Inquilab Logo Happiest Places to Work

دہلی، یوپی اور بہار میں شدید گرمی، اتراکھنڈ میں بارش اور برف باری کے آثار

Updated: April 24, 2026, 1:03 PM IST | Mumbai

یوپی کے کئی اضلاع میں درجہ حرارت۴۵؍ ڈگری،تلنگانہ میں آئندہ۲۴؍گھنٹوں میں آندھی اور طوفان کا امکان،دہلی میں فی الحال گرمی سے راحت نہیں۔

A deer drinks water at Delhi`s Zoological Park. Photo: INN
دہلی کے زولوجیکل پارک میں ہرن پانی پی رہا ہے۔ تصویر: آئی این این

دہلی-این سی آر میں گرمی کی شدت لگاتار بڑھ رہی ہے۔ سورج کی تپش سے لوگ بے حال ہو رہے ہیں۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۴۲؍ ڈگری سلسیس تک پہنچ گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے اگلے۲؍دنوں یعنی۲۴؍ اور۲۵؍ اپریل تک ہیٹ ویو (گرم لہر) کا الرٹ جاری کیا ہے، یعنی موسم صاف رہے گا اور دن میں تیز دھوپ رہے گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ اور سنیچر کو دہلی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۴۲؍ ڈگری سلسیس اور کم سے کم درجہ ٔ  حرارت۲۴؍ ڈگری سلسیس رہنے کا  امکان ہے۔ ۲۶؍، ۲۷؍ اور۲۸؍ اپریل کو ہلکے بادل چھائے رہ سکتےہیں اور ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔ اتر پردیش میں بھی شدید گرمی پڑ رہی ہے ۔ کئی اضلاع میں درجہ حرارت۴۵؍ ڈگری سلسیس تک پہنچ گیا ہے ۔۲۴؍ سے ۲۶؍ اپریل تک ریاست کے بیشتر اضلاع میںہیٹ ویو کا الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔ ۲۷؍ اپریل کو ہلکی بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔بہار میں بھی حالات دہلی اور اتر پردیش کی طرح شدید گرم ہی ہیں ۔ بدھ کے روز پٹنہ سمیت کئی اضلاع میں درجہ حرارت ۴۰؍ ڈگری سلسیس سے اوپر رہامگر آئی ایم ڈی کے مطابق ۲۴؍ اپریل کو ریاست کے کئی اضلاع میں موسم بدل سکتا ہے اور آندھی اور بارش کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھئے: مراٹھی زبان کے تنازع پر ایڈوکیٹ سداورتے اور ایم این ایس کارکنان میں تصادم

دوسری طرف مدھیہ پردیش میں جھلسا دینے والی گرمی سے فی الحال راحت ملتی ہوئی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ بدھ کو کھجوراہو کا درجہ حرارت۴۳؍ ڈگری درج کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے بھوپال سمیت۱۰؍ اضلاع میں لو چلنے کا الرٹ جاری کیا ہے۔اگلے دودن کچھ ضلعوں میں بوندا باندی کے آثار ضرور ہیں لیکن گرمی سے راحت ملنے کی امید نہیں ہے۔ راجستھان کے کئی ضلعوں میں ۲۳؍ سے ۲۵؍ اپریل تک ہیٹ ویو سے متعلق یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس دوران  فعال مغربی طوفان کے سبب اتراکھنڈ میں موسم کا مزاج بدل سکتا ہے ۔ آئی ایم ڈی کے مطابق۲۴؍ اپریل کو اترکاشی، چمولی سمیت کئی اضلاع میں بارش اور برف باری کا امکان ہے ۔ ۲۶؍ اپریل کو بھی بارش کے آثار ہیں ۔ تلنگانہ کے کئی اضلاع میں آئندہ ۲۴؍ گھنٹوں میںگھن گرج کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے اورآندھی  اور طوفان کے امکانات بھی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK