Inquilab Logo Happiest Places to Work

ادھو ٹھاکرے کا سونم وانگ چک کی حمایت کا اعلان

Updated: July 14, 2026, 7:51 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ملک کی سبھی اپوزیشن پارٹیوں کو اپیل کی کہ وہ بھی کروچ جنتا پارٹی کی حمایت اور پر پیپر لیک کے خلاف جگہ جگہ احتجاج کرے

Uddhav Thackeray and Sanjay Raut during a press conference (Photo: PTI)
ادھو ٹھاکرے اور سنجے رائوت پریس کانفرنس کے دوران ( تصویر : پی ٹی آئی)

شیو سینا(ادھو) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے پیر کو کہا ہے کہ دہلی میں کاکروچ جنتا پارٹی(سی جے پی) کے بانی ابھیجیت ڈپکے اور معروف سماجی خدمتگار سونم وانگ چک کے احتجاج کی حمایت کی جس میں ’نیٹ۔یو جی‘پیپر لیک سمیت امتحانی بے ضابطگیوں پر مرکزی وزیر تعلیم درمیندر پردھان سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا گیا۔ ادھو ٹھاکر ے نے کہا کہ یہ معاملہ ملک کے نوجوانوں کے مستقبل سے جڑا ہوا ہے اس لئے لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور اپوزیشن کی سبھی جماعتوں سے بھی احتجاج کی حمایت کرنا چاہئے۔انہوں نے یہ بھی اپیل کی کہ اپوزیشن پارٹیاں اپنی اپنی سطح پر ملک بھر میں احتجاج کریں۔
 ٹھاکرے نے کہا کہ سبھی پارٹیوںکو سی جے پی کے احتجاج کی ’’بغیر کسی سیاسی جھنڈے کے‘‘حمایت کرنا چاہئے۔مرکزی حکومت پارٹیوں کو پھوڑنے اور مندر کے چندہ لوٹنے میں لگی ہوئی ہے۔ اسے پیپر لیک ہونے او ر اس سے دلبرداشتہ طلبہ کی خود کشی سے کوئی فرق نہیں پڑ رہا ہے۔ لہٰذا مغربی بنگال کی سابق وزیر اعلیٰ ممتا بینر جی کو مغربی بنگال، اکلیش یادو کو اتر پردیش اور اسی طرح دیگر ریاستوں کی اپوزیشن پارٹیوں کو اپنے اپنے طور پر احتجاج کرنا چاہئے اور ملک کو جگانا چاہئے۔اتنا ہی نہیںبی جے پی اور ا س کی حمایتی پارٹیاں جو یہ سمجھتی ہے کہ طلبہ کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ ہو رہا ہے انہیں بھی اس تحریک کا حصہ بننا چاہئے۔
مرکزی حکومت پیپر لیک کے خلاف احتجاج سے غیر حساس
 باندرہ کے کلا نگر علاقے میں واقع ذاتی رہائش گاہ ماتوشری پیرکو منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےمہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ’’آج میں کاکروچ جنتا پارٹی  کے بانی ابھیجیت ڈپکے اور سونم وانگ چک کے احتجاج کی مکمل حمایت کا اعلان کرتا ہوں۔‘‘ انہوںنے سماجی کارکن سونم وانگ چک سے اپیل کی، جن کی طلبہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئےبھوک ہڑتال پیر کو۱۶؍ویں دن میں داخل ہو گئی، اپنا احتجاج ختم کردے کیونکہ ان کی جان قیمتی ہے۔شیو سینا ( ادھو) کے سربراہ نے مرکزی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ وانگ چک کے احتجاج کے بارے میں غیر حساس دکھائی دیتا ہے۔پریس کانفرنس میں رکن پارلیمان سجے راؤت اور اروند ساونت بھی موجود تھے۔
 واضح رہے کہ کاکروچ جنتا پارٹی کا نئی دہلی کے جنتر منتر پر نیٹ اور دیگر امتحان میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج۲۴؍دنوں سے جاری ہے۔ماہر تعلیم اورسماجی کارکن وانگ چک(۵۹) اس احتجاج میں ۲۸جون کو شامل ہوئے اورسی جے پی کی تحریک کی حمایت میں سائٹ پر غیر معینہ مدت تک بھوک ہڑتال شروع کی۔
 سی جے پی مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ اور مئی میںنیٹ پیپر لیک ہونے کے بعد سے خودکشی کرنے والے طلبہ کے اہل خانہ کیلئے ایک کروڑ روپے معاوضہ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ سی جے پی ،جس کا احتجاج۲۰؍ جون کو شروع ہوا، نے پیر کو کہا کہ وانگ چک نے اپنی غیر معینہ بھوک ہڑتال کے بعد سے۲ء۸؍ کلو وزن کم کیا ہے اور ان کے خون میں گلوکوز کی سطح گر گئی ہے۔ ابھیجیت ڈپکے کی طرف سے قائم کردہ نئی تنظیم نے مانسون سیشن کے پہلے دن ۲۰؍جولائی کو پارلیمنٹ کی طرف مارچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK