Inquilab Logo

امریکہ: وسط مدتی انتخابات کی مہم میں شدت

Updated: November 07, 2022, 1:51 PM IST | Agency | Washington

انتخابات سے دوروز قبل حکمراں جماعت ڈیموکریٹک پارٹی نے ایڑی چوٹی کا زور لگایا ، امریکی صد ر جوبائیڈن اور سابق امریکی صدر بارک اوبامہ نے وسط مدتی انتخابات کی مہم میں شرکت کی ۔ ڈونالڈ ٹرمپ کیلئے بھی یہ الیکشن انتہائی اہم ہے

Election campaign of US President Joe Biden and former US President Barack Obama in Philadelphia. .Picture:INN
فلا ڈیلفیا میںامریکی صد ر جوبائیڈن اور سابق امریکی صدر بارک اوبامہ کی انتخابی مہم۔ ۔ تصویر:آئی این این

 امریکہ کی دو اہم جماعتیں  وسط  مدتی انتخابات کی مہم میں مصروف ہیں۔   انتخابات سے چند روز پہلے اہم لیڈروں نے انتخابی مہم میں حصہ لیا جن میں   ڈیموکریٹک پارٹی کے  لیڈر امریکی صد ر جوبائیڈن اور سابق امریکی صدر بارک اوبامہ  جبکہ ریپبلکن پارٹی کے  سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ شامل ہیں۔   میڈیارپورٹس کے مطابق  سنیچر کو امریکی صد ر جوبائیڈن اور سابق امریکی صدر بارک اوبامہ نے فلا ڈیلفیا میں انتخابی مہم حصہ لیا ۔ اس موقع پرسابق امریکی صدر بار ک اوبامہ نے ملک کی ترقی کیلئے جو بائیڈن اور حکمراں جماعت ڈیمو کریٹک کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔ قبل ازیں  ریپبلکن پارٹی کے ڈونالڈ ٹرمپ اوردیگر لیڈروں نے مہم میں حصہ لیا  اوراپنے امیدواروں کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔   میڈیارپورٹس کے مطابق  امریکہ میں۸؍ نومبر کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات کیلئے انتخابی مہم جاری ہے۔ حکمراں جماعت ڈیموکریٹس اور حزب اختلاف ری پبلکنز کے درمیان۶؍ ریاستوں میں سخت مقابلہ متوقع ہے۔وسط مدتی انتخابات کیلئے کئی ریاستوں میں پہلے ہی ریکارڈ تعداد میں لوگ پوسٹل بیلٹ یا ای میل کے ذریعے اپنا ووٹ ڈال چکے ہیں۔
 سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کیلئے بھی  یہ انتخابات  اہم ہیں۔ دوبارہ صدارتی  امیدوار بننے کے خواہشمند ڈونالڈ ٹرمپ نے اس انتخاب میں کچھ ایسے امیدواروں کی توثیق کی ہے جس کی ری پبلکنز نے مخالفت کی ہے۔  ایسے میں اگر ایسی شخصیات کو عوام نے منتخب کرلیا تو ری پبلکن پارٹی پر ڈونالڈ ٹرمپ کی نہ صرف گرفت مضبوط ہوگی بلکہ ٹرمپ کے دوبارہ صدارتی امیدوار بننے کا امکان بھی بڑھ جائے گا۔ماہرین کے مطابق۶؍ ریاستوں ایریزونا، جارجیا، مشی گن، پنسلوینیا، وسکونسن اور نیواڈا میں سخت مقابلہ متوقع ہے۔حکمراں ڈیموکریٹس کو دونوں ایوانوں میں برتری حاصل ہے لیکن کسی بھی ایک ایوان میں اکثریت سے محرومی کی صورت میں امریکی صدر بائیڈن کیلئے قانون سازی مشکل ہوجائے گی۔ رائے دہندگان کیلئے اہم ترین  مسائل میں مہنگائی، اسقاط حمل کے حقوق، تعلیم اور ماحولیاتی آلودگی   شامل ہے۔ وسط مدتی انتخابات میں ایوان نمائندگان کی تمام یعنی۴۳۵؍ نشستوں  جبکہ سو رکنی سینیٹ کی ایک تہائی یعنی۳۵؍ نشستوں  کیلئے انتخاب ہوگا۔اس دوران۵۰؍ ریاستوں اور ڈسٹرکٹ آف کولمبیا پر مشتمل امریکہ میں۳۶؍ گورنروں کو بھی منتخب کیا جائے گا۔اس وقت ۲۷؍ ریاستوں میں ریپبلکنز جبکہ ۲۳؍پر ڈیموکریٹک گورنر  ہیں۔ ساتھ ہی کونسلر،  میئر، اٹارینی ، جج ،بورڈ اراکین  اور درجنوں دیگر اہم عہدوں کیلئے بھی انتخاب ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK