ، انہیں فوری طورپر بدلنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ‘‘
  مانسون کی وجہ سے جہاں اسپتالو ںسے بھنگارہٹانےاور سی سی ٹی وی کیمروںکی جانچ کا حکم دیاگیاہے وہیںمو سمی بیماریوںمیں مبتلا ہونے والے افراد کے علاج کیلئے اسپتالوںمیں اضافی بیڈ اور خصوصی مانسون وارڈ تیار رکھنےکو بھی کہاگیاہے۔علاوہ ازیں  ملیریا، ڈینگو ، لیپٹواسپائروسس اور گیسٹرو  کے علاج کی دوائوںکا ذخیرہ کرنےکابھی حکم دیاگیاہے۔ 

hospital Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK