یوتھ کانگریس نے جنتر منتر پر احتجاج کیلئے ۲۰؍ دن کی اجازت مانگی، سی جے پی نےممبئی سے آندولن کا اعلان کیا، ۳۰؍ ستمبر کو انڈیا اتحاد کی میٹنگ، ممتا بنرجی بھی سرگرم۔
EPAPER
Updated: September 27, 2026, 10:08 AM IST | New Delhi
یوتھ کانگریس نے جنتر منتر پر احتجاج کیلئے ۲۰؍ دن کی اجازت مانگی، سی جے پی نےممبئی سے آندولن کا اعلان کیا، ۳۰؍ ستمبر کو انڈیا اتحاد کی میٹنگ، ممتا بنرجی بھی سرگرم۔
انتخابی کمیشن سے متعلق مختلف مسائل، چیف الیکشن کمشنر کی من مانی اور ایس آئی آر کے پورے عمل کو مشکوک بتاتے ہوئے پورا اپوزیشن گیانیش کمار کے خلاف متحد ہو گیا ہے۔ اس نے مشترکہ طور پر الیکشن کمیشن کے خلاف میدان میں اترنے کا اعلان کردیا ہے۔ اتنا ہی گیانیش کمار کےخلاف احتجاج کی بھرپور تیاریاں ہو رہی ہیں۔ گزشتہ روز یوتھ کانگریس کی جانب سےملک گیر احتجاج کیا گیا۔ ساتھ ہی یوتھ کانگریس نے نئی دہلی کے جنتر منتر پر دھرنا و احتجاج کے لئے دہلی پولیس سے اجازت طلب کی ہے۔ یوتھ کانگریس کے لیگل ڈپارٹمنٹ کے قومی کوآرڈی نیٹر ایڈوکیٹ چتون گودارا نے ۲۵؍ ستمبر کو دہلی پولیس کے ڈی سی پی کو خط ارسال کرکے مجوزہ احتجاج کی اطلاع دی ہے۔ یوتھ کانگریس کے مطابق یہ دھرنا ۲۶؍ ستمبر سے ۱۵؍ اکتوبر تک جاری رہے گا۔ تنظیم نے پولیس کو دی گئی اطلاع میں بتایا ہے کہ احتجاج میں تقریباً ۱۰۰؍ سے ۱۵۰؍ افراد کے شریک ہونے کا امکان ہے۔ اس مظاہرے میں نوجوانوں، طلبہ اور کارکنوں کی شرکت متوقع ہے۔ تنظیم نے پولیس کو یقین دہانی کرائی ہے کہ احتجاج پرامن طریقے سے کیا جائے گا اور اس دوران کسی بھی قسم کے ہتھیار یا ممنوعہ اشیا کا استعمال نہیں ہوگا۔ یوتھ کانگریس نے یہ بھی یقین دلایا ہے کہ مظاہرے کے سبب سڑک، فٹ پاتھ یا ہنگامی راستوں میں جان بوجھ کر کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہیں کی جائے گی۔ بھیڑ کو منظم رکھنے کے لئے رضاکاروں اور مارشلز کی تعیناتی بھی کی جائے گی۔
دوسری جانب، چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف کانگریس نے جمعہ کو ملک گیر احتجاج کیا۔ کانگریس کی ریاستی اکائیوں نے لکھنؤ، چندی گڑھ، دہلی، مدھیہ پردیش، بنگال، راجستھان اور کرناٹک سمیت کئی ریاستوں میں مظاہرہ کئے۔ احتجاج کے دوران مظاہرین نے چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ کیا اور انتخابی کمیشن کے کام کاج سے متعلق لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا۔ کانگریس کارکنوں اور مظاہرین نے ووٹر لسٹ کی خصوصی جامع نظرثانی کے عمل پر بھی سوالات اٹھائے اور اسے رَد کرنے کا مطالبہ کیا۔
یہ بھی پڑھئے: بی جے پی نے گزشتہ انتخابی چکر میں۵۲۹؍ کروڑ روپے خرچ کیے، صرف بنگال پر۵۴؍ فیصد
سی جے پی کا ۲؍ اکتوبر سے احتجاج
چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کے مطالبے پرکاکروچ جنتا پارٹی نے ملک گیر احتجاج شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تنظیم کے بانی ابھجیت دِپکے نے کہا کہ اگر گیانیش کمار نے استعفیٰ نہیں دیا تو سی جے پی ۲؍اکتوبر یعنی گاندھی جینتی کے موقع پر ممبئی سے ملک گیر احتجاج شروع کرے گی اور اسے ملک کے مختلف شہروں تک لے جایا جائے گا۔ ابھجیت دپکے نے گاندھی جینتی کے موقع پر جمہوریت کے تحفظ کا عہد کرنے کی اپیل بھی کی۔ ساتھ ہی انہوں نے واضح کردیا کہ احتجاج بھلے ہی ممبئی سے شروع کیا جائے گا لیکن جین زی کو جنتر منتر تک پہنچنے میں بالکل بھی دیر نہیں لگے گی۔ یاد رہے کہ سی جے پی نے سی ای سی گیانیش کمار کو استعفیٰ دینے کیلئے ۴۸؍ گھنٹے کا الٹی میٹم دیا تھا جو سنیچر کی شام ختم ہو گیا۔ اس کےبعد پارٹی نے یہ اعلان کیا ہے۔