Inquilab Logo Happiest Places to Work

دفتر پر حملہ ہوتے ہی راج ٹھاکرے کو چیلنج کرنے والے سرمایہ کار سشیل کیڈیا نے معافی مانگ لی

Updated: July 06, 2025, 1:13 AM IST | Mumbai

ایک روز قبل ایم این ایس سربراہ راج ٹھاکرے کو سوشل میڈیا پر چیلنج کرنے والے سرمایہ کار سشیل کیڈیا کے دفتر پر سنیچر کو ایم این ایس ورکروں نے حملہ کر دیا جسکے بعد کیڈیا نے ویڈیو جاری کرکے راج ٹھاکرے سے معافی مانگ لی۔

Police outside the office after the vandalism (PTI)
توڑ پھوڑ کے بعد دفتر کے باہر پولیس ( پی ٹی آئی)

ایک روز قبل ایم این ایس سربراہ راج ٹھاکرے کو سوشل میڈیا پر چیلنج کرنے والے سرمایہ کار سشیل کیڈیا کے دفتر پر سنیچر کو ایم این ایس ورکروں نے حملہ کر دیا جسکے بعد کیڈیا نے ویڈیو جاری کرکے راج ٹھاکرے سے معافی مانگ لی۔  انہوں نے اپنے بیان کو ’ ذہنی تنائو‘ میں دیا گیا بیان قرار دیا۔   
  یاد رہے کہ ایک غیر مراٹھی کاروباری کی ایم این ایس کارکنان  کے ہاتھوں پٹائی کے بعد ممبئی کے کاروباری طبقے میں ناراضگی پھیل گئی تھی  ۔ میرا بھائندر جہاں یہ واقعہ پیش آیا تھا، دکانداروں نے جمعہ کو وہاں کاروبار بند رکھا تھا۔ اسی دوران’ کیڈیانومکس‘ کے سربراہ سشیل کیڈیا نے ٹویٹ کرکے راج ٹھاکرے کو چیلنج کیا تھا کہ ’’ راج ٹھاکرے، یہ بات نوٹ کرلو کہ میں گزشتہ ۳۰؍ سال سے ممبئی میں رہتا ہوںلیکن مجھے ٹھیک سے مراٹھی بولنی نہیں آتی۔ کیونکہ میں نے یہ حلف اٹھایا ہے کہ جب تک تم جیسے لوگوں کو مراٹھی مانس کے تحفظ کے نام پر ناٹک کرنے کی اجازت ملتی رہے گی میں مراٹھی نہیں سیکھوں گا۔ ‘‘ ان کے اس بیان کے بعد ٹی وی چینلوں نے انہیں خوب تشہیر دی۔ انہوں نے  چینل پر بیٹھ کر بھی ایم این ایس سربراہ کو نشانہ بنایا۔ 
 سنیچر کوممبئی کے  ورلی علاقے  میں ادھو اور راج کا مشترکہ پروگرام تھا جہاں دونوں بھائی تقریباً ۲؍ دہائی بعد ایک اسٹیج پر نظر آئے۔  اس  سے قبل ایم این ایس ورکروں نے سشیل کیڈیا کے دفتر پر حملہ کر دیا اور وہاں توڑ پھوڑ مچائی۔ اتفاق سے کیڈیا کا دفتر بھی ورلی ہی میں ہے۔  اس کے بعد سشیل کیڈیا نے ایک ویڈیو جاری کیا اور باقاعدہ راج ٹھاکرے سے معافی مانگی ، ساتھ ہی ان کی تعریف بھی کی۔ 
 کیڈیا اپنے نئے ویڈیو میں کہتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں ’’  میں نے ذہنی تنائو میں آکر ایک غلط ٹویٹ کر دیا تھا جس کا غلط مطلب نکالا گیا ۔ مراٹھی نہ جاننے والے افراد پر ہونے والے تشدد سے جو صورتحال  پیدا ہوئی اس   کے دبائو میں آکر میں نے یہ  ٹویٹ کر دیا تھا۔  مجھے معلوم تھا کہ مجھے اپنا بیان واپس لینا پڑے گا اور میں یہ بیان واپس لیتا ہوں۔‘‘ کیڈیا کے مطابق ’’یہ بات سچ ہے کہ گزشتہ ۳۰؍ سال سے ممبئی  میں ہونے کے باوجود میں مراٹھی پر اتنا عبور یا مہارت حاصل نہیں کر پایا جتنا کہ مقامی باشندوں کو ہوتی ہے۔  اسلئے بھی مراٹھی بولنے سے ڈر لگتا ہے کہ کہیں غلط مراٹھی بولنے پر کوئی تنازع نہ پیدا ہو جائے۔‘‘   انہوں نے راج ٹھاکرے کی یہ کہتے ہوئے تعریف کی کہ ’’ وہ ایک ہیرو کی طرح ہیں او ر عوامی مسائل پر آواز اٹھاتے رہتے ہیں۔  میں ان کے لاکھوں فالوورس  میں سے ایک ہوں لیکن جب اپنے ہی لوگ اپنوں پر حملہ کرتے ہیں تو میں پریشان ہو جاتا ہوں۔‘‘ کیڈیا کا کہنا ہے کہ ’’  میں ان کا شکر گزار رہوں گا اگر وہ ماحول کو پُر امن بنانے اور مراٹھی کو بہ آسانی قبول کرنے کو یقینی بنانے کی کوشش کریں۔‘‘   یاد رہے کہ ٹی وی پر بیٹھ کر کیڈیا نے مراٹھی اور غیر مراٹھی کے معاملے کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی بھی کوشش کی تھی  اورراج ٹھاکرے کیلئے تضحیک آمیز لہجہ استعمال کیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK