مالونی میں سی پی آئی اوردیگر تنظیموں کی جانب سے مورچہ نکال کر’’ووٹ چور گدی چھوڑ‘‘کا نعرہ بلند کیا گیا،ایک نمبرفائربریگیڈ تک مورچہ نکالا گیا۔
EPAPER
Updated: October 14, 2026, 2:22 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
مالونی میں سی پی آئی اوردیگر تنظیموں کی جانب سے مورچہ نکال کر’’ووٹ چور گدی چھوڑ‘‘کا نعرہ بلند کیا گیا،ایک نمبرفائربریگیڈ تک مورچہ نکالا گیا۔
ایس آئی آر رَد کرو، ۱۳؍ کروڑ ووٹروں کے ووٹ کا حق چھیننے والے گیانیش کمار کو گرفتار کرو اور ووٹ چور گدی چھوڑکا نعرہ بلند کیا گیا ۔سی پی آئی کی مقامی یونٹ اوردیگرتنظیموں کی جانب سےایک نمبرفائربریگیڈ تک مورچہ نکالا گیا۔ مظاہرین بڑا بینر اٹھائے ہوئےتھے جس پر ووٹ چوری ،پہلے کی تھی نوٹ بندی اب کررہے ہیں ووٹ بندی، نعرہ لکھا ہوا تھا۔ اس موقع پر ابراہم تھامس ، رئیس شیخ، لارزی ورگیس، ورنگنا سالوے، نثار علی اور ایڈوکیٹ سعید شیخ نے اظہار خیال کیا۔
ان حضرات نےووٹ چوری ، شہریوں کے ووٹ کا بنیادی حق چھیننے ، فارم ۶؍میں من مانے ڈھنگ سے تبدیلی کرنے اورفرضی طریقے سے ووٹ کاٹنے پر سخت ناراضگی کااظہار کیا۔
یہ بھی پڑھئے: ’’اُردو مرکز کو اردو زبان و ادب اور نئی نسل کی تربیت کا ایک فعال مرکزبنایا جائے‘‘
ان سب کایہی مطالبہ تھا کہ گیانیش کمار کی گرفتاری عمل میں لائی جائےاور اس پورے معاملے کی باریکی سے تفتیش کی جائے تاکہ اس کی مزیدپرتیں کھلیں اوریہ واضح ہوسکے کہ اس کا ماسٹر مائنڈ کون تھا؟
ان حضرات کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’’ہم یہ مانتے ہیں کہ گیانیش کمار چھوٹی مچھلی ہیں، وہ اپنی مرضی سے اتنابڑا قدم کسی صورت نہیں اٹھا سکتے، ان کوکس نے اختیاردیا ، کون ان کی پشت پناہی کررہاتھا اور اتنی شدت سے مخالفت کے باوجود کس طرح غلط طریقے سے ایس آئی آر کا عمل آج بھی جاری ہے، یہ سب کچھ واضح کیاجانا ضروری ہے۔ ‘‘مذکورہ مقررین کاانتباہ دیتے ہوئے یہ بھی کہنا تھا کہ ’’ یہ آخری مورچہ نہیںہے بلکہ جب تک عام آدمی کےووٹ کے حقوق کےتحفظ کی ضمانت نہیں مل جاتی ، ہم سب وقفے وقفے سے اس کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔‘‘