مدھیہ پردیش کے مختلف شہروں میںیوتھ کانگریس کا احتجاج ،وزیر کے بیان کوصحافیوں اور اندور سانحہ کے متوفیو ںکی توہین قراردیا
EPAPER
Updated: January 03, 2026, 10:43 PM IST | Indore
مدھیہ پردیش کے مختلف شہروں میںیوتھ کانگریس کا احتجاج ،وزیر کے بیان کوصحافیوں اور اندور سانحہ کے متوفیو ںکی توہین قراردیا
اندور جسے ملک کا سب سے صاف ستھرا شہر مانا جاتا ہے، ان دنوںآلودہ پانی پینے سے ہونے والی۱۵؍ اموات کے سبب سرخیوں میں ہے۔ اس واقعے میںمتعدد بیمار بھی ہوئےہیںجن کا اسپتال میں علاج جاری ہے۔ اس سانحہ کے درمیان، مدھیہ پردیش کے شہری ترقی کے وزیر اور مقامی ایم ایل اے کیلاش وجے ورگیہ کے خلاف احتجاج بھی شدید ہوگیا ہےجنہوں نے میڈیا کے سوالوں کے جواب میں نا زیبا زبان استعمال کی تھی۔واضح رہےکہ آلودہ پانی کے معاملے پرایک صحافی کے سوال پر کیلاش وجے ورگیہ نے کہا تھا ’’پھوکٹ (فضول) سوال مت پوچھو۔‘‘ اس کے علاوہ انہوں نے اپنے جواب میں’ گھنٹہ‘ لفظ بھی استعمال کیا تھا ۔ اس سوال جہاں موقع پر موجود صحافی نے سخت برہمی کا اظہار کیاتھا وہیںاب کیلاش ورجے ورگیہ کے خلاف احتجاج شدید ہوگیا ہے اوران کے استعفے کا مطالبہ کیاجارہا ہے۔یوتھ کانگریس کے کارکنان مسلسل۲؍دن سے کیلاش وجے ورگیہ کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ جمعہ کو بھوپال میںاحتجاج کیا گیاتھا جبکہ سنیچر کوبیتول اوردیگر شہروں میںکیاگیا۔
یہ بیان اور بھی متنازع ہو گیا کیونکہ یہ واقعہ ان کے حلقہ’ اندور-۱‘میں پیش آیا تھا اور ذمہ داری سے متعلق سوال پر ان کا غصہ واضح ہو گیا تھا۔ مسئلہ صرف گندے پانی تک محدود نہیں تھا۔ وزیر کے رویہ ناقابل قبول تھا ۔انہوں نے جس طرح بات کی وہ میڈیا کے ساتھ ا ن کے غیر مہذب سلوک اور طاقت کے گھمنڈ کی علامت بن گیا ۔ کانگریس پارٹی نے اس کی بنیاد پر ان کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے، جب کہ بی جے پی اسے ذاتی تناؤ بتا رہی ہے۔ یہ واقعہ نہ صرف انتظامی غفلت کو عیاں کرتا ہے بلکہ عوامی نمائندوں کی حساسیت پر بھی سوال اٹھاتا ہے۔
کانگریس کے ریاستی صدر جیتو پٹواری نے وزیر پر حملہ کرتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کیا۔ انہوں نے کہا کہ زہریلے پانی کی وجہ سے اموات ہو رہی ہیں لیکن بی جے پی لیڈران تکبر کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ پٹواری نے وزیر اعلیٰ پر زور دیا کہ وہ اخلاقی بنیادوں پر وجے ورگیہ کو استعفیٰ دینے کیلئے کہیں ۔ اپوزیشن کا استدلال ہے کہ وزیر کا طرز عمل عوام کی تکالیف کو نظر انداز کرنے والا ہے اور مقامی ایم ایل اے کی حیثیت سے وہ براہ راست ذمہ دار ہیں ۔ یہ مطالبہ اس لیے مضبوط ہوا ہے کہ اندور بی جے پی کا گڑھ ہے اور سوچھتا میں پہلے نمبر پر ہے لیکن اسی شہر میںانتظامیہ کی جانب سے سنگین لا پروائی سامنے آئی ہے۔
یوتھ کانگریس نے وزیر وجے ورگیہ کا پتلا جلایا
مدھیہ پردیش کے اندور میں آلودہ پینے کے پانی سے ہونے والی اموات پر یوتھ کانگریس نے بیتول میں پرتشدد احتجاج کیا۔ مظاہرین نے وزیر کیلاش وجے ورگیہ کا پتلا جلایا اور وزیراعلی سے ان کے فوری استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔ یوتھ کانگریس کے کارکنان گنج میں ضلع کانگریس دفتر میں جمع ہوئے، جہاں سے انہوں نے آٹو چوک تک مارچ کیا۔ ریلی کے دوران کارکنوں نے شدید نعرے بازی کی اور حکومت کو بے حس قرار دیا۔ انہوں نے وزیر کا پتلا بھی نذر آتش کیا۔ یوتھ کانگریس کے ضلع صدر سنجے سردار یادو نے کہا کہ بھاگیرتھ پورہ حادثے کے بعد جب صحافیوں نے وزیر کیلاش وجے ورگیہ سے سوالات پوچھے جس میں۱۵؍ لوگوں کی جانیں گئیں تو انہوں نے تمام حدیں پار کر دیں اور ناشائستہ زبان استعمال کی۔ اس سے نہ صرف صحافیوں کی توہین ہوئی بلکہ متوفیوں کے اہل خانہ کے تئیں بھی بے حسی کا مظاہرہ ہوا۔ ایسے وزیر کو حکومت میں رہنے کا کوئی اخلاقی حق نہیں اور انہیں فوری طور پر عہدے سے ہٹا دیا جائے۔ پتلا جلانے کے دوران صورتحال پر قابو پانے کے لیے جائے وقوعہ پر موجود پولیس اہلکاروں نے آگ بجھانے کے لیے پانی ڈالا تاہم کارکنان نعرے بازی کرتے رہے۔ آٹو چوک پر کچھ دیر تک کشیدگی کا ماحول رہا۔