راجستھان کے وزیر اعلیٰ کے مطابق سرمایہ کاروں کو دھیان میں رکھتے ہوئے ہی کئی اہم پالیسیاں بنائی گئی ہیں۔
وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما۔ تصویر: آئی این این
راجستھان کے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت سرمایہ کاروں کی ضروریات اور سہولتوں کو مرکز میں رکھ کر پالیسیاں تشکیل دے رہی ہے۔ اسی سلسلے میں راجستھان گلوبل کپیبیلٹی سینٹر پالیسی، راجستھان ڈیٹا سینٹر پالیسی اور راجستھان اے آئی یم ایل پالیسی جیسی اہم پالیسیاں نافذ کی گئی ہیں، جو ریاست کو انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے شعبے میں ایک بڑا مرکز بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔
وزیر اعلیٰ نے راجستھان ڈیجی فیسٹ ٹائی گلوبل سمٹ میں مدعو کمپنیوں کے نمائندہ وفد سے گفتگو میں کہا کہ راجستھان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ امکانات موجود ہیں۔ رائزنگ راجستھان گلوبل انویسٹمنٹ سمٹ میں طے پانے والے ۳۵؍ لاکھ کروڑ روپے کے ایم او یو میں سے ۸؍ لاکھ کروڑ روپے کے ایم او یو پر گراؤنڈ بریکنگ ہونا سرمایہ کاروں کے راجستھان پراعتماد کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کی قیمتی مٹی میں سرمایہ کاری سے روحانی اطمینان کا احساس بھی ہوتا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے سرمایہ کاروں سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں راجستھان آئیں، ریاستی حکومت ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ہم سب مل کر راجستھان کو ٹیکنالوجی اور اختراع کے میدان میں عالمی رہنما بنائیں گے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ سرمایہ کاروں سے مسلسل رابطہ رکھیں اور ان کے مشوروں اور ضروریات پر فوری عمل کریں۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت خواتین کی ترقی کے لیے پوری سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے راجیویکا کی خواتین کو اسٹارٹ اپس سے جوڑنے کی بھی ہدایت دی۔ س موقع پر چیف سیکریٹری وی سرینواس نے کہا کہ ریاست میں سازگار صنعتی ماحول تشکیل پا رہا ہے۔