Inquilab Logo

ممبئی میں ٹی بی کےمریضوں کی تعداد میں۱۰؍فیصد کمی، جے جے اسپتال کی مہم

Updated: March 23, 2024, 11:38 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

بی ایم سی صحت کے ٹی بی کنٹرول محکمے کے مطابق ۲۰۲۲ء میں ممبئی میں ۵۵؍ہزار ۲۸۴؍ مریض پائے گئے جبکہ ۲۰۲۳ء میں یہ تعداد ۵۰؍ہزار ۲۰۶؍ ہو گئی۔

BMC Health Department workers conducting TB eradication campaign. Photo: INN
بی ایم سی کے محکمہ ٔ صحت کے کارکن ٹی بی کے خاتمے کی مہم چلاتےہوئے۔ تصویر : آئی این این

جہاں ایک طرف ٹی بی کی دوا کی قلت کا معاملہ سامنے آیاہے، وہیں  دوسری جانب بی ایم سی محکمہ صحت نے اپنی تازہ رپورٹ میں ممبئی میں ۲۰۲۲ءکےمقابلہ ۲۰۲۳ءمیں ٹی بی کے ۱۰؍ فیصد مریضوںکے کم ہونے کا دعویٰ کیاہے۔ ساتھ ہی ٹی بی کے مریضوں کیلئے  ’بی سی جی‘ ٹیکہ کاری مہم‘ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جے جے اسپتال نے بھی ٹی بی کی بیماری سے متعلق بیداری مہم شروع کی ہے۔
 واضح رہےکہ مریضوں کی تشخیص اور علاج کےتعلق سے برہن ممبئی میونسپل (بی ایم ایسی) ٹی بی کنٹرول ڈپارٹمنٹ کی طرف سے فراہم کردہ خدمات، مریضوں کی باقاعدہ نگہداشت اور جدید ترین تشخیصی جانچ کی سہولیات سے ٹی بی کے علاج کی شرح میں اضافہ ہو اہے۔ ۲۰۲۰ءمیں ٹی بی کے علاج کی شرح ۷۲؍ فیصد تھی جو کہ ۲۰۲۱ء میں بڑھ کر ۷۷؍فیصدہو گئی ہے۔ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے تپ دق کے کنٹرول کیلئے مسلسل خصوصی  مہم  سے مریضوں کی تعداد میں کمی  ہوئی ہے۔  ۲۰۲۲ء اور ۲۰۲۳ء کے درمیان نئے تشخیص شدہ افراد کی تعداد کے ساتھ ٹی بی کے مریضوں کی کل تعداد میں بھی کمی آئی ہے۔ جہاں ایک طرف ممبئی میں مریضوں کی تعداد میں کمی آئی ہے وہیں دوسری جانب ممبئی کے باہر سے علاج کیلئے آنے والے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: کالج نے طلبہ کو مرکزی وزیر کے بیٹے کے سیمینار میں شرکت پر مجبور کردیا

ممبئی میں مریضوں کی تعداد میں کمی
 ۲۰۲۳ءمیں کل ایک لاکھ ۸۲؍ ہزار ۸؍نمونوںکی جانچ کی گئی تھی۔  ٹی بی کے مرد اور خواتین  مریضوں کا تناسب تقریباً برابر ہے۔ ۲۰۲۲ء میں ممبئی میں ۵۵؍ہزار ۲۸۴؍ مریض پائے گئے تھے جبکہ   ۲۰۲۳ء میں ان مریضوں کی تعداد ۵۰؍ہزار ۲۰۶؍پائی گئی ہے۔
 بی سی جی ٹیکہ پروگرام
 انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ ( آئی سی ایم آر) اور قومی تپ دق خاتمے کے پروجیکٹ نے ممبئی کی زیادہ خطرہ والی آبادی کے بالغوں کیلئے بی سی جی ٹیکہ پروگرام شروع کیا ہے۔ اس قومی پروگرام کے تحت ممبئی کے تمام۲۴؍ وارڈ میں اس پرعمل کیاجائے گا۔الگ الگ نوعیت کے ٹی بی کےمریضوںکو ان کی طبی ضرورت کےمطابق ٹیکہ لگایاجائےگا۔ چونکہ یہ رضاکارانہ ٹیکہ ہے، اس لئےجنہیں یہ ٹیکہ لگایاجائے گا ان سے تحریری رضامندی لی جائے گی۔ اسے مرحلہ وار نافذ کیا جائے گا۔ اپریل میں سروے کرنےکےبعد مئی سے یہ مہم شروع کی جائے گی۔
جے جے اسپتال میں ٹی بی بیداری مہم
 جے جے اسپتال نے بھی ٹی بی کی بیماری سے متعلق عوامی بیداری مہم شروع کی ہےجس کے تحت اسپتال میں ٹی بی کےمرض پر مبنی نمائش لگائی گئی جس میں ٹی بی کےامراض کے مختلف پہلوئوں کا اُجاگر کرنے ساتھ ہی عوام کو ٹی بی کی علامتوںکے ظاہر ہونےپراحتیاطی تدابیر پر عمل کرنے اور علاج سے متعلق معلومات فراہم کی گئی۔ خیال رہے کہ پوری دنیا میں  ہر سال ۲۴؍ مارچ کو یوم تپ دق  منایا جاتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK